امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف مشترکہ جارحیت کا ستائیسواں روز: اب تک کی صورتحال

ایران جنگ بندی ڈیل میں لبنان میں اسرائیلی حملوں کا خاتمہ بھی چاہتا ہے، خبر ایجنسی
خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے جنگ بندی سے متعلق کسی بھی ممکنہ ڈیل میں لبنان کو شامل کرنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے اپنے اس مطالبے سے رابطہ کاروں کو آگاہ کر دیا ہے جبکہ 6 علاقائی ذرائع نے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران چاہتا ہے کہ امریکا کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں لبنانی مزاحمتی گروپ حزب اللہ پر اسرائیلی حملوں کے خاتمے کو بھی شامل کیا جائے۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے حزب اللہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اسے وسیع تر ڈیل کا حصہ بنایا جائے گا۔
ایک ایرانی عہدیدار کے مطابق تہران اس وقت امریکی تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے اور مشاورت کا عمل جاری ہے۔
خطے میں امریکا کے تمام فوجی اڈے تباہ کردیےہیں، پاسداران انقلاب
ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکا کے تمام فوجی اڈے تباہ کردیےہیں اور اب امریکی کمانڈر اور فوجی فرار ہوکر پناہ گاہوں میں چھپ گئے ہیں۔
پاسداران انقلاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ امریکی کمانڈروں اور فوجیوں کی کمیں گاہوں سےایران کوآگاہ کریں۔
امریکا اور اسرائیل نے 2 ایرانی رہنماؤں کو عارضی طور پر اپنی ٹارگٹ لسٹ سے ہٹادیا
امریکی حکام کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے ممکنہ امن مذاکرات کے پیش نظر دو سینئر ایرانی عہدیداروں کو عارضی طور پر ہدفی فہرست سے نکال دیا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کا نام4 سے 5 روز کے لیے ٹارگٹ لسٹ سے ہٹایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ترکی، پاکستان اور مصر کے ثالثین امریکا اور ایران کے درمیان فوری مذاکرات کیلئے قائل کرنے کوشش کر رہے ہیں تاکہ جنگ بندی ہوسکے جس کے بعد مزاکرات ممکن ہوں۔
تاہم اس حوالے سے حکام کی رائے ہے کہ امریکا اور ایران کی شرائط میں بڑے اختلافات کے باعث ان مذاکرات کی کامیابی کے امکانات کم ہیں۔
خارگ جزیرے پر حملے کا خطرہ، ایران نے بارودی سرنگوں کی تنصیب شروع کردی: امریکی میڈیا کا دعویٰ
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے خارگ جزیرے پرممکنہ حملے اور جنگ کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جزیرے پر بڑی تعداد میں راکٹس کی کھیپ پہنچادی گئی ہے جبکہ خارگ جزیرےکے ساحل پر بارودی سرنگوں کی تنصیب بھی جاری ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہےکہ خارگ کے اطراف انسانوں اور گاڑیوں سےٹکرانےوالی سرنگوں کی تنصیب کی جارہی ہے۔
نئی دہلی میں ایرانی سفارتخانے نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے شکریہ کا پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کردیا
نئی دہلی میں ایرانی سفارتخانے نے ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے شکریہ کا پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
ایکس پر جاری پیغام میں سفارتخانے کی جانب سے لکھا گیا ہےکہ ایرانی پاسداران انقلاب نے کشمیرکے عوام کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایرانی سفارتخانے نے تصویر پوسٹ کی ہے جس میں ایرانی میزائل کے ساتھ پاسداران انقلاب کا پیغام تحریر ہےکہ ‘ہم دل کی گہرائیوں سے کشمیری عوام کی حمایت کے شکرگزار ہیں اور آپ کی طرف سے اپنے رہنما کے قاتلوں سے انتقام لیں گے’۔
مریکا اپنے جنگ کے مقاصد میں ناکام ہو چکا، پڑوسی ممالک کو پیغام ہے امریکا سے فاصلہ رکھیں: عباس عراقچی
اپنے ایک انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا سے کوئی بات چیت نہیں ہورہی اور امریکا اپنے جنگ کے مقاصد میں ناکام ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا جنگ میں جلد کامیابی اور ایرانی حکومت کی تبدیلی میں بھی ناکام ہوچکا ہے۔
عباس عراقچی کا کہنا تھاکہ خطے میں امریکی اڈے ایران کے خلاف کارروائیوں کیلئے استعمال ہوتے رہے ہیں، ایران خطے کے کسی بھی ملک سے دشمنی نہیں رکھتا اور صرف امریکی اڈوں اور مراکز کو نشانہ بناتا ہے جہاں سے ایران کے خلاف حملے کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کو پیغام ہے کہ امریکا سے فاصلہ رکھیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ ہم نے کچھ ممالک کو جنہیں اپنا دوست تسلیم کیا انہیں آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی، ہم نے چین، روس، پاکستان، بھارت اور عراق کو گزرنے دیا لیکن اس بات کی کوئی وجہ نہیں کہ ہم اپنے دشمنوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دیں۔
’جنگ بندی کا فیصلہ صرف ایران کی شرائط پر ہوگا‘، ایران نے امریکی تجاویز مسترد کردیں
ایران نے جنگ بندی کیلئے امریکی تجاویز مسترد کردیں۔
ایرانی حکام کے مطابق ایران نے امریکی تجاویز کا جائزہ لیا اور انہیں غیرمناسب پایا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران صدر ٹرمپ کو اجازت نہیں دے سکتا کہ وہ جنگ کے خاتمے کا وقت تعین کریں اور ایران نے علاقائی ثالث کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ وہ اپنا دفاع جاری رکھے گا۔
ایران حکام نے بتایاکہ جنگ کے خاتمے کی پہلی شرط حملوں کا رُکنا اور ایرانی عہدیداروں کے قتل کا خاتمہ ہے اور ایران کی دفاعی کارروائیاں ایرانی شرائط پوری ہونے تک جاری رہیں گی۔
حکام کے مطابق جنگ بندی کا فیصلہ صرف ایران کی شرائط پر ہوگا، ایران جنگ کے دوبارہ آغاز کو روکنے کے ٹھوس اور ضمانت شدہ اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے، ایران میں جنگ کے نقصانات کا تعین اورادائیگی کی ضمانت دی جائے۔
جنگ بندی کیلئے ایران نے 5 شرائط رکھ دیں
ایران نے شرائط رکھیں کہ جنگ کے خاتمے کیلئے حملوں اور ایرانی عہدیداروں کا قتل روکا جائے، جنگ کے دوبارہ آغاز کو روکنے کے ٹھوس اور ضمانت شدہ اقدامات کیے جائیں اور ایران میں جنگ کے نقصانات کا تعین اورادائیگی کی ضمانت دی جائے۔
ایران کی شرائط کے مطابق ایران پر جاری جنگ اور خطے میں دیگر مزاحمتی گروپوں کے خلاف جنگ روکی جائے اور آبنائے ہرمز پر ایران کی خودمختاری کو تسلیم کیا جائے۔
خیال رہے کہ جنگ بندی کیلئے ایران کو امریکا کی 15 نکاتی تجاویز پہنچائی گئی ہیں، امریکا کی 15 نکاتی تجاویز میں ایران پر پابندیوں میں نرمی بھی شامل ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق پاکستانی عہدیدار نے بتایا کہ ایران کے جوہری پروگرام اور میزائل پروگرام کا خاتمہ بھی امریکی تجاویز میں شامل ہے، اس کے علاوہ آبنائے ہرمز کو کھولنا بھی امریکی تجاویز میں شامل ہے۔انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ( آئی اے ای اے)کی طرف سے ایران کی نگرانی بھی مجوزہ منصوبے میں شامل ہے، ایران اور امریکا کے درمیان سویلین جوہری تعاون بھی تجاویز میں شامل ہے۔
