ڈاکٹر غلام نبی فائی کا کشمیر سنٹر راولپنڈی کا دورہ، جدوجہدِ آزادیٔ کشمیر کے بیانیے کو مؤثر بنانے پر زور

معروف کشمیری اسکالر اور 'وائسز فار جسٹس ان کشمیر' کے چیئرمین، ڈاکٹر غلام نبی فائی، نے اوورسیز کشمیری رہنماؤں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کشمیر سنٹر راولپنڈی ( جموں و کشمیر لبریشن سیل) کا دورہ کیا اور کشمیری کاز کے حوالے سے سنٹر کی غیر معمولی کارکردگی اور فعال حکمت عملی کو سراہایا۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی کی قیادت میں آنے والے وفد میں نامور حریت رہنما نذیر احمد قریشی، 'کشمیر فریڈم موومنٹ' کے چیئرمین مزمل ایوب ٹھاکر، ظفر احمد قریشی، اور 'وائسز فار جسٹس ان کشمیر' کے ڈائریکٹرز سردار زبیر احمد، سردار ذوالفقار روشن، ندیم کھوکھر، ممتاز سکالرز ڈاکٹر ولید رسول، معروف کاروباری شخصیت سردار عمران عزیز، ماہر تعلیم سید رشید شاہ، پروفیسر وارث علی، اور سینئر صحافی راجہ بشیر عثمانی شامل تھے۔
دورے کے دوران، وفد کو کشمیر سنٹر راولپنڈی (جموں وکشمیر لبریشن سیل) کی حالیہ سرگرمیوں، پروگرامات، اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے بیانیے کو اجاگر کرنے کی حکمت عملی کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی۔
لبریشن سیل کے دفتر میں منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے، ممتاز کشمیری رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ قائدِ حریت سید علی گیلانیؒ کی تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے لیے عظیم خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان نے سید علی گیلانیؒ کو قومی اعزاز سے نواز کر پوری کشمیری قوم کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔
ڈاکٹر فائی کا کہنا تھا کہ ہمیں تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرنے والے تمام رہنماؤں کی عزت و تکریم کرنی چاہیے۔ انہوں نے سید علی گیلانیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آخری سانس تک پاکستان سے اپنی وابستگی اور محبت کا حق ادا کیا اور تحریکِ آزادی کو زندہ رکھا۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی نے تجویز پیش کی کہ قاہد حریت سید علی گیلانیؒ، ڈاکٹر ایوب ٹھاکر، اور سابق پاکستانی سفیر محمد یوسف بُچھ کی کشمیر کاز کے لیے گرانقدر خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے یونیورسٹیز کی سطح پر خصوصی سیمینارز اور تقریبات منعقد کی جائیں۔ انہوں نے ڈاکٹر ایوب ٹھاکر کی سفارتی سطح پر کشمیر کے مؤقف کو دنیا تک پہنچانے میں اہم کردار کو سراہا۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل اپنی استطاعت کے مطابق قابلِ ستائش خدمات انجام دے رہا ہے، تاہم انہوں نے اس جدوجہد کو مزید منظم اور مربوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کشمیر کا مقدمہ دنیا میں زیادہ مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے تحریکِ آزادی کے خلاف ایک منفی مہم چلا رہا ہے، اور ہمیں اپنے مربوط لائحہ عمل سے بھارت کے ان مذموم حربوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ اوورسیز کشمیریوں اور بیس کیمپ (آزاد کشمیر) حکومت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فائی نے اس بات پر زور دیا کہ تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے مقدمے کو عالمی سطح پر مزید منظم اور مؤثر انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری کمیونٹی جموں و کشمیر لبریشن سیل کی کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی تاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جا سکے۔
وفد کے دیگر اراکین نے جموں و کشمیر لبریشن سیل کی کوششوں کو کشمیریوں کی نمائندگی اور حق خود ارادیت کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر کے لیے ایک مؤثر قدم قرار دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر غلام نبی فائی کی عالمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آخر میں ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ اس موقع پر انچارج لافییر سردار ساجد محمود ، انچارج میڈیا نجیب الغفور خان اور راجہ راشد رضا بھی موجود تھے۔
واپس کریں