دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
فاطمہ اصغر۔ اب ہو گا کیا؟
No image ایک سینئر پولیس افسر کے گھر کام کرنے والی 13 سالہ فاطمہ اصغرکی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق جسمانی تشدد کے باعث بچی کے جسم میں شدید سوزش پیدا ہوئی، شدید چوٹوں اور سوزش سے بچی کے جسم میں خون کے لوتھڑے بن گئے، خون کے لوتھڑے بننے کے بعد بچی کو تھرومبو ایمبولزم کی کیفیت لاحق ہوئی۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے بچی پرتشدد میں استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈے برآمد کرلیے ہیں جب کہ گرفتار ملزم نے ملزمہ کے بچی پرتشدد سےمتعلق بھی بتادیا ہے۔یعنی کہ قتل کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے اور کسی بھی قسم کا شک و شبہ باقی نہیں رہا اور نہ ہی مذید کسی تفشیش کی ضرورت باقی ہے۔
اب یہیں سے اصل سوال شروع ہوتا ہے، کیا پاکستان کا نظام انصاف بااثر افراد کے خلاف کردار ادا کرے گا؟ کیا انصاف کی امید رکھنی چاہیےکیونکہ پاکستانی عوام نے ایسے درد ناک کئی کیس پہلے بھی دیکھے ہیں۔ رزقہ، طیبہ، زہرہ۔۔۔ نام بدلتے رہے ہیں جبکہ کہانی ایک ہی رہی۔ غریب گھر کی کم عمر بچی، بڑے گھر میں کام، تشدد، موت، پھر مقدمہ، میڈیا پر شور پھر آہستہ آہستہ خاموشی، صلح، ضمانت اور پھر سب بھول گئے۔
ملک پاکستان کے عوام پوچھتے ہیں اگر ملزم عام آدمی ہوتا تو کیا ہوتا؟ کیا اسے بھی اتنی ہی رعایت ملتی؟ کیا اس کیس کی تفتیش بھی اتنی ہی سست ہوتی؟لیکن اس بار ایک فرق ہے مذکورہ درد ناک کیس اسلام آباد پولیس لائنز میں ایک سینئر افسر کی رہائش گاہ پر ہوا ہے اور قانون یہ کہتا ہے کہ اسلام آباد میں 16 سال سے کم عمر بچے سے گھریلو کام کروانا ممنوع ہے۔ یعنی صرف تشدد ہی نہیں معصوم بچی سے کام کروانا بذات خود بھی ایک سنگین سوال ہے۔ اب انصاف کی امید رکھنی چاہیے یا نہیں؟
پوسٹ مارٹم رپورٹ موجود ہے، ایف آئی آر موجود ہے، میڈیا موجود ہے، عوام دیکھ رہے ہیں ہے۔
یہاں انصاف خود بخود نہیں ملتا مانگنا پڑتا ہے۔ اگر مذکورہ درد ناک کیس کو بھی دو چار دنوں بعد بھلا دیا تو یہ بھی پچھلے کیسوں کی طرح عدالتی فائلوں میں دب کر رہ جائے گا۔
اگر عوام پوچھتے رہیں سوال اٹھاتے رہیں کہ حتمی رپورٹ کہاں ہے، چالان کہاں ہے اور ٹرائل کہاں ہے تو شاید اس مرتبہ کچھ مختلف ہو۔
فاطمہ، اصغر کو انصاف ملے یا نہ ملے، یہ صرف ایک بچی کا معاملہ نہیں یہ اس نظام کا امتحان ہے کہ کیا اس ملک میں غریب کی بیٹی کی جان کی قیمت بھی اتنی ہی ہے جتنی کسی بڑے گھر کے بچے کی ہے؟
اگر مرتبہ بھی انصاف نہ ہوا، تو پھر ہر غریب باپ اپنی بیٹی کو کسی کے گھر کام پر بھیجتے ہوئے ڈرے گا اور ہر بااثر گھر کو یہ پیغام جائے گا کہ تم کچھ بھی کر لو تمہارا کچھ نہیں بگڑے گا اور اگر اس مرتبہ انصاف ہوا تو یہ صرف فاطمہ کی جیت نہیں ہوگی، یہ پاکستان کے ہر غریب بچے کی جیت ہوگی۔
واپس کریں