پاکستان نے جنگ بندی کیلیے امریکی تجاویز ایران کے حوالے کردیں؛ غیرملکی میڈیا
منصوبہ (پلان) تیار کر کے پاکستان کے ذریعے ایران کو بھجوا دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق رپورٹس میں نام ظاہر نہ کرنے والے حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے تین بڑے جوہری مراکز کو ختم کرے اور اپنی سرزمین پر یورینیم کی افزودگی مکمل طور پر بند کر دے۔
اس کے علاوہ ایران سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام کو معطل کرے اور خطے میں اپنے حمایت یافتہ گروہوں کی مدد کم کرے۔
اسرائیل نے ٹرمپ کو آیت اللہ خامنہ ای کو شہید کرنے پر قائل کیا، سابق سربراہ سی آئی اے
سابق سربراہ سی آئی اے لیون پینیٹا کا کہنا ہےکہ اسرائیل نےٹرمپ کوآیت اللہ خامنہ ای کوشہید کرنے پر قائل کیا اور ٹرمپ کویقین دلایا کہ کہ خامنہ ای کی شہادت سے رجیم چینج ہوجائےگا۔
لیون پینیٹا کے مطابق اسرائیل اور امریکا دونوں ہی نے احمقانہ طور پر غلط حساب کتاب کیا۔
صدر ٹرمپ سےزیادہ ایران کی باتوں پریقین کرتاہوں، سابق سربراہ سی آئی اے
سی آئی اے کے سابق سربراہ جان برینن کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ سےزیادہ ایران کی باتوں پریقین کرتاہوں۔
جان برینن کا کہنا تھا کہ حقائق بار بار سامنے آنے کے باوجود ٹرمپ انہیں تسلیم کرنے کو تیار نہیں اور وہ اپنی تخلیق کردہ شکست سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا یہ مؤقف بھی درست نہیں کہ ایران مذاکرات کے لیے سگنل دے رہا ہے یا امریکی شرائط پر بات چیت کرنا چاہتا ہے۔
سابق سربراہ سی آئی اے کے مطابق ایرانی حکومت کی جانب سے ٹرمپ انتظامیہ سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو رہی۔
ایران نے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی، تل ابیب میں متعدد عمارتیں تباہ
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق صیہونی ریجیم کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مقبوضہ علاقوں میں نشانہ بنایا۔
پاسداران انقلابکے مطابق خیبرشکن، ایماد اور سجیل میزائل، تباہ کن ڈرونز استعمال کیے گئے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے کمرشل،لاجسٹک اور سپورٹ مراکز ہدف بنائے گئے۔
سعودیہ کی ایران جنگ کی حوصلہ افزائی سے متعلق امریکی اخبار کی رپورٹ کی تردید
سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی قیادت نے ایران جنگ کی حوصلہ افزائی سے متعلق امریکی اخبار کی رپورٹ کی تردید کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب ان خلیجی ممالک میں سےہےجوخطےمیں فوجی کشیدگی ختم کرنےکےلیےکام کررہےہیں۔
سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نےکھل کرکہا ہےکہ وہ کسی ممکنہ جنگ کا حصہ نہیں بنےگا۔
اسرائیل جنوبی لبنان کےبڑے حصےمیں سکیورٹی بفرزون قائم کرےگا، اسرائیلی وزیردفاع
اسرائیلی وزیردفاع کٹز کاکہنا ہے کہ اسرائیل جنوبی لبنان کےبڑے حصےمیں سکیورٹی بفرزون قائم کرےگا تاکہ حزب اللہ کے حملوں روکا جائے۔
اسرائیلی وزیردفاع نے کہا کہ ہماری فوج دریائےلیطانی کےقریب اہم پل تباہ کر چکی ہے۔
اسرائیل کٹز کا مزید کہنا تھا کہ بےگھرلبنانی شہریوں کی واپسی کو سکیورٹی سے مشروط قراردیاگیاہے۔
امریکا اور اسرائیل نے منگل کوبھی بوشہرکی جوہری تنصیبات پرحملےکیے، ایرانی میڈیا
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے منگل کوبھی بوشہرکی جوہری تنصیبات پرحملےکیے ہیں۔
ایرانی میڈیا کابتانا ہے کہ ابتدائی رپورٹس کےمطابق حملےسےکوئی تیکنیکی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔
ہم نے ایران کی قیادت ختم کردی، یہ رجیم چینج ہے،نئی قیادت معاہدہ کرنے جا رہی ہے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہےکہ ایران میں اب کوئی قیادت باقی نہیں رہی، ایران میں شاندار کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
میڈیا سےگفتگو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران رضامند ہےکہ وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں بنائےگا، ایران اس بار سمجھداری سے بات کر رہا ہے، اب ہم صحیح لوگوں سے بات کر رہے ہیں جو معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ایران سے بات کر رہے ہیں، ایران میں شاندار کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، ان کی نیوی، ائیر فورس تباہ کر دی ہے، ہم نے ان کی قیادت ختم کردی ہے، یہ رجیم چینج ہے، انہوں نے ہمیں ایک تحفہ بھیجا جو کل مل گیا، ایران نے ہمیں تیل اور گیس سے متعلق بہت بڑا تحفہ دیا ہے، تحفہ بہت قیمتی اور آبنائے ہُرمُز سے متعلق تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران میں اب نئی قیادت ہے دیکھتے ہیں کہ وہ کیسا کام کرتے ہیں، ایران کی نئی قیادت معاہدہ کرنے جا رہی ہے۔ سعودی عرب، یو اےای اور قطر ایران کے معاملے میں بہت بہترین رہے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ ایران سے بات چیت میں نائب صدر جےڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر بھی شریک ہیں۔
لڑنےکے بجائے بات چیت کرنا ہمیشہ بہتر ہوتا ہے،چینی وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفون پر گفتگو
چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ امن کے ہر موقع سے فائدہ اٹھائیں اور جلد از جلد مذاکرات کا آغاز کریں۔
چینی میڈیا کے مطابق چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام مسئلے طاقت سے نہیں بات چیت سے حل ہونے چاہئیں، امید ہے فریقین امن بات چیت کا عمل جلد از جلد شروع کریں گے، لڑنے کے بجائے بات چیت کرنا ہمیشہ بہتر ہوتا ہےاور یہ ایران اور اس کے عوام کے مفاد میں ہے، جبکہ یہ عالمی برادری کی مشترکہ خواہشات کے مطابق بھی ہے۔
وانگ یی نے مزید کہا کہ چین غیر جانبدار اور منصفانہ مؤقف برقرار رکھے گا، خودمختاری کی خلاف ورزیوں کی مخالفت کرے گا، امن مذاکرات کو فروغ دے گا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کام جاری رکھے گا۔
ایرانی عوام پہلے سے زیادہ متحد ہو رہے ہیں، عباس عراقچی
یرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وانگ یی کو خطے کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا اور چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی ہنگامی انسانی امداد پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام بیرونی جارحیت کے خلاف مزاحمت اور قومی خودمختاری و آزادی کے تحفظ کے لیے پہلے سے زیادہ متحد ہو رہے ہیں۔
عباس عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ ایران عارضی جنگ بندی کے بجائے ایک مکمل اور جامع سیزفائر چاہتا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز تمام ممالک کے لیے کھلی ہے اور جہاز محفوظ طریقے سے گزر سکتے ہیں، تاہم وہ ممالک جو ایران کے خلاف جنگ میں شامل ہیں ان کے لیے یہ سہولت زیر غور نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام فریق کشیدگی بڑھانے کے بجائے اسے کم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے اور چین سے توقع ظاہر کی کہ وہ امن کے فروغ میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھےگا۔
