دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بلاول بھٹو زرداری کا جذباتی بیان وزیراطلاعات اور مشیر وزیراعظم کا ردعمل
No image کراچی پریس کلب میں ‘میٹ دی پریس’ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کی بحث پر جو کچھ کہا، وہ ہماری سیاست کے مزاج کا ایک اور آئینہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نئے صوبوں کے نام پر زور زبردستی کی گئی تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا، معاشرے میں تقسیم دشمنی تک جائے گی، عام آدمی ہتھیار اٹھائے گا اور خون خرابہ ایک خون تک محدود نہیں رہے گا۔ یہ جملے ایک ایسی جماعت کے سربراہ کے ہیں جو خود کو آئین، جمہوریت اور پارلیمان کی علم بردار کہتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ایک سیاسی رہنما کو ایک انتظامی بحث کے جواب میں خون خرابے کا ذکر زیب دیتا ہے؟ اور اگر اس بحث کا جواب دلیل، قانون اور سیاسی عمل کی بجائے دھمکی آمیز لب و لہجے میں دیا جائے تو پھر اس ملک کے مسائل کا سبب تلاش کرنے کے لیے ہمیں کہیں دور جانے کی ضرورت نہیں رہتی۔ بلاول بھٹو کا یہ موقف اپنی جگہ وزن رکھتا ہے کہ نئے صوبوں جیسے سنجیدہ معاملے پر فیصلہ عوام کی مرضی سے ہونا چاہیے۔ ان کی شکایت ہے کہ نہ ان سے بات ہوئی ہے، نہ صدرِ مملکت سے، نہ پارلیمان میں بحث ہوئی ہے اور نہ وزیراعظم کی کابینہ نے کوئی فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعتراض اصولی طور پر درست ہے اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے بھی اسے تسلیم کیا ہے کہ بحث ابھی پارلیمان میں داخل ہی نہیں ہوئی، کابینہ میں بھی نہیں ہوئی اور فیصلہ بالآخر پارلیمان ہی کو کرنا ہے۔ جب خود حکومتی ذمہ دار کہہ رہے ہیں کہ ابھی کوئی فیصلہ ہوا ہی نہیں تو پھر خون خرابے کی بات ہی کیوں کی جائے؟
اس سے بھی زیادہ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ یہی بلاول بھٹو جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں پوری یکسوئی سے بات کرتے ہیں۔ انھوں نے اسی خطاب میں واضح کیا کہ اگر پنجاب اسمبلی عوامی خواہشات کے مطابق جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد منظور کرتی ہے تو پیپلز پارٹی اس کی حمایت کرے گی کیونکہ یہ ان کے منشور کا حصہ ہے، یعنی پنجاب کی تقسیم پر نہ کوئی تشویش، نہ خون خرابے کا خدشہ۔ وہاں آئین بھی یاد آتا ہے، عوامی خواہش بھی اور منشور بھی۔ لیکن جونہی بات سندھ تک پہنچتی ہے، وہی آئین اور وہی عوامی خواہش اچانک ایک خطرناک مسئلہ بن جاتی ہے۔ یہ دوہرا معیار صرف ایک جماعت کا نہیں، ہماری پوری سیاست کا المیہ ہے، یعنی اصول وہی اچھا ہے جو دوسرے کے گھر پر لاگو ہو، اپنے گھر کی باری آئے تو اصول کی تعریف بدل جاتی ہے۔ یہ کیسے ثابت ہوا کہ جنوبی پنجاب کا مطالبہ تو عوام کی طرف سے آیا ہے لیکن سندھ کی تقسیم کی بات باہر سے مسلط کی جا رہی ہے؟ ممکن ہے اس بات میں وزن ہو مگر پھر اس فرق کو ثابت کرنے کا طریقہ بھی وہی ہے جو بلاول بھٹو خود تجویز کرتے ہیں، یعنی عوام کی رائے۔ اگر سندھ کے عوام تقسیم نہیں چاہتے تو یہ بات ایک شفاف عمل سے سامنے آ جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ریفرنڈم کی تجویز دی تو سوال بجا طور پر یہی بنتا ہے کہ اس میں کیا حرج ہے؟ اگر آپ کو یقین ہے کہ عوام آپ کے ساتھ ہیں تو رائے شماری سے خوف کیوں؟ جو جماعت عوامی حمایت کا دعویٰ رکھتی ہو اسے تو عوام سے رجوع کرنے کی دعوت پر خوش ہونا چاہیے۔
یہاں حکومت کے ذمہ داروں پر بھی سوال اٹھتا ہے۔ اگر نئے صوبے ایک سنجیدہ قومی ضرورت ہیں تو اس پر بات کرنے کا درست فورم کابینہ اور پارلیمان ہے نہ کہ بیانات کی وہ جنگ جس میں ہر روز کوئی نیا شوشہ چھوڑا جائے اور پھر اس کی وضاحتیں جاری ہوتی رہیں۔ اس رویے کا نتیجہ یہی ہے کہ شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں، افواہیں پھیلتی ہیں اور ہر فریق اپنی مرضی کے معانی نکال لیتا ہے۔ ایک طرف خبروں میں بغیر کسی با ضابطہ عمل کے صوبوں کی تعداد پر قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں اور دوسری جانب ردعمل میں خانہ جنگی کی تصویر کھینچ دی جاتی ہے۔ دونوں رویے ذمہ داری سے عاری ہیں۔ حکومت پر لازم ہے کہ جو بات کہے، سوچ سمجھ کر اور آئینی و قانونی طریقۂ کار کے مطابق کہے اور اپوزیشن یا اتحادیوں پر لازم ہے کہ اختلاف کریں تو دلیل کے دائرے میں رہیں۔
