حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب کا اہتمام

لاہور(نامہ نگار)کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ تقریب سے سابق وزیر حکومت ناصر حسین ڈار، سابق مشیر صدر نصیب اللہ گردیزی، حریت رہنما انجینئرمشتاق محمود، سابق ایم ایل اے مولانا شفیع جوش، سابق ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹرفرزانہ نذیر،رہنما جموں وکشمیر وکلاء محاذ سید منظور گیلانی،فاروق راجہ ایڈووکیٹ، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ن لیگ آزاد کشمیر راجہ شیرزمان ایڈووکیٹ، انچارج سنٹر انعام الحسن کاشمیری، صدر ن لیگ آزادکشمیر لاہور ڈویژن راجہ شہزاد احمد، امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر لاہور ڈویژن حافظ مظہر جیلانی،رہنما پی ٹی آئی فاروق آزاد، عبدالعزیز شگری، عالمی سیاح مقصود چغتائی، پروفیسر مظہرعالم، علامہ مشتاق قادری، قاری خالد محمود، سابق وائس چیئرپرسن واسا نازیہ بٹ، نعیم بٹ، نذربھنڈر، مقبول اعوان، چودھری صدیق ودیگرنے خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی نظریہ الحاق پاکستان کے عظیم داعی تھے۔ وہ ساری زندگی مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی، پاکستان کے ساتھ اس کے الحاق اور تکمیل پاکستان کی جدوجہد میں مصروف رہے۔ وہ ہمیشہ کہتے تھے کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔ انھوں نے نے ایام اسیری میں ڈھائے جانے والے مظالم کے باوجود ہرقسم کی مراعات، پیشکشوں کو ٹھکراتے ہوئے صرف اور صرف پاکستان کے لیے اپنی زندگی کے قیمتی ترین ماہ وسال قربان کردیے۔انھوں نے ہر موقع پر جہادی میدان میں، مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی میں، مساجد میں یہاں تک کہ جب وہ جیل میں قید تھے تب بھی انھوں نے آزادی کی بات کی۔ سید علی شاہ گیلانی ؒ نے اگرچہ جوانوں کو آزادی کے لیے متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا لیکن اس کے باوجود و ہ نوجوانوں پر زور دیا کرتے تھے کہ انھیں جذباتی پن سے دور رہتے ہوئے تحریک حریت کے لیے منظم ہوکر کوششیں کرنی چاہئیں۔ ان کا موقف تھا کہ چونکہ ہمارے پاس وافر اسلحہ، گوریلا طاقت اور بھارتی فوج سے لڑنے کی صلاحیت نہیں اس لیے ہمیں ایک ایسے انداز میں اپنے مشن پر کاربند رہنا چاہیے کہ جس سے ہمارا جانی ومالی نقصان نہ ہو اور نہ قابض فوج کے پاس ہمیں نقصان پہنچانے کا کوئی بہانہ ہو۔ مقررین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے۔ اس کی کوشش ہے کہ وہ تحریک آزادی کو کچل ڈالے لیکن ناکامی اس کا مقدر ہے۔ حال ہی میں پاکستان نے جس طرح جنگ میں بھارت کو عبرتناک شکست دی ہے اس نے کشمیریوں کے حوصلے بلند کردیے ہیں۔ کشمیریوں کی آخری اور واحد منزل پاکستان ہے۔ وہ ہمیشہ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے رہے اور اسی مقصد کے لیے قربانیوں کی عظیم مثالیں پیش کررہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مقصودچغتائی نے قرارداد پیش کی جس میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مظلوم کشمیری عوام کے مطالبہ حق خودارادیت کو تسلیم کیاجائے۔ بعدازاں قاری خالد محمود نے سید علی شاہ گیلانی اور دیگر شہداء کشمیر کے بلندی درجات اور کشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔
واپس کریں