دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
شوکت نواز میر اور تمام کشمیر کے عوام کو سلام ۔ عمار علی جان
No image اس ہفتے پاکستان میں ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کو عمر قید سزا سنائی گئی، سمی دین بلوچ کے گھر چھاپہ مارا گیا، اپوزیشن قائدین اور سابق وزیر اعظم کی قیادت میں کشمیر جانے والے قافلے کو روکا گیا، مزدور کسان پارٹی کے بزرگ لیڈر افضل خاموش صاحب کو گرفتار کیا گیا، اور پنجاب میں برطانوی سامراج کے دور کا بدترین قانون پنخاب اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ اور اب کشمیر کے مقبول عوامی لیڈر شوکت نواز میر صاحب کو بھی گرفتار کر کیا گیا ہے۔
حکمران پر امن جدوجہد کو اس وحشیانہ طریقے سے کچل کر نوجوانوں کو کیا پیغام دینا چاہ رہے ہیں؟ کیا یہ بتایا جارہا ہے کہ ریاست کے لئے کسی بھی قسم کی تنقید یا احتجاج غداری کے مترادف ہے؟ عدالتیں آئین، پارلیمان، جمہوری حقوق بلکل بے معنی ہوچکے ہیں؟ کیا اب کروڑوں انسانوں کی زندگیاں چند غیر منتخب انا پرست لوگوں کے شکنجے میں ہی رہیں گی؟
کشمیر کے حوالے سے خصوصی طور پر افسوس ہوتا ہے کیونکہ کشمیر کے نام پر پاکستان بھر میں چندہ بھی اکھٹا کیا گیا اور سکیورٹی سٹیٹ کو جواز بھی فراہم کیا گیا۔ بنگالی، بلوچ، پشتون سندھی غدار تھے، اب کشمیری بھی غدار ہوگئے؟ اور پنجاب کو بھی آپ نے کہاں بخشا ہے۔ اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں 77 سالہ کینسر کی مریض ڈاکٹر یاسمین راشد بیمار حالت میں قید ہیں لیکن آپ کو تھوڑا بھی احساس نہیں ہورہا؟
جنرل ڈائر کے زمانے سے ہزاروں لوگوں کو ریاست غدار کا لقب دے چکی ہے۔ لیکن حریت پسندوں نے ہمیشہ اسے تمغے کے طور پر قبول کیا ہے۔ اور لاکھوں کروڑوں لوگوں نے انہیں "غداروں" کو ووٹ بھی دیا اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے بھی رہے۔ کشمیر میں بھی آپ جنرل ڈائر کی روایت قائم کر کے دیکھ لیں، وہاں پر لازوال مزاحمت ہوگی اور آپ کے حصے میں صرف زلت آئے گی۔
پاکستان بھر کے عوام پر یہ فرض ہے کہ وہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھائیں۔ اور حکمرانوں میں سے اگر کسی میں بھی عقل اور ہمت باقی ہے تو مزاکرات کی طرف زور دیں اور معاملات کا حل نکالیں۔ اتنا بڑا مسئلہ نہیں تھا جتنا آپ کی انا کی وجہ سے بن چکا ہے۔ 25 کروڑ کے ملک کو چلانے کے لئے دل بھی وسیع کرنا ہوگا۔ ورنہ نفرت کی ایک شدید لہر پھیل جائے گی جس کا نقصان صرف آپ کو نہیں، پورے خطے کو ہوگا۔
شوکت نواز میر اور تمام کشمیر کے عوام کو سلام جو ظلم و جبر کے ماحول میں بہادری اور ہمت کی شاندار مثال قائم کررہے ہیں۔
واپس کریں