ڈی ایس پی گلشید خان کو صدرِ پاکستان کی جانب سے پریزیڈنٹ پولیس میڈل کا اعزاز

خالد خان ۔چارسدہ سے تعلق رکھنے والے باہمت پولیس افسر کی امن و امان کے لیے نمایاں خدمات کا اعتراف
خیبر پختونخوا پولیس کے نڈر، باصلاحیت اور فرض شناس افسر ڈی ایس پی تنگی گلشید خان کو صدرِ پاکستان کی جانب سے پریزیڈنٹ پولیس میڈل (PPM) سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں ضلع چارسدہ اور خصوصاً تنگی جیسے حساس علاقے میں قیامِ امن، جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیوں، اور پیشہ ورانہ قیادت پر دیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی گلشید خان ان پولیس افسران میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے وردی کو طاقت نہیں بلکہ خدمت کا ذریعہ سمجھا۔ اپنی تعیناتی کے دوران انہوں نے نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے بلکہ پولیس اہلکاروں کے حوصلے اور کارکردگی کو بھی نئی جہت دی۔ اُن کی زیرِ نگرانی متعدد اہم کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں علاقائی سطح پر امن و سکون بحال ہوا۔
ذرائع کے مطابق گلشید خان نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ اصولوں، دیانت داری اور قانون کی بالا دستی کو ترجیح دی۔ ان کی زیرِ نگرانی کیے گئے آپریشنز میں پولیس فورس کی پیشہ ورانہ تربیت، بروقت کارروائی اور معلومات کی بنیاد پر فیصلہ سازی جیسے پہلو نمایاں رہے ہیں۔
علاقے کے عوام اور پولیس ڈیپارٹمنٹ دونوں کی سطح پر ان کی قیادت کو سراہا گیا ہے۔ ان کے ساتھی افسران کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی گلشید خان ایک بہادر راہنما، ہمدرد ساتھی اور اپنی ٹیم کے لیے ایک مثال ہیں۔
واضح رہے کہ پریزیڈنٹ پولیس میڈل پاکستان کا ایک اعلیٰ اعزاز ہے، جو پولیس افسران کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں عطا کیا جاتا ہے۔
ڈی ایس پی گلشید خان کو یہ اعزاز نہ صرف اُن کی ذاتی کاوشوں کا اعتراف ہے، بلکہ خیبر پختونخوا پولیس کے ان تمام افسروں کے لیے بھی ایک پیغام ہے جو امن کے محاذ پر خاموشی سے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔
واپس کریں