جرمن صدر نے امریکا کی ایران جنگ کو تباہ کن غلطی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا
جرمنی کے صدر فرینک والٹر نے امریکا کی ایران جنگ کو تباہ کن سیاسی غلطی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
برلن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمن صدر نے ایران جنگ شروع کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ ایران کے خلاف جنگ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور اس جنگ نے جرمنی اور امریکا کے درمیان تعلقات میں ایک بڑی دراڑ پیدا کر دی ہے۔ اس جنگ کے لیے امریکا پر ممکنہ فوری حملےکے خطرےکا جواز قابل قبول نہیں ہے اور اس کی بنیاد کمزور ہے، یہ ایک ایسی جنگ ہے جس سے باآسانی بچا جاسکتا تھا۔
جرمن صدر نے اس جنگ کو غیر ضروری اور سیاسی طور پر تباہ کن غلطی قرار دیتے ہوئےکہا کہ ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت نے امریکا اور یورپ کے تعلقات میں ایسی تبدیلی پیدا کی ہے جس کی مثال روس کے یوکرین پر حملے کے بعد یورپ میں پیدا ہونے والی صورتحال سے دی جاسکتی ہے۔ جس طرح روس کے ساتھ تعلقات ماضی کی سطح پر واپس نہیں جاسکتے، اسی طرح امریکا اور یورپ کے تعلقات بھی اب پہلے جیسے نہیں رہیں گے۔
ایران کا مکمل خاتمہ کوئی آپشن نہیں، ہم ایک دوسرےکے ہمسائے ہیں اور رہیں گے، ترجمان قطری وزارت خارجہ
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نےکہا ہےکہ قطر ایران اور امریکا کے مذاکرات کا حصہ نہیں ہے، متحارب فریق جتنی جلدی مذاکرات کریں اتنا اچھا ہوگا۔
ماجد الانصاری نےکہا کہ ایران جنگ کو سفارتی ذرائع سے ختم کرنا چاہیے، جنگ کے خاتمے کے لیے تمام سفارتی چینلز کی حمایت کرتے ہیں، ثالثی کے لیے قطر کی کوئی براہ راست کوشش نہیں ہے، ایران کا مکمل خاتمہ کوئی آپشن نہیں، ہم ایک دوسرے کے ہمسائیہ ممالک ہیں اور رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعات کے خاتمے کے لیے سفارتکاری ہی راستہ ہونا چاہیے، قطر اپنی اور خطے کے دیگر ملکوں کی انرجی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کرتا ہے، ایران جنگ کے باعث خلیجی خطےکا سکیورٹی نظام متاثر ہوچکا ہے،خلیجی ممالک کو خطےکے سکیورٹی نظام کا ازسرِ نو جائزہ لینےکی ضرورت ہے، دفاتر میں دوبارہ کام شروع کرنے کا فیصلہ سکیورٹی جائزوں کی بنیاد پرکیا گیا، اب معمول کی زندگی کی طرف واپس جانا ضروری ہے، قطرکسی بھی اہم تنصیبات پر ممکنہ حملےکی صورت میں جواب دینےکا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ایران کے بارے میں آپ کا جو بھی نظریہ ہو لیکن جنگ میں پہل ایران نے نہیں کی، عمانی وزیر خارجہ
عمان کے وزیر خارجہ نے ایران کےخلاف جنگ طویل ہونے پر معاشی مسائل بڑھنے سے خبردار کردیا۔
عمانی وزیر خارجہ نے کہا ہےکہ ایران کے بارے میں آپ کا جو بھی نظریہ ہو لیکن جنگ میں پہل ایران نے نہیں کی، ایران کے خلاف جاری جنگ پہلے ہی وسیع پیمانے پر معاشی مسائل پیدا کر رہی ہے اور اگر یہ جاری رہی تو معاشی مسائل مزید بڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمان آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانےکے لیےکام کر رہا ہے۔
ایران کا امریکا اور اسرائیل پر 78 ویں میزائل لہر کا آغاز، تل ابیب سمیت امریکی فوجی اڈے نشانہ
پاسداران انقلاب نےکہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا، 78ویں لہر کے دوران خطے میں امریکی واسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب کاکہنا ہےکہ اس کارروائی میں ایلات، دیمونا اور شمالی تل ابیب سمیت مختلف اہداف پر ملٹی وارہیڈ میزائل اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے۔
اسلامی پاسداران انقلاب کے مطابق ان کارروائیوں میں جدید عماد اور قدر میزائل استعمال کیے گئے جبکہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اب تک پاسداران انقلاب کی زیادہ تر جنگی یونٹس اور بسیج فورسز کو مکمل طور پر میدان میں نہیں اتارا گیا، تاہم ضرورت پڑنے پر انہیں بھی شامل کیا جائے گا۔
ادھر ایرانی فوج نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ آسمان کودیکھو، نیا سرپرائزآنیوالاہے،بہت بڑےنتائج سامنے آئیں گے، ایرانی فوج کے اہلکار نے کہا صدر ٹرمپ ٹیلیفون اورسوشل میڈیا سے اپنا سرہٹائیں اور اپنی آنکھوں کو آسمان، اسٹاک مارکیٹ اور تیل کی قیمتوں پر مرکوز کریں، ایران بڑا سرپرائز دینے والا ہے۔
پاسداران انقلاب کےختم الانبیابریگیڈ کے ترجمان نے ڈونلڈ ٹرمپ کا جملہ طنزا دہرایا کہ ٹرمپ ‘یو آر فائرڈ، تھینک یو فاراٹینشن ٹو دِس میٹر’۔
ایران نے جنگ روکنے کیلئے 6 اسٹریٹجک شرائط پیش کردیں
ایک اہلکار نے نام ظاہر کیے بغیر ایرانی میڈیا کو بتایا کہ علاقائی پارٹیوں اور ثالثوں نے ایران کو تجاویز پیش کی ہیں کہ جنگ روکی جائے۔
اہلکار نے نئے قانونی اسٹریٹجک فریم ورک کے تحت چھ شرائط بتائیں جن میں سے اولین جنگ دوبارہ نہ شروع ہونے کی یقین دہانی ہے۔
دوسری خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو بند کیا جانا ہے، تیسری جارح کو پیچھے دھکیلنا اور ایران کو ہرجانے کی ادائیگی ہے۔
چوتھے تمام علاقائی فرنٹس پر جنگ کو ختم کیا جانا ہے، پانچویں آبنائے ہرمز کیلیے نئے قانونی رجیم پر عمل درآمد کیا جانا ہے اور چھٹی شرط ایران مخالف میڈیا آپریٹیوز کیخلاف قانونی کارروائی اور انہیں ملک بدر کرنا ہے۔
ایرانی وزیرخارجہ کی روسی ہم منصب سے گفتگو، خطےکی صورتحال پر بات چیت
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے ایران کی قومی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کادفاع جاری رکھنےکےعزم کااعادہ کیا، روسی ہم منصب سے گفتگو کے دوران ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران کےتوانائی ڈھانچے پر حملےکی دھمکی جنگی جرم اورنسل کشی کے مترادف ہے، ایسی دھمکیوں پرعمل کیاگیا تو ایران کاجواب فوری اورفیصلہ کن ہوگا۔
عباس عراقچی نےآبنائےہرمز سے متعلق ایران پر لگائے جانے والے الزامات مستردکردیے، انہوں نے واضح کیاکہ آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ دراصل امریکا اور صہیونی حکومت کےایران پرحملوں کانتیجہ ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری امریکا اوراسرائیل کو خلاف ورزیوں اور جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔
روسی وزیرخارجہ نےگفتگو کے دوران ایران پر امریکا اور اسرائیل کے غیرقانونی حملوں کی مذمت کی اور کہا روس بین الاقوامی فورمز میں ہمیشہ بین الاقوامی قانون کےتحفظ اور عالمی تعلقات میں قانون کی حکمرانی کوکمزور ہونےسےبچانےکی کوشش کرتا ہے۔
ٹرمپ نے ایران پر حملے کا حتمی حکم نیتن یاہو سےگفتگو کےبعد دیا: خبرایجنسی
