دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سبز ہلالی پرچم کی سربلندی
محمد ریاض ایڈووکیٹ
محمد ریاض ایڈووکیٹ
دنیا ہمیشہ بہادروں کی عزت کرتی ہے۔ جس کی تازہ ترین مثال مملکتِ پاکستان ہے۔ مئی کے مہینے میں بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی افواج نے جو کارنامہ سرانجام دیا، وہ محض ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ ایمان، حوصلے اور قربانی کا ایسا مظہر ہے جسے تاریخ ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ آپریشن بنیان المرصوص نے دنیا کو پیغام دیا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان نہ جھکنے والا ہے، نہ بکنے والا، اور نہ ہی کسی جارح قوت کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والا۔ دنیا کی تسلیم شدہ ساتویں ایٹمی طاقت کا سبز ہلالی پرچم آج پہلے سے کہیں زیادہ وقار اور آب و تاب کے ساتھ لہرا رہا ہے۔
بھارت نے جارحیت کا ارتکاب اس امید پر کیا کہ شاید پاکستان کو دباؤ میں لا کر اپنی مرضی مسلط کر دے گا۔ لیکن بھارتی پالیسی ساز یہ بھول گئے تھے کہ جس قوم نے قربانیوں کی بنیاد پر ملک حاصل کیا ہے وہ اپنی آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے پاکستان نے دشمن کو وہ منہ توڑ جواب دیا کہ آج بھارت اپنی عوام اور دنیا کے سامنے صفائیاں دینے پر مجبور ہے۔ وہی بھارت جو کل تک پاکستان کو سفارتی تنہائی کے طعنے دیتا تھا، آج خود عالمی سطح پر سبکی کا شکار ہے۔آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کی گواہی بار بار امرکی صدر ٹرمپ کو دینا پڑرہی ہے۔ کبھی کبھی تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے امریکی صدر پاکستانی ترجمان ہیں۔بھارت کے خواب چکناچور ہوئے، پروپیگنڈہ ناکام ہوا، اور بالآخر اسے اپنی ناکامی تسلیم کرنا پڑی۔ یہ سب اللہ کی نصرت اور پاکستان کے جوانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
پاکستانی افواج کی بہادری آج پوری دنیا پر آشکار ہے۔ ہمارے سپاہی اور افسر میدانِ جنگ میں محض ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور حب الوطنی سے لڑے۔ شہداء نے اپنے خون سے سرحدوں کو سینچا، اور زندہ غازیوں نے دنیا کو دکھا دیا کہ یہ قوم نہ گھبراتی ہے اور نہ پیچھے ہٹتی ہے۔ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند یہ فوج پاکستان کی اصل طاقت ہے۔
یہ کامیابی صرف جنگی میدان تک محدود نہیں رہی، سفارت کاری میں بھی پاکستان نے نئی فتوحات حاصل کیں۔ دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔مسلم ممالک خصوصا عرب ممالک پاکستان کو ہر فورم پر ساتھ رکھنے میں فخر محسوس کرتے دیکھائی دے رہے ہیں۔جس کی تازہ ترین مثال اقوام متحدہ میں امریکی صدر ٹرمپ کیساتھ مسلم ممالک بشمول پاکستان کی خصوصی ملاقات ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان امتِ مسلمہ کا اعتماد حاصل کیے ہوئے ہے۔ایران۔سعودیہ دہائیوں سے کشیدہ تعلقات کے باوجود پاکستانی سفارتکاری کی اس سے زیادہ اور کیا کامیابی ہوگی کہ ایرانی صدر بھی اقوام متحدہ میں پاک۔سعودیہ دفائی معاہدے کی تعریفیں کرتے دیکھائی دیئے۔ چین کے ساتھ تعلقات ہمیشہ کی طرح مستحکم ہیں اور سی پیک جیسے منصوبے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ امریکہ کے ساتھ روابط میں بھی بہتری آئی ہے، جو اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ خطے میں امن پاکستان کے بغیر ممکن نہیں۔ یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہ ہوگی کہ بنگلہ دیش سمیت سارک تنظیم کے تمام ممالک بھارت سے کنی کترارہے ہیں جبکہ پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات قائم ہوچکے ہیں۔ روس اور دیگر طاقتوں کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان عالمی سیاست میں ایک اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔ یوں بھارت کا پاکستان کی“سفارتی تنہائی”والا خواب ریزہ ریزہ ہو چکا ہے۔ بھارت آج اپنی عوام کو بہلانے کے لیے مختلف جواز پیش کر رہا ہے لیکن دنیا کے سامنے اس کی سبکی چھپی نہیں رہ سکی۔ عالمی میڈیا نے بھی تسلیم کیا کہ پاکستان نے جارحیت کے جواب میں صبر و حکمت کا مظاہرہ کیا۔ دشمن کی شکست اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ایٹمی پاکستان کسی کے دباؤ میں نہیں آ سکتا۔
پاکستان کا سبز ہلالی پرچم آج دنیا کے کونے کونے میں وقار کے ساتھ لہرا رہا ہے۔ یہ پرچم ہماری قربانیوں اور ہمارے ایمان کی علامت ہے۔ آپریشن بنیان المرصوص کے بعد اس کی چمک میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ یہ پرچم ہماری پہچان، ہماری طاقت اور ہماری عزت ہے، جو آئندہ نسلوں کو بھی حوصلہ دیتا رہے گا۔
اس وقت مملکت پاکستان کو کمزور معیشت، سیاسی عدم استحکام،مذہبی شدت پسندی،فتنہ الاخوارج ایسے مسائل کا سامنا ہے۔ ان شاء اللہ، ہم اس میں بھی سرخرو ہونگے۔ اب وقت ہے کہ ہم عسکری کامیابیوں کو قومی تعمیر میں ڈھالیں۔ دفاعی لحاظ سے مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیم، معیشت اور سائنس میں بھی ترقی ضروری ہے۔ اگر ہم اپنی ایٹمی ٹیکنالوجی کو توانائی، زراعت اور صنعت میں بروئے کار لائیں تو پاکستان جلد ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا ہو سکتا ہے۔
آپریشن بنیان المرصوص نے دنیا پر آشکار کر دیا کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے۔ ہماری افواج کی بہادری، قوم کا اتحاد اور ایٹمی صلاحیت اس بات کی ضمانت ہیں کہ کوئی دشمن ہمیں زیر نہیں کر سکتا۔ وہ بھارت جو ہمیں کل تک تنہائی کا طعنہ دیتا تھا، آج اپنی شکست پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ الحمدللہ، اللہ کے فضل اور اپنی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان آج سربلند ہے، اور ان شاء اللہ سبز ہلالی پرچم قیامت تک بلند و بالا رہے گا۔
واپس کریں