دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
صوبائی انفراسٹرکچر سیس غیر آئینی قرار
محمد ریاض ایڈووکیٹ
محمد ریاض ایڈووکیٹ
وفاقی آئینی عدالت نے 20 نومبر 2026ء کو ایک اہم اور دور رس اثرات کا حامل فیصلہ جاری کیا، عدالت نے ایسے صوبائی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے جو درآمدات، برآمدات اور بین الصوبائی یا بین الاقوامی ٹرانزٹ میں اشیا کی نقل و حرکت کی بنیاد پر عائد کیے جا رہے تھے۔ یہ فیصلہ محض چند صنعتی اداروں یا درآمد و برآمد سے وابستہ تاجروں کی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کے آئینی، وفاقی نظام حکومت، ملکی معیشت اور کاروباری ماحول کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سندھ ہائیکورٹ، پشاور ہائیکورٹ، بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلوں کے خلاف اور لاہور ہائیکورٹ سے آئینی عدالت میں منتقل ہونے والی آئینی درخواستوں کو یکجا کرکے فیصلہ سنایا۔عدالت کے سامنے بنیادی سوال یہ تھا کہ کیا صوبے درآمد، برآمد یا ٹرانزٹ کی بنیاد پر اشیا پر ایسا سیس عائد کرسکتے ہیں جس کی نوعیت وفاقی قانون سازی کے دائرہ اختیار میں آتی ہو؟ عدالت نے آئین کے آرٹیکلز 141، 142 اور 151 اور وفاقی قانون ساز فہرست کی انٹریز 27 اور 43 کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ درآمدات، برآمدات، بین الصوبائی تجارت اور کسٹمز ڈیوٹیز سے متعلق قانون سازی وفاقی دائرہ اختیار کا معاملہ ہے۔ صوبائی خودمختاری اپنی جگہ مسلم ہے، لیکن اسے آئین میں وفاق کے لیے مختص اختیارات تک وسعت نہیں دی جا سکتی۔
فیصلے کا بنیادی اصول نہایت واضح ہے: کسی محصول کی آئینی حیثیت اس کے نام یا اس رقم کے خرچ کرنے کے مقصد سے نہیں بلکہ اس حقیقت سے طے ہوگی کہ محصول کس بنیاد پر عائد کیا جا رہا ہے۔ اگر کسی مال پر محض اس وجہ سے چارج عائد ہو کہ وہ درآمد کیا گیا، برآمد کیا جا رہا ہے یا کسی صوبے سے ٹرانزٹ کر رہا ہے تو اسے سڑکوں، پلوں یا انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال کا نام دے کر صوبائی محصول نہیں بنایا جا سکتا۔ صوبائی حکومتوں کا مؤقف تھا کہ سیس سے حاصل ہونے والی رقم سڑکوں، ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر اور محفوظ نقل و حرکت پر خرچ ہوتی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ عوامی سہولت یا ترقیاتی منصوبوں کے لیے رقم خرچ کرنا بذاتِ خود کسی ایسے محصول کو آئینی نہیں بنا دیتا جسے عائد کرنے کا اختیار صوبے کے پاس نہ ہو۔ محض یہ کہنا بھی کافی نہیں کہ محصول فیس یا سروس چارج ہے؛ اس کے لیے وصولی کی بنیاد اور فراہم کردہ سروس کے درمیان حقیقی اور معقول تعلق ہونا ضروری ہے۔
عدالت نے سندھ کے انفراسٹرکچر سیس کے متعلقہ درآمدی و برآمدی چارجز، خیبر پختونخوا کے سابقہ متعلقہ چارجز اور 2022ء کے قانون کی دفعہ 3(1)(b) میں درآمد، برآمد اور بین الاقوامی و بین الصوبائی ٹرانزٹ سے متعلق حصے کو غیر آئینی قرار دیا۔ تاہم عدالت نے خیبر پختونخوا کے قانون کے تحت مقامی یا صوبے کے اندر پیدا اور استعمال ہونے والی اشیا سے متعلق دفعہ 3(1)(a) کے معاملے پر حتمی رائے نہیں دی اور اسے الگ آئینی جانچ کے لیے کھلا رکھا۔ لہٰذا فیصلے کو ہر قسم کے صوبائی انفراسٹرکچر محصول کے مکمل خاتمے کے طور پر پیش کرنا درست نہیں ہوگا۔
یاد رہے تمام صنعتی و تجارتی شعبوں کی 200 سے زائد متعدد معروف کمپنیاں اور ادارے مقدمے میں فریق تھے جن میں ڈی جی خان سیمنٹ، آرکروما پاکستان، قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل،حبیب آئل ملز، پاکستان اسٹیٹ آئل، شیل پاکستان، پاکستان ٹوبیکو کمپنی،برجر پینٹ، ٹوٹل پارکو، انڈس موٹرکمپنی، اینگرو ایکسمپ ایگری پراڈکٹس، اینگرو ایلنگی ٹرمینل، لبرٹی پاور ٹیک، پاک عرب ریفائنری، نیشنل ریفائنری، چیرات سیمنٹ، چیرات پیکیجنگ،سفائرفائبرز، کوہ نور ٹیکسٹائل، نشاط ملز، نیو ایج کیبلز، سفائر فنشنگ ملز، یو ایس ڈینم، ہونڈا اٹلس، نشاط لینن، بَھنیرو ٹیکسٹائل و دیگر صنعتی و تجارتی اداروں کے نام شامل ہیں۔اسی طرح فارماسیوٹیکل شعبے سے بھی کئی ادارے ان مقدمات میں فریق تھے، جن میں سامی فارماسیوٹیکلز، پلاٹینم فارماسیوٹیکلز، ہیلتھ ٹیک ا ور آنکوجن فارما کے نام خصوصاً قابلِ ذکر ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ غیر آئینی قرار دیے گئے چارجز کی بنیاد پر کوئی نیا مطالبہ، سرچارج یا جرمانہ نافذ نہیں کیا جا سکتا۔ ان چارجز کے لیے جمع کرائی گئی سیکیورٹیز تصدیق اور متعلقہ عدالتی احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے واپس یا خارج کی جائیں گی۔ البتہ ماضی میں ادا شدہ رقوم کی ہر صورت میں خودکار واپسی کا حکم نہیں دیا گیا؛ انفرادی ریفنڈ اور ادائیگی کے تنازعات متعلقہ قانونی اور انتظامی طریقہ کار کے مطابق طے ہوں گے۔یہ فیصلہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہے کہ مالی وسائل کی ضرورت آئینی حدود سے تجاوز کا جواز نہیں بن سکتی۔ صوبے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے انفراسٹرکچر اور خدمات کے لیے قانون سازی کر سکتے ہیں، مگر درآمدات، برآمدات اور قومی تجارت پر ایسے مالیاتی بوجھ عائد نہیں کر سکتے جو وفاقی اختیار میں مداخلت کریں۔ پاکستان کی معیشت کو پہلے ہی بلند پیداواری لاگت، توانائی کے نرخوں، ٹیکسوں اور کاروباری غیر یقینی صورتِ حال ایسے مسائل کا سامنا ہے۔ ایسے میں مختلف صوبائی چیک پوسٹوں، سرحدی راستوں اور تجارتی گزرگاہوں پر غیر آئینی محصولات کاروبار کی لاگت بڑھانے اور ملکی معیشت کو کمزور کرنے کا باعث بنتے ہیں۔یقینی طور وفاقی آئینی عدالت کا یہ تاریخ ساز فیصلہ ہے جو ملکی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
واپس کریں