جب پشتون قوم پرستوں کو جیلوں میں ڈالا گیا ۔ حیات پری گھل
مہمان کالم
پشتون اور بلوچ قوم پرست تبلیغ کو ریاست کا پراجیکٹ کیوں سمجھتے ہیں؟اور یہ شک ایسے ہی نہیں آیا۔قوم پرست یہ دیکھتا ہے کہ تبلیغ کو ہر جگہ اجازت ہے، جلسے کی اجازت ہے، مرکز کی اجازت ہے، لیکن PTM کے جلسے پر پابندی ہے، قومی جرگے پر پابندی ہے۔
مذہبی جماعت کو فنڈنگ ملتی ہے، مدرسے بنتے ہیں، لیکن اسی پشتون علاقوں سکولوں کو بم سے اڑائے جاتے ہیں۔
تبلیغ کہتی ہے: دنیا سے بے رغبتی اختیار کرو، سیاست سے دور رہو، قوم کی بات مت کرو، صرف آخرت کی بات کرو۔
قوم پرست سوچتا ہے: یہ کون سی تبلیغ ہے جو جوان کو اپنے وطن کے ظلم سے غافل کر کے چلے پر بھیج دیتی ہے؟ جو اسے کہتی ہے کہ تمہارے گاؤں میں چیک پوسٹ ہے، اس پر بات مت کرو، بس کلمہ پڑھو؟
اس لیے بلوچ اور پشتون قوم پرست تبلیغ کو مذہب نہیں، ریاست کا ایک soft پراجیکٹ سمجھتے ہیں۔ ایک ایسا پراجیکٹ جو قوم کو depoliticize کرتا ہے۔ جو قوم کو کہتا ہے، تم پشتون نہیں، تم بلوچ نہیں، تم صرف مسلمان ہو، اس لیے تمہارا وطن، زبان، وسائل کوئی مسئلہ نہیں ہے۔اور جب قوم اپنا نام بھول جائے، تو اس پر قبضہ آسان ہو جاتا ہے۔یہی بات ایڈورڈ سعید اور مارکس کا ملاپ ہے۔ سعید کہتا ہے، سامراج تمہاری پہچان مٹاتا ہے۔ مارکس کہتا ہے، سامراج تمہاری سوچ کو نشہ دیتا ہے۔
پشتون کے ساتھ دونوں کام ایک ساتھ ہوئے: پہچان کو مذہب سے مٹایا گیا، اور سوچ کو مذہب سے سلایا گیا۔
سیاسی مذہب اور قومپرستی کی ٹکراؤ کے چند حوالے یہاں دئے گئے ہیں
1. افغانستان جنگ 1979-1989 - پشتون قوم پرستی کا قتل
اس سے پہلے پشتون قوم پرستی اپنے عروج پر تھی۔ باچا خان کا خدائی خدمتگار تحریک، ولی خان کی NAP، پشتونستان کا نعرہ۔
پھر ضیاء الحق اور امریکہ نے جہاد کا نعرہ لگایا۔
پشتون نوجوان کو کہا گیا: تم پشتون نہیں، تم مجاہد ہو۔ تمہاری جنگ وطن کے لیے نہیں، اسلام کے لیے ہے۔ تمہارا لیڈر ولی خان نہیں، گلبدین اور حکمتیار ہیں۔
نتیجہ: 35000 سے زیادہ مدرسے بنے، پشتون علاقے جہاد کی فیکٹری بن گئے، اور پشتون قوم پرستی 30 سال پیچھے چلی گئی۔ جو قوم اپنے وسائل کی بات کر رہی تھی، وہ کلاشنکوف کی بات کرنے لگی۔
یہ تاریخ کی سب سے بڑی مثال ہے کہ مذہب سے قوم پرستی کو کیسے مارا گیا۔
2. 1971 بنگال - مذہب سے قوم پرستی کو دبانے کی کوشش
بنگالی قوم پرست کہہ رہے تھے: ہماری زبان بنگلہ ہے، ہمارے وسائل ہمارے ہیں، ہمیں حق دو۔
