معرکۂ حق کا ایک سال! قومی وقار عسکری عزم اور دفاعی خود اعتمادی کی نئی تعبیر

معرکہ حق کا پہلا سال مکمل ہونے پر پاک افواج نے قوم کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاک افواج بالخصوص پاک فضائیہ معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر قومی دفاع کی ایک فیصلہ کن اور تاریخی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی وساطت سے جاری کیئے گئے اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق نے قومی اعتماد کو نئی جہت دی، ادارہ جاتی عزم کو مزید مستحکم کیا اور پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں کو دنیا پر ثابت کیا۔ اس پیغام میں پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ سسٹمز'' niche "Disruptive کی صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ ملٹی ڈومین اپریشنز میں مہارت نے پاک فضائیہ کو جدید فضائی جنگ کے تقاضوں سے ہمکنار کیا ہے اور ایک مؤثر اور فیصلہ کن فورس بنا دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق کے دوران انجام دیئے گئے اپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں منفرد، غیر معمولی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر تھے۔ پاک فضائیہ کی کامیابیوں نے پاکستانی قوم کے اعتماد، حوصلے اور جذبہ حب الوطنی کو مزید مضبوط کیا ہے۔ پاک فوج کے اس بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جبکہ اس کی مسلح افواج ذمہ دارانہ پختہ سٹریٹجک سوچ کی حامل ہیں۔ پاکستانی مسلح افواج کی ہر تیاری، ہر کوشش اور ہر صلاحیت کا محور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کا فروغ ہے۔ پاکستان کے لیئے امن ہمیشہ عزت، وقار اور خود مختاری کے اصولوں سے جْڑا رہا ہے۔ پاک فوج خطے کی بدلتی جیو پولیٹیکل صورت حال اور دشمن کی جارحانہ عسکری تیاریوں سے مکمل باخبر ہے۔ پاک فوج مستقبل کے جنگی ماحول کے لیئے پہلے سے زیادہ تیار، مرکوز اور مکمل طور پر مستعد ہے۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا دشمنانہ عزائم کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔ پاک فضائیہ اس عظیم قوم کے لیئے ہمیشہ فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی۔ دریں اثناء پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس گذشتہ روز نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ معرکہ حق بیرونی جارحیت کا آہنی ہاتھوں سے جواب دینے کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ خلیج عمان میں اپنی موجودگی کے ذریعے مَیری ٹائم کمیونٹی کو تحفظ کی یقین دہانی کرا رہی ہے۔ اسی طرح وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ معرکہ حق نے دفاع وطن کے حوالے سے ہمیشہ کے لیئے واضح لکیر کھینچ دی ہے اور آئیندہ کسی مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ شدید اور فیصلہ کن ہو گا۔ معرکہ حق کی فتح نے بھارت کو پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی اتحاد کا واضح اور دو ٹوک پیغام دیا ہے۔
یہ حقیقت تو اب عالمی قیادتوں سمیت پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ بھارت نے گذشتہ سال 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات بزدل دشمن کی طرح چھپ کر پاکستان پر جارحیت کا ارتکاب کیا اور بہاولپور، مریدکے سمیت پاکستان کے متعدد شہروں میں گنجان آبادیوں پر ڈرون حملے کیئے اور میزائل برسائے جس سے متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ یہی وہ رات تھی جو پاکستان کے خلاف جنگ کے آغاز ہی میں دشمن پر بھاری ثابت ہوئی اور پاک فضائیہ کے پہلے سے الرٹ دستوں نے دشمن کے جنگی جہازورں کو نرغے میں لے کر یکے بعد دیگرے اس کے پانچ جہاز گرا دیئے جن میں تین فرانسیسی ساختہ جدید ترین جنگی جہاز بھی شامل تھے۔ یہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعلان کردہ اپریشن بنیانِ مرصوص کے تحت معرکہ حق کا پہلا ہلّہ تھا جو ٹھیک ٹھیک نشانے پر لگا۔ اس پہلے ہی معرکے میں جہاں دشمن کے ہاتھ پاؤں پھولے اور اسے دھول چاٹنا پڑی وہیں اقوام عالم میں پاکستان کی عسکری دفاعی صلاحیتوں کی بھی دھاک بیٹھ گئی۔ امریکی صدر ٹرمپ آج بھی پاکستان کی اس کامرانی کا اعتراف فخریہ الفاظ میں کرتے نظر آتے ہیں جو معرکہ حق میں پاکستان کے ہاتھوں آٹھ بھارتی جہاز گرائے جانے کی بھی تصدیق کر رہے ہیں جبکہ فرانسیسی متعلقہ کمپنی بھی معرکہ حق میں اپنے ساختہ رافیل طیاروں کے گرائے جانے کی تصدیق کر چکی ہے۔ اس طرح آپریشن بنیان مرصوص کے تحت گزشتہ سال 7 مئی کو شروع ہونے والا معرکۂ حق پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایسا درخشاں باب ثابت ہوا ہے جس نے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا بلکہ پوری دنیا پر یہ حقیقت بھی آشکار کر دی کہ پاکستان اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ آج جب پوری قوم معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ منا رہی ہے تو یہ دن محض ایک عسکری کامیابی کی یاد نہیں بلکہ قومی اتحاد، ادارہ جاتی استحکام اور دفاعی خود اعتمادی کے نئے عہد کی علامت بن چکا ہے۔بے شک معرکۂ حق نے پاکستانی قوم کے اعتماد کو نئی جدت بخشی ہے اور یہ واضح کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج جدید جنگی تقاضوں سے پوری طرح ہم آہنگ ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔ پاک افواج کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں اسی حقیقت کو دہرایا گیا ہے کہ افواجِ پاکستان کی ہر تیاری، ہر کوشش اور ہر صلاحیت کا محور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کا فروغ ہے۔ یہی وہ سوچ ہے جو پاکستان کو ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست اور امن پسند ملک کے طور پر دنیا میں ممتاز کر رہی ہے۔
یہ حقیقت ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے، مگر امن کی خواہش کو کبھی اپنی کمزوری نہیں بنایا۔ معرکۂ حق نے دشمن کو یہ واضح پیغام دیا کہ اگر پاکستان پر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو اس کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ طاقت، مہارت اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔ دشمن کی کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم نے پوری قوم کو مزید متحد اور پْرعزم بنا دیا ہے۔اس معرکے میں بالخصوص پاک فضائیہ کی کامیابیاں قابلِ فخر ہیں کیونکہ فضائی دفاع اور جنگی حکمت عملی میں پاکستانی شاہینوں نے جس مہارت، جرات اور پیشہ وارانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا، اس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا۔ پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے عزائم خاک میں ملائے بلکہ جدید فضائی جنگ میں اپنی برتری کا بھی لوہا منوایا۔ یہی وجہ ہے کہ معرکۂ حق کے بعد قوم کے حوصلے، اعتماد اور جذبۂ حب الوطنی میں غیر معمولی اضافہ ہوا اور نوجوان نسل میں افواجِ پاکستان کے لیے احترام اور محبت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔اس بنیاد پر پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے بلا شک و شبہ یہ ثابت کیا کہ تینوں مسلح افواج مکمل ہم آہنگی، جدید حکمت عملی اور قومی جذبے کے ساتھ دفاعِ وطن کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہیں۔ اس تناظر میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا یہ کہنا بھی دشمن ہے لیئے واضح پیغام ہے کہ معرکۂ حق نے دفاعِ وطن پر ہمیشہ کے لیے واضح لکیر کھینچ دی ہے اور آئندہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور فیصلہ کن ہوگا۔ یہ دراصل پاکستان کے دفاعی نظریے کی نئی جہت ہے جس کے تحت اب دشمن کا عسکری برتری کا خنّاس اس کی اپنی جڑوں میں ہی بیٹھ جائے گا۔ پاکستان نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔
بے شک معرکہ حق کی سب سے بڑی کامیابی یہ بھی ہے کہ اس نے پوری قوم کو ایک بار پھر متحد کر دیا۔ سیاسی اختلافات، داخلی کشیدگی اور معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان کے عوام نے ثابت کیا کہ جب بات وطن کے دفاع کی آئے تو پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔ یہی اتحاد پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ دشمن ہمیشہ پاکستان کے اندر تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے مگر معرکۂ حق نے اس کے تمام خواب چکنا چور کر دیئے۔یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان نے اپنی عسکری طاقت کو کبھی جارحیت کے لیے استعمال نہیں کیا بلکہ ہمیشہ دفاع، امن اور علاقائی استحکام کے لیے بروئے کار لایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان آج بھی خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی نے امن کے اس جذبے کو پاکستان کی کمزوری سمجھنے کی غلطی کی تو معرکۂ حق جیسا جواب اس کا مقدر ہوگا۔آج معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر پوری قوم اپنے شہداء ، غازیوں اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔ بے شک ان عظیم قربانیوں نے وطنِ عزیز کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے اور سات مئی کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ پاکستان بلا شبہ ایک زندہ، مضبوط اور ناقابلِ شکست قوم ہے۔بشکریہ نوائے وقت
واپس کریں