دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن ایم انور خانی کے اہل خانہ کی دادرسی کی اپیل، قیادت سے فوری اقدامات کا مطالبہ
No image (پشاور) خالد خان سے
پاکستان پیپلز پارٹی کے دیرینہ نظریاتی کارکن مرحوم ایم انور خانی کے اہل خانہ کی مالی معاونت اور ان کے بیٹے کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے پارٹی قیادت سے اپیل کی گئی ہے۔ فضل وہاب، کوآرڈینیٹر حقائق میڈیا نیٹ ورک (HMN) کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے نام جاری کردہ درخواست میں مرحوم کارکن کے اہل خانہ کی مبینہ کسمپرسی کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے فوری دادرسی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست کے مطابق مرحوم ایم انور خانی، جنہیں انور خان کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، مردان سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے ان کارکنوں میں شامل تھے جنہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے پارٹی کے ساتھ وابستگی اختیار کی اور مشکل سیاسی حالات میں بھی اپنی وابستگی برقرار رکھی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ مرحوم نے جنرل ضیاء الحق کے دور میں جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کے دوران قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور کوڑے بھی کھائے، جبکہ سیاسی حالات کے باعث انہیں اپنا آبائی شہر چھوڑ کر کراچی میں بھی وقت گزارنا پڑا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مرحوم ایم انور خانی نے محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد اور مردان میں پارٹی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ وہ مردان میں پیپلز پارٹی کے سٹی صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے اور مختلف ادوار میں پارٹی رہنماؤں اور امیدواروں کے ساتھ مل کر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے۔
فضل وہاب کے مطابق مرحوم کا اکلوتا بیٹا ابوبکر خان اس وقت دیہاڑی دار مزدوری کرکے گزر بسر کرنے پر مجبور ہے، جبکہ ان کی بیوہ بھی بیماری اور مالی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ درخواست میں پارٹی قیادت سے اپیل کی گئی ہے کہ خاندان کی فوری مالی معاونت کی جائے، ابوبکر خان کے لیے باعزت روزگار کی فراہمی میں مدد دی جائے اور مردان کی مقامی قیادت کو ہدایت کی جائے کہ وہ مرحوم کارکن کے گھر جا کر اہل خانہ کی مشکلات کا جائزہ لے اور ان کی دادرسی کے لیے عملی اقدامات کرے۔
درخواست گزار نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ میں نظریاتی کارکنوں اور جمہوری جدوجہد میں قربانیاں دینے والوں کی خدمات کو اہم مقام حاصل رہا ہے، اس لیے ایسے کارکنوں کے اہل خانہ کو مشکلات کے وقت تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔
انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر متعلقہ رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ درخواست کا فوری نوٹس لے کر خاندان کی مشکلات دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
درخواست گزار فضل وہاب نے اس سلسلے میں رابطے کے لیے صاحبزادہ ابوبکر خان کا نام دیتے ہوئے واٹس ایپ اور کال کے لیے 03169604392 نمبر جاری کیا ہے۔ ان کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق بکٹ گنج، مردان، خیبر پختونخوا سے ہے۔
واپس کریں