دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
نئے صوبوں سے کیا حاصل ہو گا؟سید مجاہد علی
مہمان کالم
مہمان کالم
پاکستان میں نئے صوبے بنانے کی بحث کو ہر روز نیا رخ دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اور ہر آنے والے دن کے ساتھ کوئی نیا عہدیدار اس موضوع پر کسی خدائی فوجدار کی طرح ملک کے موجودہ چار صوبوں کو متعدد انتظامی یونٹس یا صوبوں میں تقسیم کرنے کے سوال پر دلائل کا انبار لگانے لگتا ہے۔ آج کل یہ کام وزیر دفاع خواجہ آصف کو سونپا گیا ہے۔ تاہم کوئی یہ بتانے کو تیار نہیں ہے کہ نئے صوبے بننے سے اس ملک کے عوام کو کیا حاصل ہو گا؟
یہ سوال پوچھنا یوں بھی ضروری ہو گیا ہے کہ نئے صوبوں کے بارے میں خبریں دینے اور تبصرے کرنے والے صحافی و تجزیہ نگاروں نے بھی کسی مرحلہ پر نہ تو یہ سوال اٹھانے کی ضرورت محسوس کی ہے اور نہ ہی کسی معتبر شخص سے اس کا سوال جاننے کی کوشش کی گئی ہے۔ اگر اس منصوبہ میں پاکستان کے عام لوگوں کی بھلائی کا کوئی پہلو ہی شامل نہیں ہے تو اس پر بحث کرنے اور اسے ملک و قوم کے لیے ’زندگی و موت‘ کا مسئلہ بنانے کا کیا فائدہ ہے؟ حیرت انگیز طور پر اس بحث کا آغاز بعض اخباری کالموں کے ذریعے ہوا تھا اور پھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ’نظام ڈھے‘ جانے کی بات کرتے ہوئے، یہ تاثر دیا کہ اس مقصد کے لیے ملک میں زیادہ انتظامی یونٹ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ حکومتی نظام موثر طور سے کام کرسکے۔ البتہ انہوں نے بھی پبلک پلیٹ فارمز پر اس دعوے کو دہراتے رہنے کے علاوہ کبھی یہ نہیں بتایا کہ یہ کام کرنے سے ملک کو کیا فائدہ ہو گا اور عوام کی اکثریت کو کیا خوشی میسر آ سکے گی۔
وزیر داخلہ کے بعد اب وزیر دفاع خواجہ آصف چند ہفتوں سے اس معاملہ میں نئے ترجمان بن کر سامنے آئے ہیں۔ خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی کے مقابلے میں تجربہ کار سیاست دان ہیں اور ایک بڑی پارٹی کے نمائندے بھی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اس وقت برسر اقتدار ہے اور خواجہ آصف کو پارٹی میں اہم لیڈر مانا جاتا ہے کیوں کہ ان کے شریف خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس معاملہ پر جلد ہی کوئی اتفاق رائے پیدا ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اتفاق رائے کے بعد سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو گا۔ انہوں نے یہ کہہ کر اپنا سیاسی وزن اس منصوبہ کے حق میں ڈالنے کی کوشش بھی کی ہے کہ ’نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام سے کسی کی سیاست کو خطرہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کے لیے خوش آئند پیش رفت ہوگی‘ ۔ لیکن ملک کی بہتری کی خوش خبری دیتے ہوئے خواجہ آصف نہ تو یہ بتاتے ہیں کہ اس سے ملک کے عام شہریوں کو کیا فائدہ ہو گا؟ ان کی آمدنی میں اضافہ ہو گا؟ اخراجات کم ہوجائیں گے؟ سرکاری سہولتیں دروازے پر ملنے لگیں گی؟ بیروزگاری کم ہو جائے گی؟ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے؟ یا یک بیک ملک میں دودھ شہد کی نہریں بہنے لگیں گی؟وزیر دفاع خواجہ آصف کی سادگی دیکھئے کہ وفاق میں اہم وزارت پر سرفراز ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے اہم لیڈر ہیں لیکن انہیں یہ معلوم نہیں کہ نئے انتظامی یونٹس یا صوبے بنانے کا طریقہ کار کیا ہو گا۔ البتہ انہوں نے یہ دعویٰ ضرور کیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے نئے صوبے بنانے کا کبھی نہیں کہا۔ خواجہ صاحب چونکہ وزیر دفاع ہیں اور آرمی چیف اپنے عہدے کے لحاظ سے ان کے ’ماتحت‘ ہیں، اس لیے یہ مان لینے میں مضائقہ نہیں ہونا چاہیے کہ اس بارے میں ان کی معلومات درست ہیں اور ملک میں زیادہ صوبے بنانے کا منصوبہ فوج یا اسٹیبلشمنٹ کی تجویز نہیں بلکہ ملک کی سیاسی قیادت ملکی نظام کی اصلاح کے لیے اس منصوبہ پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاہم تجربہ کار سیاست دان اور پارلیمنٹیرین کے طور پر انہیں دو سوالات کا جواب دینا چاہیے۔ ایک یہ کہ نئے صوبے بنانے سے عوام کا کیا فائدہ ہو گا اور اگر کسی منصوبہ کا مقصد عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا نہیں ہے تو اس موضوع پر مباحث کو اس تواتر سے پھیلانے کا اہتمام کیوں کیا جا رہا ہے؟ اس کے ساتھ ہی انہیں اس سوال کا جواب بھی دینا چاہیے کہ موجودہ صوبے تقسیم کر کے نئے صوبے بنانے کا تصور اگر سیاسی و انتظامی ضرورتوں کے تحت پیش کیا جا رہا ہے تو اس کے لیے سب سے پہلے وزیر داخلہ محسن نقوی کا انتخاب کیوں کیا گیا جو نہ تو سیاست دان ہیں اور نہ ہی وہ کسی سیاسی پارٹی کے رکن ہیں۔ بلکہ عام طور سے کہا جاتا ہے کہ وہ وفاقی کابینہ میں اسٹیبلشمنٹ کے ’کوٹہ‘ پر وزیر بنائے گئے ہیں۔
صوبوں یا انتظامی یونٹوں کے بارے میں خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’ملاقاتوں میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ سیاست ممکنات کا نام ہے۔ تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ کوئی حل نکل آئے گا۔ آئندہ چند ہفتوں میں تمام خدشات اتفاق رائے میں تبدیل ہوجائیں گے۔ اور نئے سال میں نیا نظام بھی آ سکتا ہے‘ ۔ وہ کہیں اور سنا کرے کوئی، کے مصداق خواجہ صاحب سے کون پوچھے کہ جس معاملہ پر کسی سیاسی پارٹی نے اپنے کسی فورم پر بحث کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی اور جس منصوبہ کو حکومت یا کسی سیاسی پارٹی یا رکن اسمبلی نے قومی اسمبلی یا سینیٹ میں پیش کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی، اس پر اتفاق رائے کے لیے کسے آمادہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے؟ پر اسرا سوالوں اور جوابوں کے درمیان عوام کو البتہ یہ پریشان کن پیغام ضرور دیا جا رہا ہے کہ حکمرانوں کو خود معلوم نہیں کہ انہیں کن سیاسی منصوبوں پر کس مقصد کے لیے کام کرنا چاہیے۔ لیکن حکومت کرنے کی ہوس میں طاقت کے ہر جھکڑ کے ساتھ ہلکورے کھانے پر آمادہ و تیار رہتے ہیں۔
