
لاہور(نمائندہ خصوصی) کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر دستخطی مہم کا انعقاد پنجاب اسمبلی کے سامنے کیا گیا۔ دستخطی مہم صبح سے شام تک جاری رہی جس میں سیاسی قیادت، حریت رہنماؤں، سماجی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی کے اراکین، عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں اور بھارتی ظلم وجبر کی مذمت کرتے ہوئے دستخط کیے۔ دستخطی مہم کے دوران کشمیرسنٹرکے کیمپ میں سارا دن عام شہری آکر مقبوضہ جموں وکشمیر کے موجودہ حالات کے بارے میں دریافت کرتے رہے۔ کیمپ میں جموں وکشمیر لبریشن سیل کی مطبوعات کا سٹال بھی لگایاگیا اور شرکاء کیمپ کو بڑی تعداد میں لٹریچر تقسیم کیا گیا۔
دستخطی مہم میں سابق لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، سابق سیکرٹری جنرل کل جماعتی حریت کانفرنس شیخ عبدالمتین، سابق وزیرحکومت ناصر حسین ڈار، ایم این اے کرن ڈار، سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب سہیل شوکت، سابق صدارتی مشیر نصیب اللہ گردیزی، پی پی رہنما غلام عباس میر، ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان راجہ عبدالجبار ایڈووکیٹ، سابق ایم پی فرزانہ بٹ، مسلم لیگی رہنما زرقاجاوید، پروفیسر اسماء حسن، آغارب نواز درانی، چیئرمین متحدہ اساتذہ محاذ پاکستان تاج حیدر، رہنما محاذ رائے شماری آفتاب نازکی، عالمی سیاح مقصود چغتائی، حریت رہنما سیدگلشن احمد، انجینئرمشتاق محمود، سینئرصحافی صبا ممتاز بانو، لیگی رہنما زرقا نسیم، سائرہ بانو، سردار جاویداختر، فاروق آزاد، سید منظورگیلانی،مسعود جیلانی، جنید سیف، امجدراٹھور، سائرہ ارشد، ڈاکٹراحسن، راجہ شہزاد احمد، بلال بٹ، چوہدری صدیق، قاضی انوار، ملک نوید، نعیم بٹ،راجہ شیرزمان ایڈووکیٹ، عبداللطیف چغتائی، عطاء اللہ اصلاحی، سمیت عام شہریوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا اور مجبور و مقہور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور تکمیل پاکستان کے لیے ان کی جدوجہد کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی ہر سطح پر اخلاقی، سفارتی، سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے مطالبہ حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے استصواب رائے کو عملی جامہ پہنائے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا ظالم وجابر ملک ہے جو پون صدی سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی شدید پامالیوں میں ملوث ہے۔ قابض غاصب بھارتی فوج ہر روز کشمیریوں کو شہید کررہی ہے لیکن اس کے باوجود کشمیریوں نے اپنے مشن سے کبھی انحراف نہیں کیا۔ آج پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا عظیم الشان مظاہرہ کررہی ہے۔ ہم کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیری درحقیقت اپنی آزادی ہی نہیں پاکستان کی تکمیل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ جموں وکشمیرلبریشن سیل نے دستخطی مہم میں عام شہریوں کو شریک کرکے ان کے دلوں کی آواز کشمیری عوام اور عالمی برادری تک پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ اس شاندار کاوش پر جموں وکشمیرلبریشن سیل کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
واپس کریں