خبر ایجنسی کے مطابق ایران پر حملےسے48گھنٹے پہلےنیتن یاہو نے ٹرمپ سےٹیلی فون پربات کی تھی، اسی ہفتےکے اوائل میں ٹرمپ اورنیتن یاہوکو انٹیلی جنس بریفنگز دی گئی تھیں، انہیں بتایاگیا تھاکہ خامنہ ای اور ان کےاہم مشیروں کا اجلاس تہران میں ہونے والا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق نیتن یاہو نےکہاکہ خامنہ ای کو قتل کرنےکا اس سےبہترموقع نہیں مل سکتا، ایرانی قیادت کوختم کرکےٹرمپ تاریخ رقم کرسکتےہیں، واضح نہیں کہ یہی عنصر امریکی صدر کےفیصلےمیں فیصلہ کن ثابت ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اس سےقبل روبیو نےقانون سازوں کوبتایا تھاکہ امریکاکو اس تنازع میں گھسیٹاجاسکتا ہے، ایران میں جنوری کے واقعات کےبعدامریکا اور اسرائیل کی جنگی منصوبہ بندی میں تیزی آئی، جنگی منصوبہ بندی کےدوران نیتن یاہونےحملےکےحق میں لابنگ مہم چلائی۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان سے سوال ہوا کہ کیا امریکا کونیتن یاہونےجنگ میں گھسیٹا؟ جس پر ترجمان وائٹ ہاوس نے جواب دینے سے گریز کیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق اس بات چیت سےپہلےہی ٹرمپ ایران پرحملےکی منظوری دےچکےتھے، ٹرمپ نےنہ وقت کا تعین کیاتھا،نہ ہی یہ طےکیاتھاکہ کن حالات میں حملہ کرنا ہے، امریکی فوج نےکئی ہفتوں تک خطےمیں اپنی موجودگی بڑھائی تھی،حملےکی ایک ممکنہ تاریخ چنددن پہلےکی تھی جوخراب موسم کی وجہ سےمنسوخ کردی گئی۔
میں اور آیت اللہ آبنائے ہرمز پر مشترکا کنٹرول قائم کر سکتے ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ
صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کاکہنا تھا کہ دنیا کی تقریباً 20 فیصد توانائی ترسیل کے لیے اہم اس آبی گزرگاہ کو مشترکا طور پر کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ اور ایران کے آیت اللہ آبنائے ہرمز پر مشترکہ کنٹرول قائم کر سکتے ہیں، ٹرمپ کا کہنا تھا یہ کنٹرول میرے ذریعے بھی ہوسکتا ہے اور مشترکا طور پر میرے اور آیت اللہ کے ذریعے بھی۔ ٹرمپ نے اپنے بیان کی مزید وضاحت نہیں کی۔
یاد رہےکہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ممکنہ مذاکرات کی باتیں بھی گردش کر رہی ہیں۔
ٹرمپ کے 5 روزہ الٹی میٹم کا مطلب جرائم جاری رکھنا ہے: ایرانی اہلکار
ایرانی اہلکار نے کہا کہ ٹرمپ انفراسٹرکچرپر حملے سے پیچھےہٹ گئے، ٹرمپ پسپا ہوئے کیونکہ اقتصادی مارکیٹس کو خطرہ ہے۔
ایرانی اہلکار کے مطابق ثالثوں کےذریعے ہمیں پیغام بھیجا جارہاہے لیکن ایران ڈیٹرینس کےحصول تک دفاع جاری رکھےگا، ایرانی اہلکار نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے کی حالت پر نہیں لوٹے گی، انرجی مارکیٹ میں بھی استحکام نہیں آئےگا۔
ایران جنگ کے اثرات، جنوبی کوریا کی کرنسی ڈالر کے مقابلے 17 سال کی کم ترین سطح پر
مارکیٹ میں بے یقینی کی وجہ سےجنوبی کوریائی وون کی قدر تیزی سےگری ہے، خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا میں ایک ڈالر 1510 وون کاہوگیا، ڈالرکےمقابلے میں جنوبی کوریائی کرنسی 2009 کےبعدکم ترین سطح پر آئی ہے۔
برطانوی وزیراعظم اور امریکی صدر کی گفتگو، آبنائے ہرمز کھولنے پر بات چیت
برطانوی وزیراعظم سرکیئراسٹارمر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو ہوئی، ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، عالمی شپنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے آبنائے ہرمز کھولنے پر بھی گفتگو کی گئی۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 113 ڈالر فی بیرل سے بڑھ گئی جبکہ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت بھئ 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔
ایران کاکلسٹر وار ہیڈز والے میزائلوں سے اسرائیل پر نیا حملہ، گاڑیوں اور مکانات کو نقصان
ایران نے میزائل مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کی جانب فائر کئے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل رہائشی علاقوں میں گرے،گاڑیوں اور مکانات کو نقصان پہنچا۔ اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ناکام رہا۔
ایران کی امریکاکو وارننگ، آبنائے ہرمز مکمل بندکرنےکا اعلان
پاسداران انقلاب نے دوٹوک الفاظ میں امریکا اور اسرائیل کو واضح پیغام دیدیا کہ توانائی تنصیبات پر حملے کی صورت میں وہ آبنائے ہرمز مکمل بند کردیں گے۔
اسرائیلی جوہری تنصیب کے قریب میزائل حملےکے بعد تابکاری کاکوئی خطرہ نہیں: آئی اے ای اے
انٹرنیشنل اٹامک توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ اسرائیلی علاقے ڈیمونا کے قریب میزائل حملے کے بعد کسی قسم کے تابکاری کے شواہد نہیں ملے۔
آئی اے ای اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ واقعے کی صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور اب تک اسرائیل کے حساس جوہری مرکز کو کسی نقصان پہنچنے کے شواہد موصول نہیں ہوئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے کے ممالک سے ملنے والی معلومات کے مطابق واقعے کے بعد کسی غیر معمولی تابکاری کی سطح بھی ریکارڈ نہیں کی گئی۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے جوہری تنصیبات کے اطراف میں زیادہ سے زیادہ فوجی احتیاط برتنے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی کشیدگی جوہری تحفظ کے بحران کو جنم دے سکتی ہے۔
ایران کے میزائل حملوں میں 180 اسرائیلی زخمی، 8 کی حالت تشویشناک
اسرائیلی وزارت صحت کےمطابق عراد میں ایرانی میزائل حملے میں 116اور ڈیمونا میں 64 افراد زخمی ہوئے۔
اس سے پہلے اسرائیلی میڈیا 6 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی خبردے چکا ہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق عراد پر حملے کے وقت مکینوں کے لیے الرٹ بھی جاری نہ ہوسکا۔
ایران نے نطنز کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے جواب میں ڈیمونا کو نشانہ بنایا جہاں اسرائیلی ایٹمی ری ایکٹر واقع ہے، حملے کا نشانہ بننے والا دیمونا نامی قصبہ اسرائیلی جوہری تنصیب سے لگ بھگ 13 کلومیٹر دور واقع ہے
امریکی ٹریثری بونڈ ایرانیوں کےخون سے رنگین ہیں: اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ
ایران نے امریکی ٹریثری بونڈ خریدنے والی کمپنیز کو وارننگ جاری کردی، اسپیکرایرانی پارلیمنٹ قالیباف نے کہا کہ امریکی ٹریثری بونڈ ایرانیوں کے خون سے رنگین ہیں، امریکی بونڈز خریدار کمپنیوں کے ہیڈکوارٹر نشانہ ہوں گے۔
آبنائے ہرمز سے متعلق دھمکیوں سے کسی صورت خوفزدہ نہیں ہوں گے: وزیرخارجہ ایران
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کے معاملے پر مزید دھمکیوں سے ہر گز خوفزدہ نہیں ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت میں رکاوٹ اس جنگ کے باعث ہے جس کا آغاز امریکا اور اسرائیل نے کیا۔
انہوں نے امریکا اور اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بحری راستے میں رکاوٹ کی ذمہ داری ایران پر نہیں بلکہ ان ممالک پر عائد ہوتی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ نہ کوئی انشورنس کمپنی اور نہ ہی ایران مزید دھمکیوں کی زد میں آئے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور خطرناک صورتحال کے ذمہ دار براہ راست امریکا اور اسرائیل ہیں۔