اب آئیے اس دوسرے نکتے کی طرف جو اسی خطاب میں سامنے آیا اور جس نے سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ بلاول بھٹو کے بیان کے مطابق ستائیسویں آئینی ترمیم جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی۔ رانا ثناء اللہ نے اس پر کہا کہ اگر کسی پارٹی کا سربراہ یہ کہے کہ اس نے دباؤ میں آکر ووٹ دیا تو اس بیان سے اس کی نا اہلی کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ قانونی نکتہ اپنی جگہ مگر اصل سوال اخلاقی اور سیاسی ہے۔ اگر واقعی آپ سے زبردستی ووٹ ڈلوایا گیا تھا تو آپ نے اس وقت یہ بات کیوں نہیں کہی؟ جب ایوان میں ترمیم پیش ہو رہی تھی، جب بحث ہو رہی تھی، جب ہاتھ کھڑے ہو رہے تھے، تب خاموشی کیوں رہی؟ وہ کون سا لمحہ تھا جب ضمیر نے دباؤ کی شکایت کرنا ضروری قرار دیا؟ آج ایک الگ معاملے پر ناراضی کے عالم میں یہ انکشاف کرنا ایسا ہی ہے جیسے کوئی کھیل ختم ہونے کے بعد کہے کہ مجھ سے زبردستی کھلوایا گیا تھا۔ پھر اس سے بھی بڑا سوال یہ ہے کہ اگر ترمیم زبردستی منظور ہوئی تھی تو اس کے تحت ملنے والے فوائد کیوں لیے جا رہے ہیں؟ رانا ثناء اللہ کے مطابق بلاول بھٹو اس ترمیم کے تحت بننے والے جوڈیشل کمیشن کے رکن ہیں۔ یہ ایک سیدھی سی بات ہے کہ جس عمل کو آپ جبر کا نتیجہ قرار دیتے ہیں اس سے حاصل ہونے والے منصب، اختیار اور حیثیت کو قبول کیے رکھنا اصولی موقف کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتا۔ یہی وہ رویہ ہے جس نے ہماری سیاست کو اعتبار کے بحران میں مبتلا کر رکھا ہے۔ عوام دیکھتے ہیں کہ جب اقتدار میں حصہ مل رہا ہو تو ہر ترمیم، ہر فیصلہ اور ہر قدم عین آئین و قانون کے مطابق ہے اور جب ناراضی ہو جائے تو وہی ترمیم جبر کا نتیجہ بن جاتی ہے اور وہی شراکت داری دباؤ کی مجبوری۔ اس سب کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ سیاسی عمل پر بھروسا کمزور ہوتا ہے، ادارے متنازع بنتے ہیں اور عام آدمی یہ سمجھنے لگتا ہے کہ فریقین ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔
بلاول بھٹو نے ملک کے نظام کی خرابی کا حل سیاسی طریقے سے نظام کو ری سیٹ کرنے میں بتایا ہے اور اس کے لیے سیاسی قیدیوں کی رہائی، اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنے اور انتقامی کارروائیاں ختم کرنے کی بات کی ہے۔ یہ باتیں اگر سنجیدگی سے کہی گئی ہیں تو قابلِ غور ہیں مگر یہاں بھی وہی سوال سامنے آتا ہے کہ جو جماعت وفاق میں اقتدار کے ثمرات میں شریک ہے اس نے نظام کو ری سیٹ کرنے میں اپنا حصہ کب اور کیسے ڈالا؟ نظام کی بربادی کا الزام صرف دوسروں پر دھرنا آسان ہے مگر جو لوگ برسوں سے اقتدار کی راہداریوں میں رہے ہوں ان پر بھی اس بربادی کی کچھ ذمہ داری تو عائد ہوتی ہے نا۔ بلاول بھٹو نے کراچی کو دارالحکومت بنانے اور ون یونٹ کے فیصلوں کا ذکر کیا کہ وہ زبردستی کیے گئے مگر سندھ کے عوام نے مزاحمت جاری رکھی۔ لیکن مزاحمت اور خون خرابے کی دھمکی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ایک جمہوری رہنما کا کام مزاحمت کو سیاسی راستہ دینا ہے، تشدد کے امکان کو ہوا دینا نہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اگر سیاسی قیادت واقعی اس ملک کا بھلا چاہتی ہے تو اسے پہلے اپنی خامیوں پر قابو پانا ہوگا۔ بات کہنی ہو تو وقت پر کہی جائے، نہ کہ فائدہ اٹھا لینے کے بعد۔ اصول اپنائے جائیں تو سب کے لیے، چاہے بات پنجاب کی ہو یا سندھ کی۔ اختلاف ہو تو دلیل کے ساتھ، نہ کہ دھمکی کے ساتھ۔ اور اگر کوئی موقف ہو تو اس کی قیمت بھی ادا کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔ یہ سب باتیں سادہ ہیں مگر ان پر عمل مشکل ہے کیونکہ اس کے لیے وقتی سیاسی مفاد قربان کرنا پڑتا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ اگر سیاسی قیادت اپنی نا اہلی اور خامیوں پر قابو پا لے، اپنے تضادات دور کر لے اور عوام کے سامنے جواب دہی کو شعار بنا لے تو بہت سے مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے۔
بشکریہ نوائے وقت
واپس کریں