دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
حب الوطنی کا چورن بھی باقائدگی سے چٹایا جاتا ہے
جنید ملک
جنید ملک
سوشل میڈیا پر حب الوطنی کا چورن چاٹنے والے خودساختہ دانشوروں کی اطلاع کے لیئے عرض ہے کہ آپ دن رات جس ریاست اور جس نظام کا دفاع کرتے ہیں اور جس پر تنقید کے نتیجے میں آپ باولے ہو جاتے ہیں درحقیقت آپ اس کا حصہ ہی نہیں ہیں۔
نظام کے لیئے آپ صرف ایک نمبر ہیں۔ وہ نمبر جو شناختی کارڈ یا مردم شُماری کے زریعے آپ کو الاٹ کیا جاتا ہے۔ ریاست کے لیئے آپ کا وجود محض اس بات کی ضمانت ہے کہ آپ کی تعداد، آپ کی معاشی سرگرمیاں، آپ سے وصول کیا گیا ٹیکس یا محصولات دکھا کر مقامی بینکوں اور عالمی اداروں سے قرضے لیئے جا سکیں۔ آپ کی غربت اور پسماندگی کے نام پر یا قدرتی آفات اور وبائی امراض کے نتیجے میں دنیا کو آپ کی تکالیف دکھا کر دنیا سے امداد وصول کی جا سکے۔ وجہ یہ ہے کہ ریاست کی مقتدرہ، انتظامیہ، اداروں، وزیروں، مشیروں، سول ملٹری بیوروکریٹس وغیرہ کے شاہانہ اخراجات صرف ٹیکس اور محصولات سے پورے نہیں ہو سکتے۔ ان خرچوں کو پورا کرنے کے لیئے اندرونی و بیرونی قرضے اور امداد اب لازمی ہو چکی ہے۔
دوسری طرف عوام محض ان قرضوں اور امداد کی زر ضمانت اور سود ادا کرنے کا زریعہ ہیں۔ اصول بہت سادہ ہے۔ ابادی میں جتنا اضافہ ہو گا ریاست کے کرتا دھرتا اتنا ہی زیادہ قرضہ لے سکیں گے۔ عوام کی زندگی میں جتنی زیادہ غربت اور تکالیف ہوں گی عالمی اداروں سے اتنی ہی زیادہ امداد ملے گی۔ زرا سوچیئے کہ ریاست نے اج تک جتنا قرضہ لیا، آئی ایم ایف کا قرضہ، سی پیک کا قرضہ، دوست ممالک کا قرضہ وغیرہ۔ 2008 کا زلزلہ اس کے بعد متعدد سیلابوں کی تباہ کاریوں سے لے کر کرونا کی وبا اور کلائمیٹ چینج وغیرہ کے نام پر ملنے والی امداد۔ کیا کبھی کسی نے آپ کو اس سب کا حساب دیا کہ یہ پیسا کہاں اور کیسے خرچ ہوا؟
لہذا عوام سے گزارش ہے کہ اس جعلی سیاست، کھیل تماشوں اور مصنوعی حب الوطنی کے چکر سے باہر نکل کر اپنے بنیادی حقوق پر توجہ دیں۔ یہ سرکاری ادارے، ان میں ہونے والے خرچے، ان کے ملازمین کے ٹھاٹھ باٹھ، ان کی قیمتی گاڑیاں، ان کو ملنے والی مفت مراعات، مقتدرہ کے عظیم الشان پروٹوکول یہ سب آپ کے وجود کی ہی مرہون منت ہیں۔ لیکن آپ کی حالت یہ ہے کہ ساری زندگی صبح سے رات تک دھکے کھانے کے باوجود آپ اپنی بنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کر پاتے۔ ریاست کے کرتا دھرتا اس بات سے ڈرتے ہیں کہ کہیں یہ حقیقت آپ پر آشکار نہ ہو جائے۔ اس لیئے آپ کو کھیل تماشوں اور سیاسی شعبدہ بازیوں میں مصروف رکھنے کے ساتھ ساتھ حب الوطنی کا چورن بھی باقائدگی سے چٹایا جاتا ہے۔
واپس کریں