دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
میری ہمشیرہ،ٹائپ رائٹر اور سیکرٹری کے ایچ خورشید نے قیام پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا۔ قائداعظم
No image لاہور(نمائندہ خصوصی) قائداعظم کے پرائیویٹ سیکرٹری، ممتاز کشمیری رہنما،سابق صدر آزاد جموں و کشمیرکے ایچ خورشیدکی برسی کے موقع پرکشمیرسنٹرلاہور (جموں وکشمیرلبریشن سیل) کے زیراہتمام ایک پروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد مسجدبھاگ علی شاہ میں کیا گیا۔ تقریب میں مختلف سیاسی، سماجی، علمی اور مذہبی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ نوجوانوں اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئررہنما غلام عباس میر،معروف کشمیری رہنما فارو ق آزاد، مسلم لیگ ن لاہور ڈویژن کے نائب صدرچوہدری صدیق، سیکرٹری جنرل کشمیرویلفیئرایسوسی ایشن سردار شاکر، معرف مذہبی رہنما علامہ مشتاق قادری، رہنما محاذ رائے شماری آفتاب نازکی، معروف عالمی سیاح مقصود چغتائی، متعدد کتب کے مصنف ڈاکٹررب نواز اورانچارج کشمیرسنٹرلاہور انعام الحسن کاشمیری نے خطاب کیا۔
مقررین نے کے ایچ خورشید کی قومی، سیاسی اور سماجی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے ایچ خورشید نے تحریک پاکستان کے انتہائی نازک اور عروج کے زمانے میں قائداعظم کے سیکرٹری کی حیثیت سے شاندار خدمات سرانجام دیں۔ قائداعظم نے ان کے بارے میں فرمایا تھا کہ میری ہمشیرہ،ٹائپ رائٹر اور سیکرٹری کے ایچ خورشید نے قیام پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مقررین نے مزید کہا کہ کے ایچ خورشید ایک بااصول، باوقار اور دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے بطور صدر آزاد کشمیر عوامی مسائل کے حل، جمہوری اقدار کے فروغ اور تحریکِ آزادی کشمیر کی مضبوطی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے اپنے خطابات میں کہا کہ کے ایچ خورشید کی سیاسی بصیرت، اصولی سیاست اور دیانت داری آج بھی سیاستدانوں اور نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہے۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم مرحوم کے افکار اور نظریات کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے کشمیر کاز کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کریں۔مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ایک تاریخی اور جائز جدوجہد ہے جسے عالمی برادری کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایچ خورشید جیسے رہنماؤں نے جس عزم اور اخلاص کے ساتھ کشمیر کے مسئلے کو زندہ رکھا، وہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔تقریب کے اختتام پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کے ایچ خورشید کی جدوجہد اور نظریات کو زندہ رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
واپس کریں