شہدائے جموں کی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کا روشن باب ہیں، مقررین کا خراجِ عقیدت

لاہور (نامہ نگار) یومِ شہدائے جموں کے موقع پر کشمیر سنٹر لاہور (جموں و کشمیر لبریشن سیل، حکومت آزاد جموں و کشمیر) کے زیراہتمام شہدائے جموں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے سینئرنائب صدر مسلم لیگ ن لائرزونگ سید منظورگیلانی ایڈووکیٹ، سابق ڈائریکٹر کشمیرسنٹرمرزا صادق جرال، رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس انجینئرمشتاق محمود، انچارج سنٹرانعام الحسن، رہنما استحکام پاکستان پارٹی بلال مختار بٹ، سابق ایس ایس پی محمدعطاء کسانہ، رہنما مسلم لیگ راجہ شیرزمان ایڈووکیٹ،سابق سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی احسان اللہ تبسم، سابق صدر وکلاء محاذ مرزا عبدالرشید جرال، مقبول اعوان، سردار شاکر، نازیہ بٹ، معروف مذہبی سکالر علامہ فداء الرحمان حیدری، رہنما محاذ رائے شماری آفتاب نازکی، حریت رہنما سیدسجادشاہ، چیئرمین شمشادبشیربلائنڈ ویلفیئرفاؤنڈیشن شمشادحسین، عالمی سیاح مقصود چغتائی، مرزافاروق جرال، سینئرصحافی ریاض چشتی، چوہدری محمد صدیق، انیس وہرہ، نذربھنڈر، متین کاشمیری، حاجی اعجاز احمداورقاضی انوار نے خطاب کیا۔ 6 نومبر 1947ء کے المناک واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے جموں نے اپنے وطن، نظریے اور پاکستان سے وابستگی کی خاطر عظیم قربانیاں دیں۔ ان کی جدوجہد اور لازوال قربانیاں تاریخِ کشمیر کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ یومِ شہدائے جموں ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو کشمیری عوام نے اپنے حقِ خودارادیت اور قومی تشخص کے تحفظ کے لیے پیش کیں۔ قیام پاکستان کے وقت ہندوستان کے کسی بھی ایک خطے میں سب سے زیادہ قربانیاں جموں کے مسلمانوں نے پیش کیں۔ دوہفتوں کے دوران کم وبیش اڑھائی لاکھ معصوم اور بے گناہ جانیں ظلم کی بھینٹ چڑھ گئیں جن میں مردوخواتین، جوان و بوڑھے یہاں تک کہ شیرخوار بچے بھی شامل تھے۔ یہ سب وہ لوگ تھے جو جموں سے پاکستان کی جانب ہجرت کررہے تھے۔ انھوں نے یہ قربانیاں دراصل پاکستان کی محبت میں پیش کیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں آج بھی کشمیری عوام کے عزم و حوصلے کا سرچشمہ ہیں اور ان کی یاد تازہ رکھنا ہماری قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ شہدائے جموں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں۔مقررین نے کہا کہ حال ہی میں مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے جس طرح بھارت کے ظلم وجبر اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہی مسئلہ کشمیرکوزندہ رکھا ہوا ہے تو دراصل یہ حقائق کا برملا اعتراف ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے ہرموقع پر کشمیریوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے جس پر ہم انھیں خراج ِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پرعلامہ فداء الرحمان حیدری نے شہدائے جموں سمیت تحریکِ آزادی کشمیر کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی کامیابی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کروائی۔
کشمیر سنٹر لاہور
جموں و کشمیر لبریشن سیل
حکومت آزاد جموں و کشمیر
واپس کریں