
پاکستانی سیاست میں ایک پرانا اصول ہے کہ آج جس کے ہاتھ میں ڈنڈا ہے، کل وہی ڈنڈا اس کے سر پر پڑے گا۔ پہلے پاکستان تحریک لبیک کے خلاف کریک ڈاؤن ہوا پھر پاکستان تحریک انصاف کی باری آئی اور اب جمعیت علمائے اسلام کی باری ہے جبکہ ن لیگ پہلے ہی عمران خان کی حکومت میں رگڑا کھا چکی ہے، اب اگلا نمبر شاید پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے۔
یہ کوئی اتفاق نہیں یہ پاکستانی سیاست کا مستقل پیٹرن ہے۔ پہلے تحریک لبیک پاکستان مذہبی جماعت تھی، سڑکوں پر طاقت رکھتی تھی۔ جب اس نے حکومت سے ٹکر لی تو اس کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوا۔ کارکن گرفتار ہوئے، قیادت جیل گئی، جماعت پر پابندی لگی، پھر پابندی ہٹی، پھر دوبارہ کریک ڈاؤن ہوا۔ آج تحریک لبیک کا نام لینا بھی مشکل ہو گیا ہے لیکن اس وقت باقی جماعتوں نے خاموشی اختیار کی، کسی سیاسی لیڈر نے نہیں کہا کہ یہ تحریک لبیک کا طریقہ غلط ہے بلکہ بعض نے تو کہا کہ اچھا ہوا، یہ جماعت ملک کے لیے خطرہ تھی جبکہ اس سے پہلے عمران خان کی حکومت میں ن لیگ نے رگڑا کھایا۔ نواز شریف جیل گئے، مریم نواز جیل گئیں، شہباز شریف جیل گئے، حمزہ شہباز جیل گئے۔ نیب کے مقدمے، گرفتاریاں، میڈیا پر پابندی، سب کچھ ہوا۔اس وقت تحریک انصاف کے لوگ خوش تھے۔ کہتے تھے، چوروں کا احتساب ہو رہا ہے۔
پھر وقت بدلا عمران خان کی حکومت گئی اور تحریک انصاف کے رگڑے کی باری آ گئی۔ عمران خان خود جیل میں ہیں، ان کی جماعت کے سینکڑوں کارکن جیل میں ہیں اور کئی پی ٹی آئی لیڈر روپوش ہیں۔ پی ٹی آئی پر پابندی کی باتیں ہوتی ہیں، ان کے جلسوں پر پابندی ہے، ان کے انتخابی نشان چھین لیے گئے اور اس وقت ن لیگی خوش تھے۔ کہتے تھے۔
اب جمعیت علمائے اسلام کی باری ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے بیٹے کے خلاف نیب اور ایف آئی اے کی طلبی۔ ان کے قریبی ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر۔ ان کی سیکورٹی واپس، ان کے گھر کی ناکہ بندی، ان کے مدرسے پر نوٹس اور ان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قراردادیں۔ مولانا کہہ رہے ہیں، مجھے دبایا جا رہا ہے جبکہ حکومت کہہ رہی ہے، یہ سب قانونی کارروائی ہے لیکن حقیقت سب کو نظر آ رہی ہے۔ جب مولانا حکومت کے ساتھ تھے، تو سب کچھ ٹھیک تھا۔ جب انہوں نے حکومت پر تنقید شروع کی، تو فائلیں کھل گئیں۔
اس وقت پی ٹی آئی کے لوگ خوش ہیں کہ چلو مولانا کو بھی رگڑا لگا ہے اور ن لیگی لوگ خوش ہیں کہ مولانا کو ٹف ٹائم ملا ہے۔
اب رگڑے کا اگلا نمبر کس کا؟اب اگلا نمبر شاید پیپلز پارٹی کا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ابھی دو دن قبل ہی کہا ہے کہ سسٹم کولیپس نہیں ہوا، اسے کولیپس کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مولانا کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، پی ٹی آئی کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے لیکن یہ باتیں حکومت کو پسند نہیں آئیں، چاہے وہ تنقید اتحادی کی طرف سے ہی کیوں نہ ہو۔
پیپلز پارٹی کے حوالے سے بھی بہت سی فائلیں موجود ہیں۔ سندھ میں کرپشن کے الزامات، بلاول ہاؤس کے معاملات، زرداری صاحب کے پرانے کیسز، یہ سب فائلیں سرکار کی الماری میں پڑی ہیں، جس دن پیپلز پارٹی نے زیادہ بولنا شروع کیا، اس دن یہ فائلیں بھی کھل جائیں گی اور پھر پیپلز پارٹی کے لیڈرارن کہیں گے، ہمارے ساتھ ظلم ہو رہا ہے اور باقی سیاسی لیڈر تماشہ دیکھیں گے کہ چلو جیالوں کی بھی باری آ گئی۔
یہ کھیل کب ختم ہوگا؟ عرض ہے کہ یہ کھیل اس وقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک سیاسی جماعتیں یہ نہیں سمجھیں گی کہ آج جو ڈنڈا تم دوسرے پر چلا رہے ہو، کل وہی ڈنڈا تم پر چلے گا۔
تحریک لبیک کے خلاف کریک ڈاؤن پر پی ٹی آئی خاموش رہی، آج پی ٹی آئی پر کریک ڈاؤن ہو رہا ہے۔ ن لیگ کے خلاف کریک ڈاؤن پر پیپلز پارٹی خاموش رہی، آج ن لیگ کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی بھی نشانے پر ہے۔ جے یو آئی کے خلاف کریک ڈاؤن پر سب خوش ہیں، کل سب کی باری آئے گی۔
پاکستان میں ہر سیاسی جماعت نے ایک دوسرے کو دبانے کے لیے اس نظام کو استعمال کیا۔ ہر سیاسی لیڈر نے سمجھا کہ طاقتوروں کے ساتھ مل کر دیگر سیاسی قیادت کو کرش کیا جائے لیکن آخر میں طاقتوروں نے سب کو ایک ایک کر کے ختم کیا۔
پاکستان کی اگر سیاسی قیادت اب بھی نہ سمجھے، تو پھر یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔ آج لبیک، کل انصاف، پرسوں جمعیت، پھر ن لیگ، پھر پیپلز پارٹی۔اور آخر میں بچے گا کیا؟ صرف وہی بچے گا جو ڈنڈا چلاتا ہے۔
اس لیے اب وقت ہے کہ تمام جماعتیں، چاہے وہ تحریک لبیک ہو،تحریک انصاف ہو،مولانا کی جمعیت علمائے اسلام ہو، ن لیگ ہو یا پاکستان پیپلز پارٹی ہو، ایک اصول پر متفق ہو جائیں کہ سیاسی اختلافات پر گرفتاریاں نہیں ہوگی، تنقید پر نیب نہیں کھلے گا،حکومتی تنقید پر پر سیکورٹی واپس نہیں لی جائے گی۔ ورنہ سب کی باری آئے گی، کوئی نہیں بچے گا۔
واپس کریں