ٹیکنالوجی کی بدلتی دنیا میں نوجوانوں کیلئے مواقع ۔ ڈاکٹر نیاز احمد اختر
مہمان کالم
دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، خلائی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام نے تعلیم، زراعت، صنعت، طب اور کاروبار سمیت ہر شعبے کو متاثر کیا ہے۔ میرے نزدیک یہ تبدیلیاں پاکستانی نوجوانوں کیلئے نئے مواقع لیکر آئی ہیں۔ ضرورت ہے کہ وہ ان تبدیلیوں کو سمجھیں، ٹیکنالوجی کو اپنی مہارت سے جوڑیں اور قومی ترقی میں کردار ادا کریں۔ میں نے پاکستانی نوجوانوں کیلئے مضامین کا جو سلسلہ شروع کیا ہے، اسکا مقصد اپنے تجربات، علم اور دنیا میں دیکھی جانیوالی نئی پیش رفت ان تک پہنچانا ہے۔ مختلف ممالک اور ماہرین سے مجھے سیکھنے کے مواقع ملتے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ یہ علم مجھ تک محدود نہ رہے بلکہ نوجوان نسل تک پہنچے اور ان کیلئے ترقی کے نئے راستے کھولے۔پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے ایک ملاقات میں میں نے آرمی چیف سے گزارش کی کہ آج دفاعی قوت کا انحصار صرف فوجیوں کی تعداد اور ہتھیاروں پر نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی پر بھی ہے۔ مئی 2025ءمیں پاکستان اور بھارت کے تصادم میں ٹیکنالوجی کی اہمیت نمایاں ہوئی۔ میرے نزدیک پاکستان کی دفاعی کارکردگی اسکی مثال ہے کہ ٹیکنالوجی، تربیت اور قومی جذبے سے بڑے حریف کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ یہی اصول قومی ترقی کے دیگر شعبوں پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ میں نے 1992ء سے 1995ء کے دوران اپنی پی ایچ ڈی مکمل کی۔ اس زمانے میں سائنسی لٹریچر تلاش کرنے اور تحقیقی خلا کی نشاندہی میں برسوں لگ جاتے تھے۔ آج مصنوعی ذہانت سے محقق کم وقت میں ابتدائی جائزہ اور ممکنہ تحقیقی سوالات تلاش کر سکتا ہے۔ نتائج کی تصدیق کیلئے محقق کی علمی صلاحیت ضروری ہے، مگر ٹیکنالوجی نے تحقیق کی رفتار بڑھائی ہے۔چند روز قبل میرے طبی معائنے کی رپورٹس آئیں، مگر ڈاکٹر دستیاب نہ تھے۔ میں نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے نتائج سمجھنے کی کوشش کی۔ اس نے ابتدائی تشریح کی۔ بعد میں ڈاکٹر کی بیشتر آرا اس سے مطابقت رکھتی تھیں۔ یہ تجربہ مفید رہا، اگرچہ تشخیص اور علاج کیلئے ڈاکٹر ضروری ہے۔زراعت ہماری معیشت کا بنیادی ستون ہے۔ آج سٹلائٹ، ڈرونز، سینسرز اور مصنوعی ذہانت سے زمین کی کیفیت، پانی کی ضروریات، فصلوں کی بیماریوں اور متوقع پیداوار کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ہمارے نوجوان یہ سہولتیں کسانوں تک پہنچا کر زرعی پیداوار، معیار اور آمدن بہتر بنانے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔حالیہ بیرونی دوروں میں روبوٹکس کے دلچسپ استعمال دیکھے۔ ایک ہوٹل میں روبوٹ مہمانوں کے کمروں تک اشیا پہنچا رہے تھے۔ ایک روبوٹ کام مکمل کرکے خود چارجنگ اسٹیشن پر واپس آ گیا، جبکہ دوسرے نے مجھے مطلوبہ مقام تک پہنچایا۔ ایک اور ہوٹل میں چہرے کی شناخت سے کمرے اور لفٹ تک رسائی کا نظام تھا۔ یہ روزمرہ زندگی میں ٹیکنالوجی کی بڑھتی اہمیت کی مثالیں ہیں۔