یہی اس منصوبہ اور اس کے درپردہ عزائم کا المیہ ہے۔ ملک میں نئے صوبے ہونے چاہئیں یا نہیں کے معاملہ پر فکری، سیاسی، انتظامی اور سیاسی و سماجی پہلوؤں سے غور خوض کی ضرورت ہے۔ یہ کوئی ایسا معاملہ نہیں ہے جو چند ہفتوں یا مہینوں میں یا ایک پارٹی کے دور حکومت میں طے کر لیا جائے۔ اسی طرح یہ بھی کوئی مسلمہ اصول نہیں ہے کہ اگر ایک صوبے کی تقسیم ضروری ہے تو باقی تین صوبوں کو بھی اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی اور ان کے کچھ حصے کاٹ کر بھی علیحدہ صوبے بنائے جائیں گے۔ حیرت انگیز طور پر صوبوں کی بحث کے ذریعے کئی ماہ سے عوام کی توجہ اہم مسائل سے ہٹانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے لیکن نہ وزیر اعظم نے اس معاملہ پر لب کشائی کی ہے اور نہ ہی سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں نے اس سوال پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ضرور اس موضوع پر اپنی پارٹی کے تحفظات کا اظہار کیا ہے لیکن پیپلز پارٹی نے بھی اپنے کسی فورم پر اس موضوع پر رائے طلب نہیں کی اور نہ ہی پارلیمنٹ میں اسے پیش کر کے عام مباحثہ کا مطالبہ کیا ہے۔
اس پس منظر میں یہ معاملہ درحقیقت ماضی قریب میں اٹھارہویں ترمیم میں تبدیلی اور این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں کا حصہ کم کرنے جیسے معاملات سے جا ملتا ہے۔ اس وقت مرکزی حکومت کو سب سے بڑا مسئلہ قومی آمدنی کا بڑا حصہ صوبوں کو دینے کے بارے میں ہے۔ مرکز کو بیرونی قرضوں پر سود کے علاوہ ملک کے دفاعی اخراجات بھی برداشت کرنے پڑتے ہیں لیکن حکمران طبقے کی نالائقی اور سیاسی کمزوری کی وجہ سے ٹیکس نظام میں اصلاحات اور براہ راست ٹیکس لگانے یا نئے گروہوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا مقصد حاصل نہیں کیا جا رہا۔ اس ناکامی کی ذمہ داری اب اٹھارہویں ترمیم یا این ایف سی ایوارڈ پر ڈال کر مرکز اور صوبوں کے درمیان مالی وسائل کی تقسیم تبدیل کرنے کا ارادہ باندھا گیا ہے۔ لیکن اس مقصد کو صاف طور سے بیان کرنے کا سیاسی حوصلہ بھی نہیں کیا جاتا۔ موجودہ سیاسی حالات میں نئے صوبوں سے اسٹیبلشمنٹ معاملات پر بہتر کنٹرول کا مقصد بھی حاصل کرسکے گی اور چند بڑی پارٹیوں کی سیاسی طاقت تقسیم ہو سکے گی۔ اس وقت پنجاب میں مسلم لیگ (ن) ، سندھ میں پیپلز پارٹی اور خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہے۔ زیادہ صوبے بننے سے نئے سیاسی گروہ قومی سیاست میں کھلاڑی بن سکیں گے۔
البتہ ان تمام معاملات سے پاکستان کے شہریوں کی وسیع آبادی کا مفاد وابستہ نہیں ہے۔ یہ سب کچھ اقتدار کے حصول، طاقت پر ارتکاز اور معاملات کو ایک خاص ڈھب سے چلانے کی خواہش کا پرتو ہے۔ اگر نئے صوبوں کے قیام پر عوام کو اعتماد میں لینا مقصود ہے تو اس پر سیاسی جماعتوں کے درمیان سودے بازی کی بجائے سب سے پہلے یہ بتایا جائے کہ اس سے عوام کی حالت کیسے اور کیوں کر تبدیل ہوگی۔ تب ہی یہ بحث حقیقی عوامی توجہ کا سبب بنے گی اور عوام کی خواہشات بھی سامنے آ سکیں گی۔
بشکریہ: کاروان ناروے
واپس کریں