ریاستی مسائل محض طاقت اور دباؤ سے حل نہیں ہوتے۔میاں جاوید لطیف

آج مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو اور نواز شریف کے بیانات یا خاموشی کو ان کے ماضی سے الگ کر کے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ جب ملک میں دہشت گردی عروج پر تھی تو مولانا فضل الرحمان ریاست کے ساتھ کھڑے رہے اور اس کی قیمت خودکش حملوں کی صورت میں ادا کی۔ سیاست میں بعض باتیں جذبات میں کہہ دی جاتی ہیں، جیسا کہ آج مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے کچھ بیانات میں نظر آتا ہے، جبکہ نواز شریف کی خاموشی بھی معنی رکھتی ہے۔ کسی کی تنقید یا وقتی سیاسی موقف کی بنیاد پر اسے ریاست کا مخالف نہ سمجھا جائے اور نہ بنایا جائے۔
نئے صوبوں کے معاملے پر کبھی یہ کہا جاتا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ رکاوٹ ہے اور سول قیادت صوبے بنانا چاہتی ہے، جبکہ آج کہا جا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ صوبے چاہتی ہے اور سیاستدان رکاوٹ ہیں۔ میرے نزدیک دونوں بیانیوں میں جزوی سچائی ہے۔ نہ ماضی میں حالات سازگار تھے اور نہ آج ہیں، لہٰذا یہ فیصلہ مناسب وقت پر، سازگار ماحول میں اور آئینی و قانونی تقاضے پورے کر کے ہی کیا جانا چاہیے۔
پنجاب ماضی میں کئی بار تقسیم ہو چکا ہے اور اس کی بار بار تقسیم ریاست کے مفاد میں نہیں۔ پنجاب طویل عرصہ اقتدار میں رہا ہے، مگر اس کی موجودہ خاموشی کو تقسیم پر رضامندی نہ سمجھا جائے۔ آج کے حالات میں یہ خاموشی قومی مفاد میں ہے، لیکن اسے تقسیم در تقسیم اور مسلسل تنقید برداشت کرنے پر مجبور نہ کیا جائے، کیونکہ اگر پنجاب نے اپنے حق کے لیے آواز اٹھائی تو صورتحال کو سنبھالنا آسان نہیں ہوگا۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ جن رہنماؤں نے ریاست کے لیے خدمات انجام دی ہیں، ان کی نیتوں پر شک کرنے کے بجائے انہیں قومی مفاد میں ذمہ داری سونپی جائے، تاکہ وہ دوسروں کو بھی ریاست کے لیے متحد کر سکیں۔ ریاستی مسائل محض طاقت اور دباؤ سے حل نہیں ہوتے، اور جو اس طرح حل کیے جائیں ان کے اثرات دیرپا نہیں بلکہ منفی ہوتے ہیں۔
واپس کریں