
قابل صد احترام عہدیداران جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزاد جموں کشمیر ۔۔۔۔۔السلام علیکم!
امید ہے کہ آپ سب حضرات اپنی اپنی زمہ داریوں کو پورے خلوصِ کے ساتھ باحسن انداز میں نبھانے میں مصروف ہوں گے۔ عوامی حقوق کے لیے آپ سب کی کاوشیں نہ صرف لائق ستائش ہیں بلکہ تاریخ ساز بھی ہیں۔ اور عوامی حقوقِ کے لیے آپ کی جد وجہد بہت حد تک نامور کشمیری شاعر غلام احمد مہجور کے اس خواب کہ" ایک دن آئے گا کہ کشمیر ایشاء کو جگائے گا" کی عکاس ہیں۔ آپ کی پر خلوص کوششوں نے عوام میں حقوق کا شعور بہت حد تک بیدار کر دیا ہے لیکن اس شعور کو دیرپا اور مزید موثر بنانے کے لیے اس تحریک کے وسیع تر مفاد میں یہ بات از حد لازم ہو چکی ہے کہ چارٹر آف ڈیمانڈ کے حصول کی جدو جہد کے ساتھ ساتھ آپ لوگ آزاد کشمیر کے آمدہ الیکشن کے لیے صف بندی کریں، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آمدہ الیکشن میں اسمبلی کی تمام نشستوں پہ اپنے امیدوار کھڑے کریں اور لوگوں کو اس بات کے لیے قائل کریں کہ وہ صرف ان امیدواروں کی حمایت کریں اور ان کو ووٹ دے کر اسمبلی تک پہنچائیں جو عوامی ایکشن کمیٹی کے امیدوار ہوں۔جب تک عوامی ایکشن کمیٹی اسمبلی میں عوامی ووٹ سے قانون سازی کا اختیار حاصل نہیں کر لیتی اس وقت تک ان مطالبات کا حصول ممکن نہیں ہو گا اور یہی سب سے بہترین حل اور راستہ ہے۔
گذارش ہے کہ بے شک اپنا موجودہ احتجاج جاری رکھیں مگر اس پوائنٹ کو فوکس کریں یہی تمام مسائل کا دیرپا حل ہے۔ اور اگر اس طرف توجہ نہ دی گئی تو آمدہ الیکشن میں عوامی حقوق کے غاصب دوبارہ اقتدار پہ قابض ہو جاہیں گے۔ اگر ایسا ہو گیا تو جوائنٹ عوامی ایکشن کی یہ ساری محنت، قربانیاں اور جد وجہد رائیگاں چلی جائے گی۔ اس لیے خدا راہ اگر آپ لوگ اس مروجہ نظامِ حکومت و سیاست اور اس کے کل پرزوں سے نجات کے خواہاں ہیں اور اس عوام دشمن نظام کو بدل کر عوام دوست نظامِ وجود میں لانا چاہتے ہیں تو سیاسی صف بندی کیجئے ۔۔ابھی بہت وقت ہے اور اس وقت عوامی مزاج بھی اس تبدیلی کی قبولیت کے لیے تیار ہے۔ خدا راہ سوچیئے اور بروقت فیصلہ کیجئے ۔ یہ احتجاج ، یہ شٹر ڈاؤن ، یہ ہڑتالیں آخر کب تک ؟
شکریہ
آپ کا خیرخواہ :
دلاور خان(لالہ کشمیری)
نائب صدر جموں کشمیر لبریشن لیگ
واپس کریں