صنعتی شعبے میں آٹومیشن اور جدید کنٹرول سسٹمز پیداوار، معیار اور کارکردگی بہتر بنا رہے ہیں۔ ڈرونز اور خودکار مشینیں زراعت، صنعت اور امدادی سرگرمیوں میں کام آ رہی ہیں۔ انکی تیاری، پروگرامنگ اور دیکھ بھال نوجوانوںکیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے۔ایک بڑی بین الاقوامی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سے میں نے پوچھا کہ کیا وہ پاکستانی نوجوانوں کو ملازمت دیتے ہیں؟ انہوں نے بتایا کہ پہلے پاکستانی ملازمین کم تھے، مگر گزشتہ دو برسوں میں ہر سال تقریباً ایک سو پاکستانی نوجوان بھرتی کیے۔ اس سے میرا یقین پختہ ہوا کہ پاکستانی نوجوان عالمی اداروں میں قابلیت منوانے کے ساتھ پاکستان کے ہر شعبے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔لیکن اصل سوال یہ ہے کہ ہم ان صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کو پاکستان کی ترقی کیلئے کیسے استعمال کریں؟ پاکستان میں تقریباً ہر شعبے میں بہتری کی وسیع گنجائش ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے ریکارڈ کے مؤثر ڈیجیٹل نظام، سرکاری دفاتر میں شفاف اور تیز خدمات، ایف بی آر میں بہتر ٹیکس انتظامیہ اور شہروں میں ٹریفک، پانی، صفائی اور توانائی کا مؤثر انتظام ایسے شعبے ہیں جن کے مسائل نوجوان حل کر سکتے ہیں۔میں نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ یونیورسٹی کی تعلیم محض ڈگری نہیں،یہ ایسی علمی اور عملی تربیت ہے جو آپکو مسائل سمجھنے، انکا تجزیہ کرنے اور حل تلاش کرنے کا طریقہ سکھاتی ہے۔ اب اس تربیت کو عملی زندگی میں استعمال کیجیے۔ اپنے شعبے میں دنیا کی نئی پیشرفت دیکھئے۔ جانیے کہ دوسرے ممالک کون سی ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں اور آپ اسے اپنے ادارے، کاروبار یا شعبے میں اپنا کر معیار، پیداوار اور کارکردگی کیسے بہتر بنا سکتے ہیں۔جہاں کوئی مسئلہ ہے، وہاں اس کے حل کا موقع بھی ہے۔ اسی سے تحقیق، کاروبار اور روزگار پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس سے نوجوان کی آمدن اور خاندان کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا، متعلقہ ادارے اور شعبے ترقی کرینگے اور قومی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ جامعات کو طلبہ کو ٹیکنالوجی، صنعت اور قومی مسائل سے جوڑنا چاہئے۔
میرے نزدیک پاکستانی نوجوان ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ مجھے ان کی ذہانت، محنت، صلاحیت اور عزم پر بھرپور اعتماد ہے۔ میں نے بارہا دیکھا ہے کہ مناسب رہنمائی اور مواقع ملنے پر وہ دنیا کے بہترین اداروں میں اپنی قابلیت منوا سکتے ہیں۔ مجھے اتنا ہی یقین ہے کہ یہی نوجوان جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہمارے قومی مسائل اور چیلنجز کے قابلِ عمل حل پیش کرکے انہیں عملی شکل بھی دے سکتے ہیں۔ انکی صلاحیتیں پاکستان کے موجودہ مواقع کو حقیقی ترقی میں تبدیل کر سکتی ہیں۔میرا نوجوانوں کیلئے پیغام ہے کہ دنیا میں ٹیکنالوجی کے ذریعے آنے والی تبدیلیوں کا غور سے مشاہدہ کریں، انہیں سمجھیں اور اپنی تعلیم، مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور کردار ادا کریں۔ پاکستان کے ہر شعبے میں مواقع موجود ہیں۔ انہیں پہچانیے اور مسائل کے عملی حل تلاش کیجیے۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے نوجوان نہ صرف اپنے اور اپنے خاندان کے مستقبل کو بہتر بنائیں گے بلکہ پاکستان کو ترقی یافتہ، خوشحال اور باوقار ملک بنانے میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔
واپس کریں