دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مولانا فضل الرحمن کے گرد تنگ ہوتا گھیرا اور ممکنہ حکومتی اقدامات
No image جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ چند ہفتوں میں اتحادی حکومت پر سب سے سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخواہ میں گورنر راج ، ایمرجنسی، پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیوں، نئے صوبوں کی تجویز، آئینی ترامیم اور پارلیمان کو بے توقیر کرنے پر کھل کر سوال اٹھائے۔ انہوں نے پارلیمان میں تقریروں میں کہا کہ نظام کو جان بوجھ کر ناکام دکھایا جا رہا ہے۔ اتحادی حکومت کو یہ تنقید پسند نہیں آئی اور پھر اچانک مولانا کے خاندان اور قریبی ساتھیوں کے خلاف اقدامات شروع ہو گئے۔ اس ضمن میں اب تک کیا ہو چکا ہے؟پہلے ملاحظہ فرمائیں۔
مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو نیب راولپنڈی اور ایف آئی اے نے پاکستان پوسٹ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے میں طلب کیا۔ نیب کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 3,938 آسامیوں کی اجازت دی تھی لیکن مبینہ طور پر 4,252 بھرتیاں کی گئیں۔ اس میں کابینہ کمیٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی، سیاسی وابستگی، جعلی دستاویزات اور عمر کی حد سے تجاوز کے الزامات شامل ہیں۔
یہاں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ابھی تک اسعد محمود کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہوئے۔ طلبی کا نوٹس جرم کا ثبوت نہیں ہوتا۔ انہوں نے اب تک نیب کے نوٹس پر پیش ہونے سے گریز کیا ہے، جس پر نیب کے مطابق تیسرے نوٹس کے بعد گرفتاری جیسی کارروائی بھی ممکن ہے۔
مولانا کے قریبی ساتھی امان اللہ کو بھی ایف آئی اے اور سی ڈی اے کی طرف سے نوٹس جاری ہوئے۔ سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر جی 4/6 میں واقع اس مکان کے بارے میں نوٹس جاری کیا جہاں مولانا رہائش پذیر ہیں، جس میں گارڈز کے کمرے، غیر قانونی تعمیرات اور سرکاری زمین پر جنریٹر کی تنصیب پر اعتراض اٹھایا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے مطابق 19 نومبر کو مولانا فضل الرحمن اور ان کے بیٹے اسعد محمود کی سرکاری سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی آئی خان میں ان کی رہائش گاہ پر تعینات ایف سی پلاٹون کو واپس بلایا گیا اور پولیس سیکورٹی بھی ختم کر دی گئی۔ جے یو آئی نے اس پر شدید ردعمل دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے باوجود انہیں دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا۔ حکومت کی طرف سے اس فیصلے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق ان کے ذاتی سیکرٹری مفتی ابرار اور ان کے خاندان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی اور اسلام آباد میں رات کو ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے۔
پاکستان کی تاریخ بتاتی ہے جب بھی کوئی بڑا سیاستدان حکومت سے ٹکراتا ہے، تو سب سے پہلے اس کے خاندان کی فائلیں کھلتی ہیں۔ یہ نیا طریقہ نہیں، پرانا طریقہ ہے۔آگے کیا ممکنہ اقدامات ہو سکتے ہیں؟
اگر اسعد محمود نیب کے تیسرے نوٹس پر بھی پیش نہ ہوئے تو ان کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور یہ مولانا پر سب سے بڑا دباؤ ہوگا۔ قریبی ساتھیوں، مدارس یا مالی معاملات کے حوالے سے مزید انکوائریاں اور ایف آئی آرز کھولی جا سکتی ہیں۔
سیکورٹی واپسی کے بعد مزید انتظامی اقدامات، جیسے رہائش یا مدرسے سے متعلق نوٹسز، آ سکتے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف مذمتی قراردادیں پہلے ہی آ چکی ہیں۔ اس سے آگے مولانا کو انتہا پسند یا نظام دشمن قرار دے کر سیاسی طور پر تنہا کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے۔
مولانا خاموش بیٹھنے والے سیاستدان نہیں ہیں۔ وہ کارکنوں کو تیار رہنے کا کہہ چکے ہیں۔ اگر دباؤ بڑھا تو وہ سڑکوں پر آنے، احتجاجی تحریک چلانے یا اپوزیشن کو متحد کرنے کی طرف جا سکتے ہیں۔
خبریں آ رھی ھیں کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر جانےُوالے راستوں پر قانون نافذ کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد جمع ھو گئی ھے اور ایکشن کا اندیشہ ھے،اگر حکومت مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کا گھیراؤ کرنے، راستے بند کرنے یا کسی قسم کی کارروائی اور گرفتاریوں کی کوشش کر رہی ہے تو یہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہوگا۔
بلاول بھٹو نے بھی کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی، ان کا اعتماد بحال کرنا ہوگا لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا حکومت مولانا کو دبا کر اپنا کام نکال لے گی یا مولانا کا دباؤ حکومت کو ہی الٹا پڑ جائے گا؟
پاکستان میں تاریخ نے یہ دکھایا ہے کہ جس سیاستدان کو دبانے کی سب سے زیادہ کوشش کی گئی، وہی سب سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آیا۔مولانا فضل الرحمن کو بھی اب اسی امتحان سے گزارا جا رہا ہے۔
واپس کریں