
ملک پاکستان کے معدنی ذخائر کا تخمینہ 8,000 ارب ڈالرز سے زیادہ ہے جبکہ دریافت کی جانے والی قدرتی معدنیات کی تعداد 92 ہو چکی ہے۔ پاکستان میں دنیا کے دوسرے بڑے کوئلے کے اور ساتویں بڑے تانبے کے ذخائر موجود ہیں۔صرف نمک کی برآمدات سے چالیس ارب ڈالر سالانہ آمدن کا تصور بھی پیش کیا جاتا ہے وہ نمک جو ہم کھیوڑہ کی کان سے نکال کر کوڑیوں کے بھاؤ بیچ دیتے ہیں لیکن ہم اپنے دشمنان اغیار کے وسائل،ان کی نوکریوں اور عالمی ساہو کار آئی ایم ایف کے سودی قرضوں کے محتاج ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ہم کیوں آئی ایم ایف کے دروازے پر کھڑے ہیں؟ ہم کیوں امریکہ، چین، سعودی عرب سے ادھار تیل اور ڈالر مانگ رہے ہیں؟
اصل مسئلہ وسائل کا نہیں، وژن کا ہے۔ وسائل ہیں، لیکن استعمال کرنے کی نیت نہیں ہے۔ ریکوڈک میں سونا اور تانبا ہے، لیکن اس کا ٹھیکہ غیر ملکی کمپنی کو دے دیا گیا۔ تھر میں کوئلہ ہے لیکن اس سے بجلی بنانے کی بجائے ہم باہر سے مہنگا تیل منگواتے ہیں۔ بلوچستان میں گیس ہےلیکن بلوچستان کے لوگ خود گیس سے محروم ہیں۔ خیبر پختونخواہ میں قیمتی پتھر ہیں لیکن وہ سمگل ہو کر باہر چلے جاتے ہیں یعنی ہمارا حال اس شخص جیسا ہے جس کے گھر میں سونے کی کان ہو اور وہ باہر جا کر بھیک مانگ رہا ہو۔ بحر حال آگے چلتے ہیں۔۔۔
ہم غلام کیوں بنے؟ تین بڑی وجوہات ملاحظہ فرمائیں۔
کرپشن اور کمیشن۔ جی ہاں جب بھی کوئی بڑا یا اہم منصوبہ آتا ہے تو پہلے سے ہی طے کیا جاتا ہے کہ اس میں اپنا یا صاحب کا کمیشن کتنا ہوگا۔ یعنی غیر ملکی کی کمپنی کو ٹھیکہ دو اپنا کمیشن لو۔ یہی ہوا ہے ریکوڈک میں اور یہی ہوا ہے دیگر بڑے منصوبوں میں بھی۔
تعلیم اور ٹیکنالوجی کی کمی۔ہمارے پاس قابل انجینئر نہیں، سائنسدان نہیں۔ وہ جدید ٹیکنالوجی نہیں جو ان قدرتی معدنیات کو نکال کر ان سے فائدہ اٹھا سکے۔ ہم خام مال بیچتے ہیں اور باہر والے اسی خام مال سے تیار شدہ چیزیں بنا کر ہمیں مہنگے داموں بیچتے ہیں۔ ہم نمک بیچتے ہیں، وہ نمک کی لیمپ بنا کر بیچتے ہیں۔ ہم کپاس بیچتے ہیں، وہ کپڑا بنا کر بیچتے ہیں۔ ہم چمڑا بیچتے ہیں، وہ جوتے بنا کر بیچتے ہیں۔
سیاسی عدم استحکام۔کوئی بھی بڑی کمپنی اس ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرے گی جہاں ہر دو سال بعد حکومت بدل جائے، جہاں پالیسیاں بدل جائیں، جہاں عدالتیں فیصلے بدل دیں۔ ہمارے پالیسی سازوں نے پوری محنت سے اس ملک کو غیر مستحکم بنایا ہے۔
خود انحصاری کی منزل اس دن حاصل ہوگی جس دن ہم یہ فیصلہ کر لیں گے کہ ہم ادھار تیل اور ڈالر پکڑ کر نہیں چلیں گے۔اس کے لیے ہمیں چار اہم کام کرنے ہوں گے۔
اپنے وسائل پر خود قبضہ۔ریکوڈک ہو، تھر ہو، کھیوڑہ ہو، ان سب کا فائدہ پاکستان کو ہونا چاہیے، باہر کی کمپنیوں کو نہیں۔ ٹھیکے اس شرط پر دیں کہ ٹیکنالوجی بھی منتقل ہوگی، نوجوانوں کو نوکری بھی ملے گی اور منافع کا بڑا حصہ پاکستان میں رہے گا۔
خام مال نہیں، تیار مال بیچنا۔ہمیں نمک نہیں، نمک کی مصنوعات بیچنی ہیں، کپاس نہیں، کپڑا بیچنا ہے، تانبا نہیں، تانبے کی تاریں بیچنی ہیں۔ جب تک ہم خام مال بیچتے رہیں گے ہم غریب رہیں گے۔
تعلیم اور ہنر۔ نوجوانوں کو مائننگ انجینئر، جیولوجسٹ، سائنسدان بنانا ہوگا، یونیورسٹیوں کو لیبارٹری بنانا ہوگا۔ اپنے بچوں کو ہنر سکھانا ہوگا، تاکہ وہ باہر کی نوکریوں کے محتاج نہ ہوں، بلکہ اپنے ملک میں کام کر سکیں۔
کرپشن کا خاتمہ۔جب تک ہر منصوبے میں کمیشن چلے گا، تب تک کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا۔پاکستانی قوم کو اپنے لیڈروں سے پوچھنا ہوگا کہ تم نے ملک کے وسائل کا کیا کیا؟
زندہ قومیں غیر ملکی قرضوں سے نہیں بلکہ محنت سے بنتی ہیں۔غیرت مند اقوام آئی ایم ایف کے دروازے پر نہیں بنتیں۔ قومیں اپنی کانوں، کھیتوں اور کارخانوں سے بنتی ہیں۔
ہم کب تک مانگے تانگے یا ادھار پر چلیں گے؟ ہم کب تک دوسروں کے ڈالرز پر زندہ رہیں گے؟اب فیصلہ ہمیں کرنا ہے کہ یا تو ہم اپنے وسائل کو استعمال کر کے خود انحصار بن جائیں یا پھر آنے والی نسلیں بھی اسی طرح کشکول لے کر دنیا کے سامنے کھڑی رہیں گی۔
غیرت من اقوام کی معاشی آزادی کا راستہ قرض خواہوں کے دروازوں سے نہیں، اپنے وسائل، اپنی محنت اور اپنی صلاحیتوں سے ہو کر گزرتا ہے۔ ہم ادھار تیل اور ڈالرز پکڑ پکڑ کے سہارے چلنے والی معیشت سے نکل کر خود انحصاری کی منزل کب حاصل کریں گے؟
واپس کریں