اسرائیل کے آسمانوں پر اب ایران کے میزائلوں کا تسلّط ہے، ایرانی پاسداران انقلاب کا اعلان
ایرانی پاسداران انقلاب کی ایروسپیس فورس کے کمانڈر سید ماجد موسوی نے کہا ہے کہ آج کے بعد اسرائیل کے مقبوضہ علاقوں پر ایران کے بیٹوں کا غلبہ قائم ہو گیا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کی ایروسپیس فورس کے کمانڈر نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے جن علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے اس کے آسمانوں پر اب ایرانی میزائلوں کو تسلّط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی نئی حکمت عملی اور لانچ سسٹم سے امریکی اور صیہونی کمانڈر حیران رہ جائیں گے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کی ایروسپیس فورس کے کمانڈر نے اعلان کیا کہ آج رات اسرائیلی مقبوضہ علاقوں کا جنوبی حصہ کئی گھنٹوں تک ایرانی میزائلوں سے چمکتا رہے گا۔
اس کے علاوہ خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران زیادہ جدید نظام کے ساتھ دشمن پر قہر برسانے کے لیے میدانِ جنگ میں داخل ہو چکا ہے۔
دیمونا اور عراد پر ایران کے ہولناک حملوں کے بعد اسرائیل نے پورے ملک کے تعلیمی اداروں میں چھٹی دے دی
دیمونا اور عراد پر ایران کے ہولناک حملوں کے بعد اسرائیل نے پورے ملک میں تعلیمی اداروں میں چھٹی دے دی۔
اسرائیلی وزارت تعلیم نے اعلان کیا کہ اتوار اور پیر کے روز کوئی شخص جسمانی طور پر کسی تعلیمی ادارے میں نہ جائے۔
واضح رہے کہ ایرانی میزائل حملوں نے جنوبی اسرائیلی شہر دیمونا اور عراد میں بڑی تباہی مچا دی ، کئی عمارتیں تباہ، 6 افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ہفتے کو ایران نے نطنز میں اپنی جوہری تنصیبات پر امریکا اور اسرائیلی حملے کے جواب میں اسرائیلی ایٹمی مرکز دیمونا پر یکے بعد دیگرے 2 حملے کیے 51 افرادزخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ جنوبی اسرائیل کے شہر عراد پر بھی ایرانی میزائلوں نے بارش کی۔
اسرائیلی میڈیا نے عراد پر ایرانی حملے میں 6 اسرائیلیوں کی ہلاکت اور 100 سے زائد زخمیوں کی تصدیق کر دی۔
ایران نے بحر ہند میں فوجی اڈے ڈیگو گارشیا پر بیلسٹک میزائل داغنے کی تردید کر دی
ایران نے اپنے سمندر سے دور بحر ہند میں امریکا اور برطانیہ کے مشترکا فوجی اڈے ڈیگو گارشیا پر بیلسٹک میزائل داغنے کی تردید کردی۔
الجزیرہ کے مطابق ایک سینیئر ایرانی عہدے دار نے بتایا کہ ایران ڈیگو گارشیا پر حملے کا ذمے دار نہیں۔ ڈیگو گارشیا ایرانی سرزمین سے چار ہزار کلومیٹر دور ہے۔
اس سے پہلے امریکی اخبار نے ڈیگو گارشیا فوجی اڈے پر ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کا دعویٰ کیا تھا۔
امریکی اخبار نے یہ بھی کہا تھا کہ ایرانی میزائل ڈیگو گارشیا فوجی اڈے کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے۔ خبر آنے کے بعد برطانیہ نے ڈیگو گارشیا پر حملے کی مذمت کی تھی۔
ایرانی میزائل حملوں نے جنوبی اسرائیلی شہر عراد میں تباہی مچادی ، 6 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی
ایرانی میزائل حملے نے جنوبی اسرائیلی شہر عراد میں تباہی مچادی ، حملے میں 6 افراد ہلاک، جبکہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔
سرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے جنوبی اسرائیلی شہر عراد میں میزائل حملہ کیا گیا جس میں کم از کم 20 عمارتوں کونقصان پہنچا۔
میزائل حملے میں 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد افرادزخمی ہوگئے۔
جنوبی اسرائیل کے شہر عراد کے اسپتال نے ایرانی میزائل حملے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔
اسرائیلی میڈیاکےمطابق عراد پر حملے کے وقت رہائشیوں کیلئے الرٹ بھی جاری نہ ہوسکا، حملے کےوقت متعدد افرادچہل قدمی کر رہےتھے۔
سعودی عرب نے 2 ایرانی فوجی اتاشیوں اور ان کے عملے کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیکر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا
سعودی عرب نے ایران کے 2 فوجی اتاشیوں اور ان کے عملے کے 3 ارکان کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
سعودی عرب نے ان 5 اہلکاروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر 24 گھنٹے کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
سعودی حکومت نے کہا کہ ایران نے سعودی عرب، خلیج تعاون کونسل اور عرب اور اسلامی ملکوں کو باربار ہدف بنایا، سعودی خودمختاری، سویلین انفرااسٹرکچر، معاشی مفادات اور سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی نفی کی۔
سعودی حکومت کے مطابق جارحیت جاری رہنے کے ہمارے تعلقات پر سنگین اثرات ہوں گے۔
آپ ہمارے بھائی ہیں، ہمارا آپ سے کسی قسم کا کوئی تنازع نہیں، ایرانی صدر کا اسلامی اور ہمسایہ ممالک کے نام پیغام
شفقنا اردو: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے عیدالفطر کے موقع پر اسلامی ممالک اور ہمسایوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں، ہمارا آپ لوگوں سے کسی قسم کا کوئی تنازع نہیں ہے۔
ایرانی صدر نے اسلامی ممالک اور ہمسایوں کے نام پیغام میں کہا کہ ہمارے درمیان اختلافات سے صرف صہیونی ریاست ہی فاٗئدہ اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عید الفطر کے موقع پر اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمیں طاقت اور اتحاد عطا فرمائے تاکہ ہم نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کر کے اللہ کی رضا حاصل کر سکیں۔
امریکا اور اسرائیل کا ایران کی جوہری تنصیب نطنز پر حملہ
ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیب نطنز پر حملہ کیا، حملے کے بعد نطنز جوہری تنصیب پر تابکاری کے اثرات کی اطلاع نہیں ملی۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق نطنزجوہری تنصیب پرحملےکے بعد اطراف کے رہائشیوں کوبھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔
ہم پر جنگ مسلط کی گئی، جب تک ضروری ہوگا اپنی حفاظت جاری رکھیں گے: ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے یہ ہماری جنگ نہیں، یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی ہے، ہم دفاعِی اقدامات کر رہےہیں، جب تک ضروری ہوگا ہم اپنی حفاظت جاری رکھیں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا جاپانی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا لگتا نہیں کہ امریکا اپنی جارحیت ختم کرنےکےلیےتیارہے، امریکا، اسرائیل کے ساتھ جنگ کے خاتمےکے لیے صرف جنگ بندی کافی نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا یہ ہماری جنگ نہیں، یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی ہے، ہم امریکا سے مذاکرات کر رہے تھے جب امریکا اوراسرائیل نے ہم پرحملہ کیا، امریکی و اسرائیلی اقدام غیر قانونی، بلاجواز اور بلااشتعال جارحیت کا عمل تھا، ہم دفاعِی اقدامات کر رہےہیں، جب تک ضروری ہوگا ہم اپنی حفاظت جاری رکھیں گے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ہمیں جنگ بندی قبول نہیں کیونکہ ہم گزشتہ سال والا منظرنامہ دوبارہ دہرانےکے حق میں نہیں ہیں، جنگ کو مکمل اور مستقل طور پر ختم ہونا چاہیے، اس بات کی ضمانت ہونی چاہیے کہ یہ صورتحال دوبارہ پیدا نہیں ہوگی۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا آبنائے ہرمز گزرگاہ کھلی ہوئی ہے، ہم نے بند نہیں کی، آبنائے ہرمز صرف دشمنوں سے تعلق رکھنے والے جہازوں کے لیے بندہے، آبنائے ہرمز ان ممالک کے لیے بند ہے جو ہم پر حملے کر رہے ہیں، دوسرے ممالک کے جہاز آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں، رابطہ کرکےہم سےبات کرنے والےممالک کو آبنائے ہرمز کا محفوظ راستہ دینےکو تیار ہیں۔
