
بلاول بھٹو زرداری نے آخرکار وہی بات کہہ دی جو مولانا فضل الرحمن عرصے سے کہہ رہے تھے۔ کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں سسٹم کولیپس ہو گیا، حقیقت یہ ہے کہ سسٹم کولیپس نہیں ہوا، بلکہ اسے کولیپس کرایا گیا ہے اور اس میں میرا بھی ہاتھ ہے، میں بھی قصور وار ہوں، میں ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ یہ ایک چھوٹا جملہ نہیں ، یہ پاکستان کی سیاست کا سب سے بڑا اعتراف ہے۔ مولانا فضل الرحمن یہ بات مہینوں سے کہہ رہے ہیں۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ پارلیمان کو بے توقیر کیا جا رہا ہے، اپوزیشن کو دبایا جا رہا ہے، تنقید کے جواب میں نیب چھوڑا جا رہا ہے، بیٹوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور گھر کی تجاوزات یاد آ جاتی ہیں۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ نظام کو جان بوجھ کر ناکام دکھایا جا رہا ہے تاکہ پھر کہا جا سکے کہ یہ نظام تو چل ہی نہیں سکتا، اسے بدلنا پڑے گا، نئے صوبے بنانے پڑیں گے، نئی ترامیم لانی پڑیں گی۔
جب سے مولانا نے یہ کہنا شروع کیا، اسی وقت سے سرکاری دانشور مولانا کی بات کو ان کی ذاتی ناراضگی سمجھ رہے تھے۔ کہا گیا کہ مولانا کو وزارت نہیں ملی، اس لیے ناراض ہیں، مولانا کو اقتدار میں حصہ نہیں ملا، اس لیے شور کر رہے ہیں لیکن اب جب کہ بلاول بھٹو، جو خود اس حکومت کے اتحادی ہیں، جن کے والد محترم اس ملک کے صدر ہیں،جن کی جماعت تین صوبوں میں حکومت میں ہے، وہی یہ بات کہہ رہے ہیں تو اس بات کو نظرانداز کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کیا کہا؟ انہوں نے کہا کہ سسٹم کو ری سیٹ کی ضرورت ہے، لیکن یہ ری سیٹ غیر سیاسی نہیں، سیاسی ہونا چاہیے۔ اس کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے بغیر آپ کرسی پر نہ ہوتے، پی ڈی ایم میں ان کے کردار کو بھولنا نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو بھی سیاسی حقیقت ماننا ہوگا، ان کے بغیر پاکستان نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے، انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں یعنی بلاول بھٹو نے دراصل اس پورے بیانیے کو چیلنج کر دیا ہے جو یہ کہہ رہا تھا کہ نظام ناکام ہو گیا ہے، اس لیے اب غیر سیاسی حل لانا پڑے گا۔
بلاول کہہ رہے ہیں، نظام ناکام نہیں ہوا، اسے ناکام کیا گیا ہے اور اس کا حل بھی سیاسی ہی ہوگا۔ یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر نظام کو گرایا گیا ہے تو کس نے گرایا اور کیوں گرایا؟جواب مشکل نہیں ہے۔ جب پارلیمان میں اپوزیشن کی بات نہ سنی جائے، جب میڈیا پر پابندی ہو، جب عدلیہ پر دباؤ ہو، جب سیاستدانوں کو جیل میں ڈال کر سیاست سے باہر کیا جائے، جب ایک وزیر کے کہنے پر پورے ملک میں نئے صوبوں کی بحث چھیڑ دی جائے، جب کابینہ میں بحث کے بغیر ترامیم لائی جائیں تو نظام خود نہیں گرتا، اسے گرایا جاتا ہے اور پھر اس گرے ہوئے نظام کو دکھا کر کہا جاتا ہے دیکھو، جمہوریت ناکام ہو گئی،لہذا اب کوئی اور نظام لانا پڑے گا۔
یہی وہ کھیل ہے جس کی نشاندہی مولانا فضل الرحمن مسلسل کر رہے ہیں اور اب بلاول بھٹو نے اس پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔اب سوال یہ ہے کہ بلاول کا یہ اعتراف صرف ایک تقریر ہے یا وہ اس پر قائم بھی رہیں گے؟ کیونکہ بلاول نے یہ بھی کہا ہے کہ میں بھی قصور وار ہوں۔ یہ کہنا آسان ہے، ذمہ داری لینا مشکل ہے۔ اگر وہ واقعی سمجھتے ہیں کہ نظام کو گرایا گیا ہے تو پھر انہیں اسے گرانے والوں کے سامنے کھڑا ہونا پڑے گا نہ کہ صرف پریس کلب میں تقریر کر کے چلے جانا لیکن ایک بات طے ہے کہ جب حکومت کے اندر سے ہی کوئی کہہ دے کہ نظام خود نہیں گرا، اسے گرایا گیا ہے تو پھر یہ بات صرف اپوزیشن کی بات نہیں رہتی، یہ حقیقت بن جاتی ہے اور حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کا نظام کمزور نہیں اسے کمزور کیا گیا ہے۔ پارلیمان بے اختیار نہیں ہے، اسے بے اختیار کیا گیا ہے۔ سیاستدان ناکام نہیں ہیں، انہیں ناکام کیا گیا ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا بلاول بھٹو کا یہ اعتراف کسی نئے سیاسی اتحاد کی بنیاد بنے گا یا یہ بھی پرانی تقریروں کی طرح وقت کے ساتھ بھلا دیا جائے گا۔
واپس کریں