راجہ محمد اسلم خان جموں و کشمیر لبریشن سیل کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔ وزیر برائے جموں و کشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم

(اسلام آباد،نامہ نگار) ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل راجہ محمد اسلم خان کی ریٹائرمنٹ پرکشمیر سنٹر راولپنڈی کی جانب سے ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں وزیر برائے جموں و کشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم، کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی، سیکرٹری حکومت ڈاکٹر محمد ادریس عباسی، ڈائریکٹرز ریٹائرڈ ڈاکٹر غلام محمد اونتو، سرور حسین گلگتی، سنئیر حریت رہنماء زاہد صفی نے خصوصی شرکت کی، جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل راجہ خان افسر خان ، انچارج لافئیر ونگ سردار ساجد محمود، انچارج ڈیجیٹل ونگ نجیب الغفور خان ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجہ راشد رضا و دیگر آفیسران و اہلکاران بھی موجود تھے۔ وزیر برائے جموں و کشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم نے راجہ محمد اسلم خان کی جموں و کشمیر لبریشن سیل میں 34 سالہ خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں سہراتے ہوئے کہا کہ راجہ محمد اسلم خان جموں و کشمیر لبریشن سیل کے ماتھے کا جھومر ہیں جو دوران ملازمت ہمیشہ ادارے کی بہتری کے لئے متحرک رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ لبریشن سیل کے آفیسران خوش قسمت ہیں کہ وہ اپنی سروس کے ساتھ ساتھ قومی کاز کی خدمت بھی کر رہے ہیں، میں نے لبریشن سیل کے آفیسران کو ہمیشہ قومی جذبے سے سرشار دیکھا ہے۔ محترمہ امتیاز نسیم نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل نے ہمیشہ بھارتی مظالم دنیا کے سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے راجہ محمد اسلم خان کو ان کی شاندار سروس کے اختتام پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملازمین کو چاہیے کہ ریٹائرڈ ہونے والوں سے ہمیشہ تعلق قائم رکھیں کیونکہ یہ ہمارا اخلاقی فریضہ ہے۔
کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے کہا کہ راجہ محمد اسلم خان جموں و کشمیر لبریشن سیل کے متحرک آفیسر تھے، کل جماعتی حریت کانفرنس کے ساتھ ان کا ہمیشہ اچھا تال میل رہا ہے ، راجہ محمد اسلم خان ہمیشہ کشمیر کاز اور بھارتی ظلم و جبر کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الااقوامی محاذ پر ہمیں جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوے آگے بڑھنا ہوگا اوورسیز کشمیریوں کے ساتھ روابط کو مضبوط کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی آواز کو بلند کرنا ہوگا۔
سیکرٹری حکومت ڈاکٹر محمد ادریس عباسی نےکہا کہ راجہ محمد اسلم خان نے جو خدمات انجام دیں و قابل تقلید ہیں۔ موصوف انتہائی باکردار، فرض شناس اور ایماندار آفیسر تھے جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں فعال ترین، مالیاتی نظم و ضبط اور سرکاری قواعد پر عملدرآمد کے حوالہ سے محکموں کا ذکر کیا جائے تو اس میں جموں و کشمیر لبریشن سیل سہر فہرست ہے۔ اس ادارے کے سٹاف میں اپنے محکمہ اور کام سے لگن لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل کا سوشل میڈیا انتہائی متحرک ہے، موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے ٹول کو زیادہ استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر محمد ادریس عباسی نے کہا کہ ریٹائرمنٹ ملازمت کا حصہ ہے مگر بنیادی بات یہ ہے کہ سروس بے داغ ہو۔
سرور حسین گلگتی نے کہا کہ ڈائریکٹر راجہ محمد اسلم خان نے اپنے فرائض انتہائی ذمہ داری سے ادا کئے ریٹائرمنٹ پر انکے لئے نیک خواہشات ہیں۔ انہوں نے لبریشن سیل تمام ونگز اور سوشل میڈیا کی تعریف کی۔
ڈاکٹر غلام محمد اونتو نے راجہ محمد اسلم خان کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہایا اور ان کے کام کی تعریف کرتے ہوے کہا کہ وہ انتہائی فرض شناس، محنتی اور وقت کے پابند آفیسر تھے۔ حریت رہنماء زاہد صفی نےکہا کہ راجہ محمد اسلم خان حریت کانفرنس کا ہمیشہ حصہ رہے ہیں جنہوں نے کشمیر کاز اور ادارے کی بہتری کے لئے اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دئیے جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ڈائریکٹر کشمیر سنٹر راولپنڈی راجہ خان افسر خان نے کہا کہ راجہ محمد اسلم خان انتہائی خودار، معاملہ فہم، شفاف اور باوقار آفیسر تھے۔ بطور انسان انتہائی ملنسار، شفیق، دوٹوک موقف رکھنے والے، صاحب کردار اور ہمدرد انسان ہیں۔ سردار ساجد محمود نے کہا کہ انہیں راجہ محمد اسلم خان جیسے مخلص، باصلاحیت اور باکردار افسر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جو ہمیشہ ادارے کی بہتری، ترقی اور شفافیت کیلئے سرگرم عمل رہتے تھے۔ نجیب الغفور خان نے راجہ محمد اسلم خان کی شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دیانت داری، فرض شناسی اور اعلیٰ کردار ہمیشہ ہمارے لیے قابلِ فخر اور قابلِ تقلید رہیں گے۔ ریٹائر ہونے والے ڈائریکٹر راجہ محمد اسلم خان نے تقریب کے اہتمام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ وہ باوقار انداز میں اپنی عملی زندگی کے اس مرحلے کو مکمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورانِ ملازمت جو خدمات سرانجام دیں وہ دراصل ان کا پیشہ ورانہ فرض تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے سینئرز سے سیکھنے اور ادارے کی خدمت کا قیمتی موقع ملا، جو زندگی بھر ان کے لیے اثاثہ رہے گا۔ راجہ محمد اسلم خان نے مزید کہا کہ لبریشن سیل کا آفیسر کبھی ریٹائر نہیں ہوتا، بلکہ ادارے اور کشمیر کاز کے ساتھ اس کی وابستگی ہمیشہ برقرار رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر دورانِ ڈیوٹی کسی کے ساتھ نا دانستہ طور پر کوئی کوتاہی یا کمی بیشی ہوئی ہو تو وہ اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔ تقریب کے آخر میں شہدائے کشمیر، استحکامِ پاکستان اور آزادی کشمیر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
واپس کریں