ایران کا بحر ہند میں امریکی و برطانوی مشترکہ فوجی اڈے پر میزائل حملہ
ایران نے امریکی و برطانوی مشترکہ فوجی اڈے پر میزائل حملہ کر دیا۔
امریکی اخبار کے مطابق ڈیگو گارشیا بیس کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، ایران نے 2 درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل فائر کیے۔
امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ کوئی میزائل ہدف کو نشانہ نہ بناسکا۔ ایک میزائل دوران پرواز گرا جبکہ امریکی بحری جہاز نے دوسرے میزائل کو روکا۔
امریکی اخبار کے مطابق بحر ہند میں واقع فوجی اڈہ محفوظ رہا۔
امریکا نے عارضی طور پر ایرانی خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی اجازت دے دی
امریکا نےعارضی طور پر ایرانی خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی اجازت دے دی۔
امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ نئے لائسنس کے تحت جہازوں پر لوڈ تیل کی فروخت کی اجازت ہوگی۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق نیا لائسنس 19 اپریل تک فعال رہے گا۔
ادھر ایران نے کہا ہے کہ پابندیاں ختم کرنےکی بات صرف خریداروں کوامید دلانے کےلیےہے، عالمی منڈی میں فروخت کیلئے کوئی تیل نہیں، امریکی فیصلہ خام تیل قیمت میں کمی کے نفسیاتی حربے کے سوا کچھ نہیں۔
کلسٹر بموں والے ایرانی میزائلوں سے اسرائیلی پریشان ہوگئے
کلسٹر بموں والے ایرانی میزائلوں سے اسرائیلی پریشان ہوگئے۔ اسرائیلیوں کا کہنا ہے کہ انہیں روکنا بہت ہی مشکل ہے ۔
کلسٹر بموں والے میزائلوں کو ناکام بنانا بہت مشکل ہوتا ہے ، ان بموں کو لانے والا میزائل مار گرایا بھی جائے تب بھی ان میں موجود کلسٹر بم تباہی پھیلانے سے نہیں رکتے۔
غیر ملکی جرائد کے مطابق جیسے جیسے جنگ آگے بڑھ رہی ہے ویسے ویسے ایران نے کلسٹر بموں والے میزائلوں کا استعمال بڑھا دیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل نداو شوشانی کا کہنا ہے کہ وسطی اسرائیل میں ایسے درجنوں مقامات ہیں جو ان میزائلوں کا نشانہ بنے ہیں، اسرائیل نے کلسٹر بم لے جانے والے میزائلوں کو روکا لیکن ہر میزائل میں 20 سے 80 گولے تھے، جنھیں روکنا بہت مشکل تھا ۔
اسرائیل میں ایرانی میزائلوں سے اب تک 14 افراد مارے جا چکے ہیں، کلسٹر بموں کے بڑھتے ہوئے استعمال نے اسرائیلیوں کو سوال اٹھانے پر مجبور کر دیا ہے کہ یہ جنگ کب اور کیسے ختم ہوگی ۔
مقبوضہ بیت المقدس کے قدیم شہر میں ایرانی میزائلوں کی سے تباہی
مقبوضہ بیت المقدس کے قدیم شہر میں ایرانی میزائلوں کے حملے میں نقصان ہوا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل نے رپورٹ کیا ہے کہ میزائلوں کی پہلی لہرکو روک لیا گیا لیکن اتنے میں ہی دوسری لہر آگئی جس سے مقامی پارکنگ لاٹ میں تباہی ہوئی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس حملے میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
سوئٹزرلینڈ نے ایران جنگ کے باعث امریکا کو اسلحےکی برآمدات روک دیں
سوئٹزرلینڈ نے ایران جنگ کے باعث امریکا کو اسلحےکی برآمدات روک دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوئس حکومت کا کہنا ہےکہ ایران جنگ میں شامل ممالک کو اسلحےکی فراہمی معطل کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سوئٹزرلینڈ نے امریکا کی 2 فوجی پروازوں کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے بھی انکار کردیا تھا۔
سوئٹزرلینڈ کا کہنا تھا کہ غیرجانبداری کے قانون کے تحت جنگ سے متعلق فوجی پروازوں کی اجازت نہیں، انسانی اور طبی امداد سے متعلق پروازوں کو اجازت دی جاسکتی ہے، زخمیوں کی منتقلی اور غیر جنگی پروازوں کو گزرنے کی اجازت ہے۔
ترکیے اور عمان پر ہونیوالے حملوں میں ایران ملوث نہیں: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ترکیے اور عمان پر ہونے والے حملوں میں ایران یا اس کے اتحادی ملوث نہیں ہیں۔
نئے ایرانی سال کے آغاز پر جاری اپنے پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے پر پختہ یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مشرقی ہمسایوں کو اپنے بہت قریب سمجھتے ہیں۔ خامنہ ای نے پاکستان اور افغانستان سے اپیل کی کہ وہ باہمی تعلقات کو بہتر بنائیں، اور اس حوالے سے تعاون کی پیشکش بھی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اپنے دونوں برادر ممالک افغانستان اور پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کریں، اور میں خود بھی اس کے لیے ضروری اقدامات کرنے کو تیار ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں مسلمان ممالک آپس میں بہتر اور اچھے تعلقات قائم رکھیں۔
اسرائیل سعودی آرامکو سمیت خطے کی دیگر توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے: خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر
ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل خطے میں توانائی کے اہم مراکز کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اسرائیل خصوصاً سعودی آرامکو تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ماضی میں ایران پر الزام لگانے اور علاقائی ممالک میں اختلافات پیدا کرنےکی تخریبی کارروائیاں اسرائیلی بدنیتی کی تصدیق کرتی ہے۔
ٹرمپ نے ایران جنگ میں شامل نہ ہونے پر نیٹو اتحادیوں کو بزدل قرار دے دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کے اتحادی ممالک پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں ایران جنگ میں شامل نہ ہونے پر بزدل قرار دے دیا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’امریکا کے بغیر نیٹو ایک کاغذ کا شیر ہے‘۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اتحادی ممالک نے ’جوہری صلاحیت رکھنے والے ایران کو روکنے کی لڑائی‘ میں شامل ہونے سے گریز کیا۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ اب جبکہ یہ جنگ ’عسکری طور پر جیت لی گئی ہے‘ اور اتحادیوں کے لیے خطرہ کم ہے، وہ تیل کی بلند قیمتوں پر شکایت کر رہے ہیں لیکن آبنائے ہرمز کو کھولنے میں مدد نہیں کرنا چاہتے۔
