عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کو لاحق خطرات کے حوالے سے اقدامات اٹھائے

(جنیوا۔نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 60ویں اجلاس کے موقع پر ڈاکٹر شگفتہ اشرف اور سیدہ تحریم بخاری کی خصوصی نمائندہ، ڈاکٹر البرٹ سے ملاقات میں مطالبہ
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (UNHRC) کے 60ویں اجلاس کے موقع پر کشمیری وفد ڈاکٹر شگفتہ اشرف اور سیدہ طحریم بخاری نے خصوصی نمائندہ برائے حقوقِ مقامی اقوام، ڈاکٹر البرٹ کے بارومے سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں ڈاکٹر شگفتہ اشرف نے مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں خواتین کو درپیش سنگین انسانی حقوق کی پامالیوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کُنن پوشپورہ اجتماعی زیادتی اور شوپیان اجتماعی زیادتی و قتل جیسے دل دہلا دینے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کس طرح جنگی ہتھیار کے طور پر عصمت دری کا استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے ’’نیم بیواؤں‘‘ (Half-Widows) کے مسئلے کو بھی اُجاگر کیا جن کے شوہروں کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا، اور ان خواتین کو معاشی، سماجی اور نفسیاتی سطح پر سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ اس موقع پر سیدہ تحریم بخاری نے کشمیری خواتین کی جدوجہد اور مزاحمت کی علامت پروین آہنگر اور آسیہ اندرابی کے کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ یہ خواتین بھارتی ظلم و ستم کے باوجود انسانی وقار، اجتماعی یادداشت اور احتساب کے مطالبے کی علامت بنی ہوئی ہیں۔ دونوں خواتین نمائندگان نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے خواتین اور بچوں کو لاحق خطرات کے حوالے سے فوری عملی اقدامات اٹھانے چاہئیے۔
واپس کریں