پاکستانی ریاست نے کہا: تم بنگالی نہیں، تم مسلمان ہو، اسلام خطرے میں ہے، قوم پرستی کفر ہے۔
البدر اور الشمس جیسی مذہبی ملیشیائیں بنائی گئیں، جنہوں نے بنگالی دانشوروں اور قوم پرستوں کو قتل کیا۔
لیکن وہاں مذہب قوم پرستی کو روک نہ سکا، بنگلہ دیش بن گیا۔ یہ ثبوت ہے کہ جب قوم جاگ جائے تو مذہبی نعرہ بھی اسے روک نہیں سکتا۔
3. انگریز راج - ہندو مسلم فساد، قوم پرستی کو توڑنا
1857 کی جنگ کے بعد انگریز نے سمجھ لیا کہ اگر ہندو اور مسلمان مل کر قوم بن گئے تو انقلاب آ جائے گا۔
اس لیے انگریز نے مذہبی تشریح کو ہوا دی۔ مسلمانوں کو کہا تمہاری پہچان اسلام ہے، ہندوؤں کو کہا تمہاری پہچان ہندو دھرم ہے۔
نتیجہ: جو لوگ انگریز کے خلاف ایک قوم بن رہے تھے، وہ آپس میں مذہب پر لڑنے لگے۔
یہی فارمولہ بعد میں پاکستان نے پشتون اور بلوچ پر لگایا۔
4. ایران 1953 - مصدق کا انقلاب اور مذہب
مصدق نے ایران کے تیل کو قومیانے کا اعلان کیا، یہ ایک قومی انقلاب تھا۔
امریکہ اور برطانیہ کو ڈر لگا، انہوں نے مذہبی علماء کے ایک حصے کو مصدق کے خلاف استعمال کیا۔ کہا گیا مصدق کمیونسٹ ہے، اسلام خطرے میں ہے۔
مصدق کی حکومت گرائی گئی، اور تیل پھر غیر ملکیوں کے ہاتھ میں چلا گیا۔
یہ مارکس کی false consciousness کی کلاسیک مثال ہے۔ قومی انقلاب کو مذہبی فتوے سے روک دیا گیا۔
5. الجزائر - فرانس نے صوفی اسلام کو قوم پرستی کے خلاف استعمال کیا
الجزائر میں قوم پرست فرانس سے آزادی مانگ رہے تھے۔
فرانس نے صوفی درگاہوں اور ایک خاص قسم کے غیر سیاسی اسلام کو سپورٹ کیا۔ کہا گیا سیاست حرام ہے، صوفی بنو، ذکر کرو، فرانس سے مت لڑو۔
مقصد ایک تھا: قوم کو depoliticize کرو، اسے انقلاب سے دور رکھو۔
بالکل وہی کام جو آج تبلیغ کے ذریعے پشتون اور بلوچ کے ساتھ ہو رہا ہے۔ سیاست سے دور رہو، چلے پر جاؤ، دنیا کی بات مت کرو۔
7. ضیاء الحق کا دور - پشتون اور بلوچ قوم پرستی کو اسلامائزیشن سے دبانا
1977 میں ضیاء نے کہا پاکستان کو اسلامی بنانا ہے۔
اسلامائزیشن کا مطلب کیا تھا؟ پشتو، بلوچی، سندھی زبانوں کو ختم کرو، صرف اردو اور اسلامیات پڑھاؤ۔ قوم پرستی کو غیر اسلامی کہو۔ NAP پر پابندی لگاؤ، اور جماعت اسلامی اور جمعیت کو آگے لاؤ۔
یہی وہ دور تھا جب پشتون قوم پرستوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، اور مذہبی جماعتوں کو یونیورسٹیوں اور کالجوں میں کھلی چھوٹ دی گئی۔
واپس کریں