ہم نے اپنی غیر فوجی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کے جواب میں طاقت کا چھوٹا سا مظاہرہ کیا: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے اپنی غیر فوجی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کے جواب میں طاقت کا چھوٹا سا مظاہرہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحمل کا مظاہرہ کشیدگی میں کمی کی درخواستوں پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے بنیادی ڈھانچے پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو تحمل کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ جنگ کا خاتمہ کسی بھی انداز سے ہو، شہری علاقوں میں ہوئے نقصانات کا ازالہ لازمی شرط ہوگی۔
صیہونی حکومت کی نوعیت ریاستی دہشت گردی پر مبنی ہے، مسعود پزشکیان
اپنے بیان میں ایران کے صدر نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت اور شہید رہنما کے قتل میں جو کچھ ہوا وہ بین الاقوامی تنازعات کے لیے ایک نیا طریقہ ہے جو دنیا کے قانونی نظام کو تباہ کر دے گا۔
صدر پزشکیان نے خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری اس بحران کے خلاف مضبوطی سے کھڑی نہ ہوئی تو اس شعلے کی آگ بہت سے لوگوں کو جلا دے گی۔
علی لاریجانی کی شہادت خامنہ ای کی شہادت سے بھی بڑا سانحہ ہے: برطانوی اخبار
برطانوی اخبار نے لکھاکہ علی لاریجانی سیاست کے مرد میدان تھے، وہ روس اور چین سمیت کئی ملکوں میں اپنا اثر رکھتے تھے اور انہی صلاحیتوں کی وجہ سےاسرائیل نے انہیں نشانہ بنایا، برطانوی اخبار کے مطابق لاریجانی کی موت پاسداران انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی کی موت کے بعد بڑا سانحہ ہے۔
یورپی یونین کا ایران جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان
یورپی یونین کے مطابق ایران جنگ سے فوری طور پریورپ کی جانب نقل مکانی میں اضافہ نہیں ہوا۔ یورپی یونین نے ممکنہ نقل مکانی کےخدشات پر تیاری مکمل رکھنے پر زور دیتے ہوئےکہا کہ یورپ اپنی سکیورٹی کے لیے سفارتی، قانونی اور مالی وسائل استعمال کرے گا۔
امریکاکی اپنے شہریوں کو عراق فوری چھوڑنےکی ہدایت
بغداد میں امریکی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہاکہ ایران سے منسلک مسلح گروہوں کی جانب سے حملوں کا خطرہ بڑھ گیا، امریکی شہریوں اور مفادات پر حملوں کا خطرہ ہے، عراق،کردستان ریجن میں ہوٹل اور ائیرپورٹس اہداف ہوسکتے ہیں۔
آبنائے ہرمز میں ٹرمپ کا ساتھ دینا آئس برگ سے ٹکرانےکے بعد ٹائٹینک کا ٹکٹ خریدنےجیسا ہے، سابق فرانسیسی جنرل
نیٹو کے سابق فرانسیسی جنرل مائیکل یاکوفلیو نےکہا ہےکہ آبنائے ہرمز میں ٹرمپ کا ساتھ دینا آئس برگ سے ٹکرانے کے بعد ٹائٹینک کا ٹکٹ خریدنےجیسا ہے۔
فرانسیسی ٹی وی سے گفتگو میں سابق جنرل مائیکل یاکوفلیو کا کہنا تھا کہ یہ اتحادیوں کی جانب سے امریکا کی حمایت میں تاریخی نقصان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز بھیجنا صرف فوجی خطرہ مول لینے کا معاملہ نہیں بلکہ اس سے اس تنازع کی سیاسی ذمہ داری بھی بانٹنی پڑےگی۔
ایران کا آپریشن وعدہ صادق 4کی 65 ویں لہر میں اسرائیلی اہداف پر ملٹی وار ہیڈ نصراللہ میزائل سے حملہ
ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے اسرائیل کے خلاف آپریشن وعدہ صادق 4 کی 65 ویں لہر میں اسرائیلی اور امریکی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق اسرائیل میں اشدود اورحیفا کی آئل ریفائنریزپر حملہ کیا گیا جن میں پہلی بارملٹی وار ہیڈنصراللہ میزائل استعمال کیاگیا۔ حملوں میں خیبر شکن،عماد اور حاج قاسم میزائل بھی استعمال کیے گئے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق درمیانے فاصلے کے قیام اور ذوالفقار میزائلوں سے بھی خطے میں امریکی اہداف اور مفادات کو نشانہ بنایا گیا۔
پینٹاگون نے ایران جنگ کیلئے 200 ارب ڈالر سے زائد بجٹ کی درخواست کردی: خبر ایجنسی
خبر ایجنسی نے ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر رکن کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پینٹاگون کی جانب سے 200 ارب ڈالر سے زائد بجٹ کی درخواست وائٹ ہاؤس کو بھجوا دی گئی، اضافی فنڈ کی ضرورت ایران جنگ کے بڑھتے اخراجات کے باعث پیش آئی ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق امریکی سینیٹ میں اقلیتی رہنما چک شومر نے اس بھاری مالی مطالبے پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے بے ہودہ اور ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
دوسری جانب صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم کہیں بھی فوج نہیں بھیج رہے، اگر بھیج رہے ہوتے تو یقیناً آپ کو نہ بتاتا، لیکن ہم ایسا نہیں کر رہے۔ ہم تیل اور گیس کی قیمتیں کم رکھنے کے لیے جو بھی ضروری ہوا کریں گے۔
اسرائیلی شہر حیفا میں پاور پلانٹ پر ایرانی میزائل حملے کے بعد شہر میں بجلی کی فراہمی شدید متاثر
اسرائیل کے شہر حیفا میں پاور پلانٹ پر ایرانی میزائل حملے کے بعد شہر میں بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق اسرائیلی شہر حیفا کے بجلی گھر کو نشانہ بنایا ہے، یہ ردعمل ساؤتھ پارس گیس فیلڈ پر حملے کے جواب میں ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کے دوران گرنے والے ملبے سے پاور اسٹیشن متاثر ہوا ہے اور حیفا میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
کیلیفورنیا کےگورنرکی ایران جنگ کے خلاف صدر ٹرمپ پر کڑی تنقید
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ایران جنگ کے خلاف صدر ٹرمپ پر کڑی تنقید کی ہے۔
ایک بیان ڈیموکریٹس گورنر گیون نیوسم نے کہا کہ ملک بھر میں گیس کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہو رہے ہیں، ہمارے دیرینہ اتحادی ہمارا ساتھ چھوڑ رہے ہیں اور امریکا کے صدر ٹرمپ کو کوئی اندازہ ہی نہیں ہے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔
میزائل حملوں کا خوف اور بنکرز کی کمی، اسرائیلی فوجیوں نے ڈیوٹی سے انکار کردیا
تل ابیب: اسرائیلی فوج کے لیے بنکرز کی کمی کے باعث بعض اہلکاروں نے ڈیوٹی انجام دینے سے انکار کردیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج کے رضاکار اہلکاروں نے راکٹ اور میزائل حملوں سے ناکافی تحفظ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پوسٹنگ پر رپورٹ کرنے سے انکار کیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق لاجسٹک مسائل کا جواز دے کر بنکرز کی فراہمی بار بار مؤخر کی جارہی ہے۔
ایک اسرائیلی فوجی نے صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب سائرن بجتا ہے تو ہم ہیلمٹ پہن کر صرف دعا کرتے ہیں۔
ایک اور اہلکار کا کہنا تھا کہ اگر کوئی زخمی ہو جائے تو کیا صرف افسوس کا اظہار کیا جائے گا؟
اہلکاروں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جو فوج 2 ہزار کلومیٹر دور اہداف کو نشانہ بنا سکتی ہے، کیا وہ اپنے سپاہیوں کو ایک بنکر فراہم نہیں کر سکتی۔
ایران کا آپریشن وعدہ صادق 4 کی 64ویں لہر میں اسرائیلی اور امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 64ویں لہر کے دوران اسرائیل کی وسطی اور شمالی حصوں میں متعدد اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق اس کارروائی میں اسرائیل کے بن گوریون ائیرپورٹ اور حیفا ریفائنریز سمیت دیگر مقامات کو ہدف بنایا گیا جہاں صہیونی افواج کی سرگرمیاں اور لاجسٹک سپورٹ مراکز موجود ہیں۔
