دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سیاسی طاقتوں کو فکس کرنے کا کھیل سنجیدہ مرحلے میں داخل
No image اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل اور بیٹا گھر سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یعنی وہ ہو گیا جس کا خدشہ کئی دن سے ظاہر کیا جا رہا تھا۔
آج صبح علاقہ مجسٹریٹ اپنی ٹیم کے ساتھ مولانا کی رہائش گاہ پہنچے۔ پولیس کی بھاری نفری پہلے سے تعینات تھی۔ گھر کی طرف جانے والی گلی کو ناکا لگا کر بند کر دیا گیا۔ باہر پولیس کی بکتر بند گاڑی کھڑی کر دی گئی،اہل خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے صرف 30 منٹ کی مہلت دی گئی۔ جے یو آئی کا کہنا ہے کہ گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا، اہل خانہ کے جانے کے بعد گھر کو سیل کر دیا گیا اور جب پولیس نے مولانا کی گاڑی لے جانے کی کوشش کی تو جے یو آئی کی خواتین اراکین اسمبلی سمیت کارکنوں نے گاڑی کے سامنے کھڑے ہو کر مزاحمت کی۔ اسی دوران اسجد محمود کو حراست میں لے لیا گیا۔
سی ڈی اے کے مطابق گھر کی ملکیت امان اللہ نامی شخص کے نام منتقل ہوئی تھی۔ ۔سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں اور غیر ملکی شہری بغیر پیشگی تحریری اجازت کے پاکستان میں جائیداد نہیں خرید سکتا۔
اصل سوال یہ نہیں ہے کہ گھر کس کے نام تھا، شناختی کارڈ اصلی تھا یا جعلی۔ اصل سوال یہ ہے کہ یہ کارروائی اسی وقت کیوں ہوئی جب مولانا حکومت پر تنقید کر رہے تھے؟اگر یہ کارروائی خالص قانونی ہے تو یہ 5 سال پہلے کیوں نہیں ہوئی؟ اور اگر یہ سیاسی ہے تو پھر حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ گھر سیل کرنے سے، بیٹا گرفتار کرنے سے، سیکورٹی واپس لینے سے مولانا خاموش نہیں ہوگا۔پاکستان کی تاریخ بتاتی ہے کہ جس لیڈر کو اس طرح دبایا گیا، وہ اور زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آیا۔ مولانا کا گھر سیل ہو گیا ہے لیکن ان کا سیاسی گھر ابھی سیل نہیں ہوا۔
مولانا فضل الرحمان نے ابھی کارکنوں کو صبر کا کہا ہے لیکن اگر حکومتی دباؤ یہی رہا تو مولانا کے پاس دو ہی راستے ہیں۔ یا تو وہ خاموش ہو جائیں، جو ان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا یا وہ سڑکوں پر آ جائیں۔مولانا نے پہلے ہی کہا تھا، تمہاری جیلیں ختم ہو جائیں گی، ہمارے کارکن ختم نہیں ہوں گے۔
اگر مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد کی طرف مارچ یا ملک گیر احتجاج کی کال دی تو حکومت کے لیے اسے روکنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ مولانا کے کارکن منظم ہیں، مدارس کا نیٹ ورک ہے اور اب پیپلز پارٹی کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی دوسری جماعتیں بھی ان کے ساتھ کھڑی ہو سکتی ہیں۔
ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کے چکر میں سیاسی طاقتوں کو فکس کرنے کا کھیل سنجیدہ مرحلے میں داخل ہوا چاہتا ہے لیکن خاکسار کو ایک دوسرے کا کٹھا چھٹا کھلتا دیکھتے اور اسے سننے میں زیادہ دلچسپی ہے۔
واپس کریں