دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سامراجی حربے جو عوام اور جمہوریت کے خلاف استعمال ہوتے ہیں
No image گورنر راج،دفعہ 144،ایمرجنسی یا مارشل لا کے علاوہ وہ سامراجی حربے جو عوام اور جمہوریت کے خلاف استعمال ہوتے ہیں۔ جب بھی عوام یا جمہوری نظام کے خلاف کوئی کارروائی ہوتی ہے تو عام طور پر صرف تین نام لیتے ہیں یعنی دفعہ 144، گورنر راج اورمارشل لا لیکن سچ یہ ہے کہ یہ تین نام تو سب سے پرانے اور واضح حربے ہیں، اصل کھیل تو ان کے علاوہ کھیلا جاتا ہے یعنی وہ حربے جو نظر نہیں آتے لیکن جمہوری نظام کو اندر سے کھوکھلا کر دیتے ہیں۔آئیے ان سامراجی حربوں کو سمجھتے ہیں۔
اپوزیشن یا سیاسی مخالفین کے خلاف نیب، ایف آئی اے اور دیگر ایسے اداروں کا آذادانہ استعمال، سب سے طاقتور حربہ ہے۔ کسی سیاستدان کو گولی مارنے کی ضرورت نہیں، بس اس کی فائل کھول دو اورجب کوئی سیاسی یا مذہبی لیڈر حکومت وقت کی بات نہ مانے تو اس کے بیٹے کو نیب کا نوٹس آ جاتا ہے، اس کے ساتھی کے خلاف ایف آئی اے کی انکوائری کھل جاتی ہے، اس کے گھر پر سی ڈی اے کا نوٹس آ جاتا ہے یا اس کے مدرسے پر تجاوزات کا مقدمہ بن جاتا ہے۔ یہ حربے اس لیے خطرناک ہیں کہ یہ قانونی لگتے ہیں کیونکہ بظاہر یہی لگتا ہے کہ احتساب ہو رہا ہے لیکن حقیقت میں یہ سیاسی دباؤ ہوتا ہے۔ جو مان جائے، اس کی فائل بند اور جو نہ مانے، اس کی فائل کھلی رہے گی۔
میڈیا کنٹرول ۔ انگریز سرکار کے زمانے میں اخبار بند کر دیا جاتا تھا، اب اخبار بند نہیں کیا جاتا، اب اس کے مالک کو ڈرایا دھمکایا جاتا جاتا ہے کہ ٹی وی چینل کو اشتہار نہیں ملے گا،اینکر پرسن کا پروگرام انچارج کو فون آ جائے گا کہ آج فلاں شخص کو اپنے شو میں نہیں بلانا، یوٹیوبر کا چینل بند کر دیا جائے گا اور صحافی کو اٹھا لیا جائے گا۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ عام عوام کو وہی خبر ملتی ہے جو حکمران چاہتے ہیں۔ عوام کو لگتا ہے سب ٹھیک ہے، حالانکہ نیچے صورت حال یکسر مختلف ہوتی ہے۔
عدلیہ پر دباؤ۔ جمہوریت کی آخری امید عدالت ہے لیکن اگر عدالت بھی دباؤ میں آ جائے تو پھر عوام کہاں جائے؟ججوں کے تبادلے، ججوں کو دھمکیاں، ججوں کے خلاف ریفرنس اور کورٹ بینچوں کی تشکیل میں ہیرا پھیری۔ یہ سب وہ حربے ہیں جو عدالتی نظام کو کمزور سے کمزور تر کرتے ہیں۔ نتیجہ، جب عدالت کمزور ہو جائے تو پھر ہر فیصلہ حکومت کی مرضی سے ہی آتا ہے۔
الیکشن یا سیاسی انجینئرنگ ۔ ووٹ ڈالنا توعوام کا بنیادی حق ہے لیکن اگر ووٹ سے پہلے ہی کھیل ہو جائے تو الیکشن کروانے کی مشق کا کیا فائدہ؟کسی سیاسی جماعت کا انتخابی نشان چھین لینا، کسی سیاسی لیڈر کو نااہل کر دینا، کسی سیاسی جماعت کے کاغذات مسترد کر دینا، حلقہ بندیوں میں ہیرا پھیری اور مشہور زمانہ فارم 45 اور فارم 47 کا کھیل ۔ یہ وہ حربے ہیں جس سے عوام الناس کو لگتا ہے کہ انہوں نے ووٹ دیا ہے لیکن اصل میں حکومت کی تشکیل پہلے سے طے ہو چکی ہوتی ہے۔
