محمد ریاض ایڈووکیٹ
عمران خان اپنے دورِ اقتدار میں سیاسی مخالفین کے خلاف فرعونیت بھرا سخت لب و لہجہ اختیار کرنے اور انہیں پابندِ سلاسل کروانے میں پیش پیش رہے۔ ایک زمانہ تھا خان صاحب کے نزدیک مخالفین کی بیماری اور جیل کی مشکلات بیان کرنا صرف ڈرامہ بازی اور ہمدردری حاصل کرنے کا طریقہ ہے۔یہی نہیں بلکہ چن چن کر سیاسی مخالفین اور انکی فیملی ممبران اور خصوصا خواتین کو پابند سلاسل کیا۔کہتے تھے کہ نواز شریف کی جیل سے اے سی اور ٹی وی اترواؤں گا، کبھی کہتے تھے کہ زرداری جیل سے بچنے کے لئے بیمار ہوجاتا ہے۔وقت بھی کیا خوب پلٹا کھاتا ہے۔ آج وہی عمران خان اپنی صحت، علاج اور بنیادی سہولیات کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے گریہ کناں ہیں۔
مگر اقتدار کی تبدیلی نے انہیں بھی اسی صورت حال سے دوچار کر دیا جس کا سامنا کبھی ان کے سیاسی حریفوں کو تھا۔رواں ہفتے عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھ کر اپنی اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے فوری توجہ کی اپیل کی ہے۔ خط میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی دائیں آنکھ کی تقریباً 85 فیصد بینائی متاثر ہو چکی ہے، انہیں روزانہ 22 گھنٹے تنہائی میں رکھا جاتا ہے اور اہل خانہ، وکلا ء، کتابوں، ٹیلی ویژن اور بیٹوں سے ٹیلی فونک رابطے کی سہولت میسر نہیں۔ انہوں نے مناسب طبی معائنے اور اپنی اہلیہ کے آنکھوں کے علاج کے لیے بھی فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے ان الزامات کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کو جیل میں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، پمز میں ان کا طبی معائنہ بھی کیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان کی صحت تسلی بخش ہے۔یاد رہے، یہ چیف جسٹس صاحبان اور وفاقی آئینی عدالت وہی ہیں جنکو پی ٹی آئی لیڈرشپ 26ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم کی پیداوار قرار دیکر شدید تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے۔اس صورت حال میں ایک اہم سوال جنم لیتا ہے: کیا انسانی حقوق، طبی سہولیات اور اہل خانہ سے ملاقات کی اہمیت صرف اسی وقت محسوس ہوتی ہے جب انسان خود جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچ جائے؟ کیا یہی سہولیات سیاسی مخالفین کو فراہم کرنے کا مطالبہ بھی اسی شدت سے نہیں ہونا چاہیے تھا؟
خان صاحب! آپ نے اپنے دورِ حکومت میں نواز شریف، آصف زرداری اور شہباز شریف و دیگر کی بیماری اور علاج کے معاملے پر جو لب و لہجہ اختیار کیا، وہ سیاسی تاریخ کا حصہ ہے۔مقید افراد کا مذاق اڑوایا، ان پر سختیاں کروائیں، ان کی بیماری پر سوالات اٹھائے اور جیل کی سختیوں کو سیاسی مخالفین کا نصیب بنوایا۔ کلثوم نواز کی وفات والے دن جیل سپرنٹنڈنٹ آفس میں کھڑے نواز شریف کی افسردہ تصویر کو اپنے جلسوں کی زینت بنوا کر ٹھٹھہ اڑایا۔ اس وقت شاید آپ نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا کہ وقت ایک دن آپ کو بھی ایسی صورتحال سے دوچار کردے گا۔
عمران خان، جو اقتدار چھن جانے کے بعد ماتحت عدالتوں سے لیکر اعلی ترین عدلیہ اور انکے ججوں کے خلاف اپنی بھڑاس نکالتے رہے اور ججوں کو جانبدار قرار دیتے رہے اگر اس ادارے اور انکے ججوں کے خلاف سخت باتیں کرنے کے باوجود انہی ججوں کو اپنی دادرسی کے لئے خط لکھ سکتے ہیں تو آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کو خط لکھنے میں کیا قباحت ہے؟ اقتدار چھن جانے کے بعد خان صاحب اور انکی جماعت نے مولانا فضل الرحمنٰ سمیت ہر مخالف سیاستدان کی طرف محبت بڑھا ہاتھ بڑھایا، یہاں تک کہ محمود خان اچکزئی کو پارلیمانی اپوزیشن لیڈر بنا ڈالا۔ چونکہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، یہی دیکھ لیں کہ لاڑکانہ کی سڑکوں پر زرداری کا پیٹ پھاڑنے والے شہباز شریف آج ہنسی خوشی مل جل کر حکومت چلا رہے ہیں۔
خان صاحب، آپ کے پاس آج بھی موقع ہے کہ ماضی کی تلخیوں سے آگے بڑھ کر مفاہمت کی عملی مثال قائم کریں۔ دوسروں کے لیے وہی رویہ اختیار کریں جس کی توقع آج آپ اپنے لیے رکھتے ہیں۔ یاد رہے،اقتدار ہمیشہ نہیں رہتا۔ سدا بادشاہی میرے سوہنے رب ہی کی ہے۔ عہدے بدلتے رہتے ہیں اور وقت کسی کو ایک ہی مقام پر نہیں رکھتا۔ کل نواز شریف اور زرداری جیل میں تھے، آج آپ ہیں۔ کل حالات کسی اور کے لیے مختلف ہو سکتے ہیں۔ کاش خان صاحب، یہی خط آصف علی زرداری اور نواز شریف کے نام لکھ دیتے، جس میں ماضی میں ہونے والی زیادتیوں پر معافی نہیں تو شرمندگی کا ہی اظہار کردیتے تو مجھے پورا یقین ہے کہ یہ دونوں سینئر سیاستدان، عمران خان کے ظلم و ستم کو بھلا کر انہیں معاف کردیتے۔ تجویز ہے کہ عمران خان صاحب ایک خط نواز شریف اور آصف علی زرداری کے نام بھی ضرور لکھیں۔یقین مانیں یہ دونوں آپکو نہ صرف معاف کردیں گے بلکہ آپکو مشکلات کے بھنور سے نکلوا لنے میں مدد بھی فراہم کریں گے۔ مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ عمران خان کی تمام تر مشکلات کا حل نواز شریف اور زرداری کے پاس موجود ہے!
واپس کریں