دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
جب سیاسی مفادات کو قومی مفاد کا لباس پہنایا جاتا ہے
No image احتشام الحق شامی : سیاست کے میدان میں کوئی مستقل دوست یا دشمن نہیں، صرف مستقل مفادات ہوتے ہیں۔ پاکستانی سیاست بھی کیا عجیب تماشا ہے! یہاں نظریات موسموں کی طرح بدلتے ہیں، وفاداریاں ضرورت کے مطابق کروٹ لیتی ہیں اور اصولوں کی عمر اتنی ہی ہوتی ہے جتنی دیر اقتدار کی کرسی میسر رہے۔
آج مولانا فضل الرحمان حکومت کے خلاف ہیں اور حکومت مولانا کے خلاف صف آرا ہے۔ کل یہی سیاسی کردار ایک دوسرے کے ساتھ مسکراتے ہوئے تصاویر بنوا رہے تھے اور ایک دوسرے کی سیاسی بصیرت کے قصیدے پڑھ رہے تھے۔ آج حالات بدلے ہیں تو لہجے بھی بدل گئے ہیں، بیانات بھی بدل گئے ہیں اور ایک دوسرے کے بارے میں خیالات بھی۔
سوال یہ ہے کہ آخر ایسا کیا ہوگیا کہ کل تک ایک دوسرے کے لیے قابلِ قبول لوگ آج ناقابلِ برداشت ہوگئے؟ کیا نظریات اچانک بدل گئے؟ کیا ملک کے مسائل پر کوئی بنیادی اختلاف پیدا ہوگیا؟ یا پھر اقتدار اور اختیار کی تقسیم میں کہیں حساب کتاب گڑبڑ ہوگیا؟
ہماری سیاست کا المیہ ہی یہی ہے کہ یہاں دوستی بھی اصولوں پر نہیں، مفادات پر ہوتی ہے اور دشمنی بھی نظریات کی بنیاد پر نہیں بلکہ مفادات کے ٹکراؤ سے جنم لیتی ہے۔
جب مفادات ایک ہوں تو مخالف بھی بھائی بن جاتا ہے، جب اقتدار کی میز پر حصہ مل جائے تو اختلافات جمہوریت کے حسن میں تبدیل ہوجاتے ہیں، اور جب حصہ کم پڑ جائے تو وہی جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔
مولانا حکومت کے خلاف ہوں تو ان کے حامی اسے عوامی حقوق کی جنگ قرار دیتے ہیں، حکومت مولانا کے خلاف ہو تو اسے سیاسی استحکام کا مسئلہ سمجھتی ہے۔ دونوں طرف اپنے اپنے دلائل ہیں، اپنے اپنے بیانات ہیں اور اپنے اپنے سیاسی مفادات ہیں۔ مگر عوام کا سوال اپنی جگہ قائم ہے کہ اس ساری سیاسی کشمکش میں عام آدمی کہاں کھڑا ہے؟
مہنگائی سے پریشان عوام، بے روزگاری سے تنگ نوجوان، بجلی اور گیس کے بلوں تلے دبے خاندان اور علاج و تعلیم کے لیے ترستے لوگ ہر روز سوچتے ہیں کہ آخر ان کی زندگی میں تبدیلی کب آئے گی؟
ادھر سیاست دانوں کے درمیان ملاقاتیں، مذاکرات، اتحاد، اختلاف، ناراضی اور مفاہمت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ کبھی ہاتھ اٹھا کر فتح کا نشان بنایا جاتا ہے اور کبھی ایک دوسرے کے خلاف ہاتھ اٹھانے کے اعلانات ہوتے ہیں۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ ہمارے ہاں سیاسی دشمنی بھی مستقل نہیں ہوتی۔ آج جو ایک دوسرے کو جمہوریت کا دشمن قرار دے رہے ہیں، کل کسی مشترکہ ضرورت کے تحت ایک ہی میز پر بیٹھے نظر آسکتے ہیں۔ پھر قوم کو بتایا جائے گا کہ یہ قومی مفاد میں کیا گیا فیصلہ ہے،یہی وہ جملہ ہے جس کے پیچھے اکثر سیاسی مفادات کو قومی مفاد کا خوبصورت لباس پہنا دیا جاتا ہے۔
سیاست میں اختلاف ہونا بری بات نہیں، بلکہ جمہوریت کا حسن ہے لیکن جب اختلاف اصولوں کے بجائے حصے، عہدے اور اختیار کے گرد گھومنے لگے تو عوام کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہونا فطری ہے کہ آخر اس سارے کھیل میں عوام کے لیے کیا رکھا ہے؟
ہماری سیاست کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ یہاں اقتدار بدلنے سے پہلے مؤقف بدل جاتے ہیں، اتحاد ٹوٹنے سے پہلے نظریات بدل جاتے ہیں اور مفادات پورے ہوتے ہی دشمن دوست بن جاتے ہیں۔
عوام کو اب سیاسی نعروں سے زیادہ اپنے مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔ انہیں اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ مولانا حکومت کے ساتھ ہیں یا حکومت مولانا کے ساتھ۔ اعوام کو صرف یہ دیکھنا ہے کہ کون ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ایک بات تو طے ہے کہ سیاست دانوں کی لڑائی میں کبھی کرسی داؤ پر لگتی ہے، کبھی وزارت، کبھی اتحاد اور کبھی اقتدار، لیکن ہر بار قیمت عوام ہی ادا کرتے ہیں۔
واپس کریں