مذہب اور قومیت کے نام پر تقسیم ۔ عوام کو متحد نہیں ہونے دیا جاتا، کبھی شیعہ سنی کی لڑائی، کبھی پنجابی، سندھی، بلوچی اور پختون کی لڑائی اور کبھی مذہبی جماعتوں کو آپس میں لڑا دیا جاتا ہے۔ جب عوام آپس میں لڑ رہے ہوں گے تو وہ حکمرانوں سے روٹی کا سوال نہیں پوچھیں گے، وہ ایک دوسرے سے لڑیں گے اور حکمران تماشہ دیکھیں گے۔ یہ انگریز سامراج کا سب سے پرانا حربہ تھا یعنی تقسیم کرو اور حکومت کرو۔ آج بھی وہی حربہ چل رہا ہے۔
نئے صوبے۔ نئی ترامیم، نئے ایجنڈے۔ جب عوام مہنگائی، بے روزگاری اورمہبگی بجلی اور گیس کے بلوں پر بات کرنا شروع کریں تو اچانک نئے صوبے کی بحث چھیڑ دی جاتی ہے۔ اچانک آئینی ترمیم آ جاتی ہے، اچانک کوئی عالمی ثالثی کی بات آ جاتی ہے۔عوام ان بحثوں میں لگ جاتے ہیں اوراپنے اصل مسئلے بھول جاتے ہیں۔ یہ توجہ ہٹانے کا سب سے کامیاب حربہ ہے۔
سیاسی جماعتوں کو توڑنا یا کمزور کرنا۔ کسی سیاسی جماعت کے اندر فارورڈ بلاک بنا دینا، کسی سیاسی لیڈر کو خرید لینا، کسی کو وزارت کا لالچ دے کر توڑ لینا یا کسی سیاسی جماعت کے اندر دو گروپ بنا دینا۔ یہ حربہ اتنی خاموشی سے استعمال ہوتا ہے کہ عوام کو پتہ بھی نہیں چلتا کہ ان کی جماعت اندر سے ٹوٹ گئی ہے۔
خوف کی فضا بنانا ۔ راتوں کو چھاپے، دن میں گرفتاریاں،سیاسی کارکنوں کے گھروں پر پولیس چھاپے،اہم سیاسی لیڈران کی سیکورٹی واپس لینا اور جیلیں بھرنے کی دھمکی۔اس سے عام آدمی بھی ڈر جاتا ہے، وہ محسوس کرتا ہے کہ اگر وہ بولا تو اس کے ساتھ بھی یہی ہوگا نتیجے میں عام آدمی بھی خاموشی اختیار کر لیتا ہے اور جب عوام چپ ہو جائے تو جمہوریت مر جاتی ہے۔
معاشی دباؤ۔عالمی ساہو کار آئی ایم ایف کی سخت شرائط، مہنگائی، ٹیکس، بجلی و گیس کے مہنگے بل۔ یہ سب بھی ایک حربہ ہے کیونکہ جب عوام صبح سے شام تک صرف روٹی کے لیے بھاگ رہی ہوگی، تو سیاست کے بارے میں کون سوچے گا؟ ۔ عوام انقلاب کی بات نہیں کرے گی، وہ صرف بچوں کی فیس، مہنگائی اور بجلی و گیس کی بات کرے گی۔ بھوکا آدمی کبھی انقلاب نہیں لاتا، اس لیے عوام کو بھوکا رکھا جاتا ہے۔
جعلی اپوزیشن بنانا ۔ اصل اپوزیشن کو دبا دو اور جعلی اپوزیشن بنا دو۔ وہ اپوزیشن جو اسمبلی میں تقریر تو کرے گی لیکن حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا، وہ اپوزیشن جو ٹی وی پر شور تو کرے گی لیکن سڑک پر نہیں آئے گی۔عوام کو لگے گا کہ جمہوریت چل رہی ہے اور اپوزیشن موجود ہے لیکن حقیقت میں سب کچھ طے شدہ ہوگا۔ یہ ہیں وہ سامراجی حربے جو دفعہ 144، گورنر راج اور مارشل لا سے زیادہ خطرناک ہیں۔ کیونکہ دفعہ 144 نظر آتی ہے، گورنر راج نظر آتا ہے، مارشل لا نظر آتا ہے۔ عوام اس کے خلاف کھڑی ہو جاتی ہے لیکن یہ حربے نظر نہیں آتے۔ یہ خاموشی سے جمہوریت کو کھوکھلا کرتے ہیں اور جب تک عوام کو پتہ چلتا ہے، تب تک بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔
عوام کو ان سامراجی حربوں کو پہچاننا ہوگا ورنہ دفعہ 144 تو ہٹ جائے گی، گورنر راج بھی ختم ہو جائے گا، مارشل لا بھی نہیں آئے گا لیکن جمہوریت یا عوامی بالا دستی پھر بھی نہیں ہوگی۔
واپس کریں