سردار خالد ابراہیم خان۔ ایک عہد، ایک نظریہ اور ایک منفرد سیاسی کردار

(سدھنوتی) سردار اعجاز خلیق خان
4 نومبر 2018 کو پونچھ کی سیاست کا ایک ایسا باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا جس کی مثالیں بہت کم ملتی ہیں۔ سردار خالد ابراہیم خان محض ایک سیاست دان نہیں بلکہ ایک عہد ساز شخصیت، دور اندیش سیاسی رہنما اور اصولوں پر غیر متزلزل یقین رکھنے والے انسان تھے۔ ان کی سیاست کا امتیاز یہ تھا کہ انہوں نے وقتی مفادات کے بجائے نظریے، اصول اور سیاسی اقدار کو ہمیشہ مقدم رکھا۔ وہ اپنی سوچ، کردار، جرأتِ اظہار اور سیاسی بصیرت کے باعث ایک منفرد مقام رکھتے تھے۔
آج جب پونچھ مختلف نوعیت کے مشکل حالات اور ایک غیر معمولی بحران سے دوچار ہے تو سردار خالد ابراہیم خان کی کمی پہلے سے کہیں زیادہ شدت کے ساتھ محسوس ہوتی ہے۔ ایسے وقت میں ان جیسے مدبر، صاحبِ بصیرت اور عوامی احساسات کو سمجھنے والے رہنما کی موجودگی یقیناً ایک بڑی طاقت ہوتی۔ ان کی شخصیت میں وہ سیاسی وقار اور فکری پختگی تھی جو مشکل حالات میں رہنمائی کا راستہ دکھاتی ہے۔
وقت گزرنے کے ساتھ بعض شخصیات کی اہمیت کم نہیں ہوتی بلکہ ان کے افکار، کردار اور خدمات کی قدر مزید بڑھ جاتی ہے۔ سردار خالد ابراہیم خان بھی ایسی ہی شخصیات میں شامل تھے جنہیں ان کی زندگی میں بھی احترام حاصل تھا اور جن کی جدائی کے بعد ان کے سیاسی کردار کی اہمیت مزید نمایاں ہوئی۔
آج ان کی اٹھویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے یہی احساس تازہ ہوتا ہے کہ پونچھ نے صرف ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ ایک منفرد فکر، ایک توانا آواز اور ایک بااصول قیادت کھوئی تھی۔
اللہ تعالیٰ سردار خالد ابراہیم خان مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔
واپس کریں