دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
جموں کشمیر لبریشن لیگ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حصہ اور تمام حلقوں سے امیدوار کھڑا کرے گی
No image (راولپنڈی،نامہ نگار)جموں کشمیر لبریشن لیگ کی مرکزی مجلسِ عاملہ کا اجلاس راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں مجلسِ عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت مرکزی صدر لبریشن لیگ خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ نے کی۔ اجلاس کی کاروائی مرکزی سیکرٹری جنرل خلیق الرحمن سیفی ایڈووکیٹ نے سرانجام دی۔
اجلاس میں طے پایا کہ جموں کشمیر لبریشن لیگ بھرپور انداز میں آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات میں حصہ لے گی اور تمام انتخابی حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔
اجلاس نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کی مجوزہ اٹھائسویں ترمیم جس کے ذریعہ آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کی خصوصی حیثیت کو بدلنے کی تجاویز زیر غور ہیں جموں کشمیر لبریشن لیگ اسے مسئلہ جموں کشمیر کے خلاف اقدام قرار دیتے ہوئے اس مجوزہ ترمیم کو مسترد کرے گی اور اس کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے گی۔
اراکین مجلس عاملہ نے آمدہ انتخابات کے لیے انتخابی اتحاد سمیت دیگر فیصلہ جات کا اختیار مرکزی کابینہ کو سونپ دیا اور پارٹی پالیسی مرتب کرنے اور نظریاتی قیود کے اندر رہ کر معاملات کو یکسو کرنے کے اختیارات دے دیے۔
جموں کشمیر لبریشن لیگ کے مرکزی صدر خواجہ منظور قادر نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر کے عام انتخابات میں پاکستانی سیاسی جماعتوں کی فرنچائزوں پر پابندی عائد ہونی چاہیے اور بیرونی مداخلت کو بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات بروقت ہونے چاہییں اور کسی بھی قسم کے تاخیری حربے کو آئین سے انحراف گردانا جائے گا۔
انہوں نے تمام امیدواروں کو اپنے اپنے انتخابی حلقہ جات میں سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر قراردار پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
واپس کریں