
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے عوامی رائے لی جانی چاہیے۔ اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں ہوں تو صوبے بنا دینے چاہئیں۔ ان کے مطابق آئین میں ریفرنڈم سے متعلق شق موجود ہے اور قومی اہمیت یا عوامی دلچسپی کے کسی بھی معاملے پر ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے نئے صوبوں کے بارے میں اپنا باضابطہ مؤقف ابھی میڈیا کے سامنے نہیں رکھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم تو ہو کر رہے گا۔ پیپلز پارٹی کو سندھ کی تقسیم پر اعتراض ہے، لیکن صدر اور وزیراعظم کی ملاقات کے بعد بہت سے معاملات معمول پر آ گئے ہیں۔ دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کی بحث کے لیے سیاست دانوں کو اپنے خول سے باہر نکلنا ہوگا۔ خون خرابے کی باتیں کرنے کے بجائے قومی سوچ اپنانی چاہیے۔ دنیا میں نئے صوبے بنتے رہے ہیں، کوئی صوبہ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں۔نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام کی بحث اگرچہ عرصے سے جاری تھی، تاہم اس میں شدت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ان بیانات کے بعد آئی جن میں انہوں نے سندھ کی تقسیم کی کوششوں کے نتیجے میں خون خرابے کے خدشات ظاہر کیے تھے۔ ریفرنڈم کی تجویز سامنے آئی تو پیپلز پارٹی کی جانب سے اس کی بھی شدید مخالفت کی گئی۔ یوں ایک اہم انتظامی معاملہ سیاسی اختلافات کا مرکز بن گیا۔ اس صورتِ حال میں بنیادی سوال یہ ہے کہ چھوٹے صوبوں کا معاملہ اب کہاں کھڑا ہے اور اس کا قابلِ قبول، جمہوری اور آئینی حل کیا ہو سکتا ہے؟پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی، انتظامی پیچیدگیوں اور عوامی ضروریات نے نئے صوبوں کے قیام کی بحث کو پہلے سے زیادہ اہم بنا دیا ہے۔ ملک کے بعض صوبے آبادی اور رقبے کے لحاظ سے اتنے بڑے ہیں کہ ایک ہی دارالحکومت سے تمام علاقوں کے مسائل مؤثر انداز میں حل کرنا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو معمولی سرکاری امور کے لیے بھی طویل سفر کرنا پڑتا ہے۔ وسائل کی غیر مساوی تقسیم، اختیارات کا ارتکاز اور ترقیاتی سہولتوں کا فقدان عوامی شکایات میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ نئے صوبوں کے حامی اسی بنیاد پر ان کے قیام کو محض سیاسی مطالبہ نہیں بلکہ انتظامی ضرورت قرار دیتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات اور سیاسی مباحثوں کے بعد اہم حکومتی ملاقاتوں کی بازگشت بھی سنائی دی ہے۔ ریفرنڈم کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ اس اہم سوال پر عوام سے براہِ راست رائے لی جانی چاہیے۔ اگر وہ نئی انتظامی اکائیوں کے حق میں ہوں تو اس رائے کو اہمیت ملنی چاہیے۔ منتخب نمائندے عوام کی ترجمانی کرتے ہیں، تاہم کسی معاملے پر عوام کے براہِ راست اظہارِ رائے کو نمائندوں کی رائے پر جمہوری اور اخلاقی فوقیت حاصل ہوتی ہے۔اس حوالے سے یہ اصول بھی اہم ہے کہ ہر صوبے کے مستقبل سے متعلق اس کے اپنے عوام کی رائے کو بنیادی حیثیت دی جائے۔ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کے انتظامی تقاضے مختلف ہو سکتے ہیں۔ کسی ایک صوبے کی خواہش دوسرے صوبے پر مسلط نہیں کی جانی چاہیے۔سندھ کی مثال سامنے رکھی جائے تو 1973ء کے بعد اس کی انتظامی تقسیم میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں۔ ڈویژنوں اور اضلاع کی تعداد میں اضافے کا بنیادی مقصد انتظامی امور کو زیادہ مؤثر بنانا تھا۔ نئے صوبوں کے حامی سوال اٹھاتے ہیں کہ اگر انتظامی سہولت کے لیے اضلاع اور ڈویژنوں کی تعداد بڑھائی جا سکتی ہے تو صوبائی سطح پر نئی اکائیوں کے قیام کے امکان پر سنجیدہ غور کیوں نہیں کیا جا سکتا؟ انتظامی اصلاحات کے حامیوں کے دلائل بھی سنجیدہ توجہ کے مستحق ہیں۔نئے صوبوں کے قیام کے حامی یہ دلیل بھی دیتے ہیں کہ چھوٹی انتظامی اکائیاں عوامی خدمت، بہتر کارکردگی، مقامی قیادت اور جمہوری شرکت کے نئے مواقع فراہم کر سکتی ہیں۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہوگا کہ اختیارات صرف ایک صوبائی دارالحکومت سے دوسرے دارالحکومت منتقل نہ ہوں بلکہ مؤثر بلدیاتی نظام کے ذریعے نچلی سطح تک پہنچیں۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور انتظامی اخراجات کا حقیقت پسندانہ جائزہ بھی اس عمل کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔چھوٹے صوبوں کا معاملہ اس وقت سیاسی اختلافات، انتظامی ضروریات اور آئینی تقاضوں کے سنگم پر کھڑا ہے۔ اس بحث کو محض نعروں تک محدود رکھنے کے بجائے سنجیدہ قومی مکالمے کی ضرورت ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کے امکانات کا جائزہ عوامی مفاد، قومی یکجہتی اور بہتر طرزِ حکمرانی کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔
واپس کریں