پاسداران انقلاب کے مطابق ان حملوں میں قدر، عماد، خیبر شکن اور کلسٹر بم وار ہیڈوالے خرمشہر میزائل استعمال کیے گئے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق ان حملوں میں خطے میں امریکی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ موجودہ حالات میں اسرائیلی شہریوں کی بڑی تعداد پناہ گاہوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔
ایران کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری ہے، میڈیا ایران جنگ کو غلط انداز میں پیش کر رہا ہے،امریکی وزیرجنگ
امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ اور امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے کی ایران جنگ پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کا مقصد فیصلہ کُن کارروائی کرنا ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران کی جنگ ماضی کی جنگوں سے مختلف ہے، ایران کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور اہداف حاصل کیےجارہےہیں، میڈیا ایران جنگ کو غلط انداز میں پیش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی بیلسٹک میزائل بنانے کی صلاحیت کو ممکنہ طور پر بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے، ایران میں 7 ہزار فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، 11 آبدوزوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ کے مطابق ایران کے ریڈار اور دفاعی سسٹم کو تباہ کردیا ہے جبکہ ایرانی نیوی کے 120 جہاز بھی تباہ کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے اعلیٰ عہدیداروں کو ختم کر دیا گیا ہے۔
اسرائیل سے مبینہ روابط کا الزام، ایران میں 97 افراد کو گرفتار کرلیا گیا
ایران کی وزارتِ انٹیلی جنس نے اسرائیل کے لیے کام کرنے کے الزام میں 97 افراد کو گرفتار کر لیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ گرفتاریاں ایک وسیع سکیورٹی کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں جس کے تحت جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیل اور امریکا سے مبینہ روابط کے الزام میں سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو سرکاری میڈیا نے صوبہ البرز کے پولیس کمانڈر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ 41 افراد کو غیر ملکی اپوزیشن میڈیا چینلز کو ویڈیوز بھیجنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اسلامی ممالک کا ایران سے ہمسایہ ممالک کیخلاف حملے فوری روکنے کا مطالبہ
عرب اور اسلامی ممالک کے مشاورتی اجلاس کے اعلامیے میں خطے پر ایرانی حملوں کی پُر زور مذمت کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق ایران خلیجی ممالک کے سول انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنا رہا ہے، ایران ہوائی اڈوں، تیل تنصیبات،سفارتخانوں اورعوامی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے، یہ حملے کسی صورت جائز نہیں، اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے مطابق خلیجی ریاستوں کو دفاع کا حق حاصل ہے۔
اعلامیے میں ایران سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اورہمسایہ ممالک کا احترام کرے اورفوری طور پر حملے روکے۔
اعلامیے میں کہا گیا ایران خطے کے امن اور استحکام کو یقینی بنائے، اعلامیے میں ایران سے آبنائے ہرمز کو محفوظ بنائے اور عالمی تجارت میں خلل پیدا نہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی نئی لہر، امریکا سے منسلک تیل تنصیبات نشانہ
ایران نے حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا، آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 63 ویں لہر میں خطے میں امریکا سے منسلک تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب نے کارروائی کو امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید وزیرِ انٹیلی جنس اور دیگر انٹیلی جنس اہلکاروں کے نام منسوب کیا۔
پاسداران انقلاب نے بیان میں کہا وہ جنگ کو تیل کی تنصیبات تک پھیلانا نہیں چاہتا تھا اور نہ ہی دوست اور ہمسایہ ممالک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کا ارادہ تھا، تاہم ایرانی توانائی تنصیبات پر حملوں کے بعد صورتحال ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
بیان کے مطابق اپنے تنصیبات کے دفاع کے لیے امریکا اور امریکی شیئر ہولڈرز توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانا ناگزیر ہو گیا ہے۔
خطے میں کشیدگی کے باعث پاکستان سے آج بھی مشرق وسطیٰ کی 40 پروازیں منسوخ
کراچی سے دوحہ، بحرین، ابوظبی اور دبئی کی13پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ لاہور سے 8، اسلام آباد سے 7 ، پشاور سے 10 اور ملتان سے مشرق وسطیٰ کی 2 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
لاہور، اسلام آباد، پشاور سےفجیرہ کی 8 پروازیں العین منتقل کردی گئیں، آج العین سے لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے لیے 10پروازیں آپریشنل ہیں جبکہ دوحہ سےکراچی،لاہور اور اسلام آباد کے لیے پروازیں شیڈول ہیں۔
ایران حملوں کے بعد فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں: سعودی عرب
مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتِ حال پر عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا سعودی دارالحکومت ریاض میں اجلاس ہوا جہاں علاقائی سلامتی اور استحکام کو سپورٹ کرنے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔
سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب ایران حملوں کے بعد فوجی کارروائی کاحق محفوظ رکھتا ہے۔
وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی طرف سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے شرکت کی، دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان تمام ممالک پر حملوں کے خاتمے پر زور دے گا۔
پینٹاگون نے ایران جنگ کیلئے 200 ارب ڈالر سے زائد بجٹ کی درخواست کردی: خبرایجنسی
خبر ایجنسی نے ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر رکن کے حوالے سے خبر دی کہ پینٹاگون کی جانب سے 200 ارب ڈالر سے زائد بجٹ کی درخواست وائٹ ہاؤس کو بھجوا دی گئی، اضافی فنڈ کی ضرورت ایران جنگ کے بڑھتے اخراجات کے باعث پیش آئی۔
ایران کی دھمکی کے بعد قطر کے راس لفان ایل این جی تنصیبات سے عملے کا انخلا شروع
ایران کی جانب سے توانائی تنصیبات پر ممکنہ حملوں کی دھمکی کے بعد قطر کے راس لفان ایل این جی تنصیبات سے عملے کو نکالا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر میں متعدد آئل تنصیبات کے لیے انخلا کی وارننگ جاری کی ہے اور کہا ہے کہ ان مقامات کو ’آنے والے گھنٹوں میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے‘۔
بشکریہ شفقنا
واپس کریں