
بلیک میل ایکشن کمیٹی، بھارتی ایکشن کمیٹی، انتشاری،بھارتی ایجنٹ،دہشت گرد اورنمک حرام جیسے الفاظ کا استعمال آج کل حسب توقع ہے اور ہونا بھی چاہیئے، جب بھی حقوق،میرٹ،آئین اور انصاف کی بات ہو گی تو مطلب سیدھا کہ ہے پھر ایسے ہی اور اس سے ملتے جلتے الفاظ،جملوں اور الزامات کا بے دریغ استعمال شروع ہو گا۔ الزامات لگانے والے محب وطنوں کے پاس دلائل کی عدم دستیابی کے باعث الزامات کا سلسلہ محب الوطنیہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح، حسین شہید سہروردی،خان عبدل غفار خان اور ولی خان کو غدار اور بھارتی ایجنٹ کہنے سے بھی پہلے کا شروع ہو چکا تھا۔ زلفقار علی بھٹو، نواب اکبر بگٹی، سیکورٹی رسک بے نظیر بھٹو اور مودی کا یارنواز شریف کے علاوہ بھی غداروں کی ایک لمبی فہرست ان ہی محبانِ وطن نے مرتب کی ہے اور جو سابق وزرائے اعظم محمد خان جونیجو اور میر ظفر اللہ جمالی جیسے بے ضرر،صلح اور کم جو اور شریف النفس سیاست دانوں کو بھی برداشت نہیں کر سکے۔
”بلیک میل ایکشن کمیٹی“ کے دہشت گرد، بھارتی اور اسرائیلی یہ ایجنٹ کس کھیت کی مولی ہیں اور پتہ نہیں اب تک زندہ سلامت کیسے بچے ہوئے ہیں!!۔ بحرحال اگر”بھارتی ایکشن کمیٹی“ کے لیڈران کے خلاف ٹھوس اور ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں تو فوری طور پر منظر عام پر لانے چاہیں،وگرنہ یہی سمجھا جائے گا بلکہ سمجھا جا نے لگا ہے کہ اس ضمن میں دنیا بھر میں تماشہ لگوا کر پاکستان اور آذاد کشمیر کے عوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے اور پھیلانے میں خود وہی عناصر ملوث ہیں جن کے حکم یا فرمائش پر”بھارتی ایکشن کمیٹی“ کو کلعدم قرار دیا گیا ہے۔
آخری بات کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کا کام ہی صرف یہ ہوتا ہے کہ آنے والے حالات کے بارے میں اپنی حکومت کو آگاہی دیں،اب یا تو خفیہ ادارے یہ پتہ لگانے میں ناکام رہے ہیں کہ ”بھارتی ایکشن کمیٹی“کیا کرنے والی ہے،جس سے ریاست اور پاکستان کو ملکی اور عالمی سطح پر جواب دہ ہونا پڑے گا،یا پھر ”بلیک میل ایکشن کمیٹی“ کے بھارت،اسرائیل،برطانیہ کی ایم آئی سکس یا پھر طالبان وغیرہ کے ساتھ گٹھ جوڑ کوئی ٹھوس ثبوت نہیں مل سکے۔
کون کسے استعمال کر کے اپنے اہداف کو پورا کرنے کی کوشش میں ہے اور کون آذاد کشمیر میں جاری صورت حال سے سیاسی فائدہ اٹھانے کے چکر میں ہے،اہل علم سب جانتے ہیں۔موجودہ جدید دور میں زیادہ دیر تک کچھ بھی نہیں چھپایا جا سکتا۔ آذاد کشمیر میں اڑائی گئی گرد جب بیٹھے گی تو آذاد کشمیر کے عوام کو مختلف قسم کے طعنے دینے والے محب وطن ضرور شرمندہ ہوں گے،لکھ کر رکھ لیجئے۔وقت بہت ظالم ہے معاف کسی کو نہیں کرتا۔
واپس کریں