دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
زہران ممدانی ، امریکی سیاست میں ابھرتا ہوا جادوگر ۔انیق ناجی
No image زہران ممدانی ، امریکی سیاست میں ابھرتا ہوا جادوگر ہے۔نیو یارک کے مئیر کے انتخاب میں اس کا جیتنا اب یقینی ہو چکا ہے۔اس 34 سالہ نوجوان نے بتا اور سکھا دیا کہ 2025 کی انتخابی مہم کیا ہوتی ہے۔ اس قدر حیران کن توانائی،عوام کے ساتھ رابطہ، ہر کسی کو اپنا بنا لینا، ٹرمپ سمیت تمام کھلاڑیوں کو بے بس کر دینا۔سرد مزاج برطانیہ کے قلب لندن میں صادق خان کا تین بار جیتنا بھی تاریخ کا بننا ہے مگر یہاں کا لہجہ امریکہ سے مختلف ہے۔
آپ اندازہ لگا لیں کہ نیو یارک تو بہت دور ہے، ممدانی کے گیت لندن کی جنریشن زی گا رہی ہے۔
وہ جاپانیوں اور چینیوں کے ساتھ ورزش کرتا ہے، افریقیوں کے ساتھ ان کا رسمی رقص کرتا ہے، رات گئے کبھی کسی ڈانس کلب میں تو کبھی کسی کلب میں نوجوانوں کے ساتھ گاتا ہے، کبھی مندر کبھی مسجد کبھی چرچ تو کبھی سینی گاگ۔ بس پر سفر کرتا ہے، لوگوں کے ساتھ راستوں پر ملتا ہے، نوجوانوں کے ساتھ اچھلتا کودتا اور کھیلتا ہے، کھیلوں کے میدان میں تماشائی بنتا ہے، کمال کی حس مزاح ، حاضر جواب، عجز و انکسار سے بھرپور خوش مزاج جادوگر، لڑکیاں جس کے ترانوں پر رقص کرتی ہیں۔
آپ امریکہ کو داد دئیے بغیر نہیں رہ سکتے کہ وہاں کی جمہوریت میں آج بھی ممدانی جیسا جادوگر ممکن ہے۔
نہیں ایسے خواب دیکھنے میں جلدی مت کیجئیے ہمارا ماحول کوئی ممدانی پیدا نہیں کر سکتا، کم از کم ہم سے پہلے والی اور ہماری نسل کے مکمل خاتمے تک ایسا ممکن نہیں۔
واپس کریں