دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بجلی کی قیمت میں فیول ایڈجسٹمنٹ ریلیف
No image بجلی کے بل پاکستانی گھرانوں کے لیے ہر مہینے پریشانی کا پیغام لے کر آتے ہیں۔ تنخواہ دار طبقہ ہو، دکاندار، مزدور یا ریٹائرڈ پنشنر، سب کو یہی دھڑکا لگا رہتا ہے کہ اس بار کتنا بل آئے گا اور اسے ادا کرنے کے لیے کس خرچے میں سے کٹوتی کرنی پڑے گی۔ اب خبر آئی ہے کہ حکومت نے اکتوبر سے دسمبر 2026ء تک کے لیے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ میں استحکام لانے کا فیصلہ کیا ہے اور تین ماہ کے دوران اس میں اضافے کو 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز ہے۔ پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق، اس ایڈجسٹمنٹ کا مقصد صارفین کو اضافی مالی بوجھ اور قیمتوں کی غیر یقینی صورتحال سے تحفظ دینا ہے۔ بظاہر یہ ایک خوش آئند بات ہے اور اس کا اعتراف نہ کرنا زیادتی ہو گی لیکن ہمارے ہاں بجلی کی قیمتیں جتنی زیادہ ہیں ان کو دیکھا جائے تو یہ ایڈجسٹمنٹ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مصداق دکھائی دیتی ہے۔ پاکستان میں بجلی کے نرخوں میں اضافے کی بنیادی وجوہ سب جانتے ہیں، نجی بجلی گھروں کے ساتھ ایسے معاہدے جن میں بجلی بنے یا نہ بنے، کپیسٹی کے نام پر ادائیگیاں ہوتی رہتی ہیں، ترسیل و تقسیم کے نظام میں ہونے والے نقصانات، بجلی چوری اور بل نہ دینے والوں کا بوجھ باقاعدگی سے بل دینے والوں پر ڈالنا اور گردشی قرضے کا وہ پہاڑ جو ہر سال بڑھتا جاتا ہے۔ ان مسائل پر سنجیدہ اور دیرپا اصلاحات کی ضرورت ہے۔
یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ جب حکومت کو خزانہ بھرنا ہوتا ہے تو اس کے فیصلے غیر معمولی تیزی اور قطعیت کے ساتھ سامنے آتے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں اضافہ ہو، بجلی کے بلوں میں مختلف مدوں میں ٹیکس اور سرچارج کا اضافہ ہو یا بالواسطہ ٹیکسوں کا دائرہ بڑھانا ہو، ان سب معاملات میں نہ کسی لمبی بحث کی ضرورت پڑتی ہے اور نہ عوام کی مشکلات پر غور کے لیے وقت نکالا جاتا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے شدہ اہداف کا حوالہ دے کر اعلان کر دیا جاتا ہے کہ یہ سب ناگزیر ہے۔ عوام سے کہا جاتا ہے کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے قربانی دینا ہوگی مگر عجیب بات یہ ہے کہ قربانی کا یہ مطالبہ ہمیشہ انھی سے کیا جاتا ہے جن کے پاس قربان کرنے کو پہلے ہی کچھ زیادہ نہیں بچا۔ اس سلسلے میں تنخواہ دار طبقے کی مثال سب سے نمایاں ہے۔ اس کا ٹیکس تنخواہ ملنے سے پہلے ہی کٹ جاتا ہے، نہ بچنے کی گنجائش، نہ چھپانے کا راستہ۔ پھر وہی شخص بازار میں جا کر ہر خریداری پر سیلز ٹیکس دیتا ہے، بجلی کے بل میں مختلف ٹیکس بھرتا ہے اور پٹرول پر لیوی ادا کرتا ہے۔ ٹیکس کا نظام اس اصول پر قائم ہونا چاہیے کہ جس کی استطاعت زیادہ ہو وہ زیادہ ٹیکس دے لیکن ہمارے ہاں عملی صورت اس کے الٹ بنتی جا رہی ہے۔
یہاں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کا ذکر بے محل نہیں۔ ایک خبر کے مطابق، اس ادارے کے وفد نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی جس میں موسمیاتی فنانسنگ پر بات ہوئی اور کلین انرجی، آبی وسائل، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں کا پورٹ فولیو پیش کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے بجا طور پر کہا کہ منصوبوں کے انتخاب میں قومی ترجیحات اور ٹھوس ترقیاتی نتائج کو مد نظر رکھا جائے۔ وزیر خزانہ نے جو کچھ کہا وہ اپنی جگہ درست ہے لیکن عملی طور پر قومی ترجیحات کیا ہیں یہ سب جانتے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ چند برس پہلے یو این ڈی پی کی ایک رپورٹ میں یہ چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا تھا کہ پاکستان میں ہر سال اشرافیہ کو سرکاری خزانے سے اربوں ڈالر کی مراعات اور رعایتیں ملتی ہیں۔ اس رپورٹ میں اشرافیہ کی تعریف کسی ایک گروہ تک محدود نہیں تھی۔ اس میں کارپوریٹ شعبے کو ملنے والی ٹیکس چھوٹ اور سبسڈی، بڑے زمینداروں کو حاصل رعایتیں، با اثر طبقوں کو ملنے والے سستے قرضے اور سرکاری وسائل تک ترجیحی رسائی جیسے پہلو شامل تھے۔ یہ وہ نظام ہے جس میں اشرافیہ سرکاری خزانے سے ملنے والی مراعات کو اپنا حق سمجھتی ہے اور ٹیکس کو ایک بوجھ۔ اس سب کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ جب ریاست کو پیسے کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ ان لوگوں کی طرف دیکھتی ہے جو سب سے آسانی سے دستیاب ہیں، یعنی عام شہری، جنھیں نہ لابی بنانی آتی ہے نہ ایوانوں میں اپنی بات منوانے کی طاقت رکھتے ہیں۔
حکومت کی طرف سے عموماً یہ دلیل دی جاتی ہے کہ ملک کی مالی حالت نازک ہے، قرضوں کی ادائیگی کا دباؤ ہے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرائط سخت ہیں اس لیے ٹیکس بڑھانے اور سبسڈی کم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ اس دلیل میں جزوی صداقت ضرور ہے۔ کوئی بھی ریاست مستقل خسارے میں نہیں چل سکتی اور ایسی سبسڈی جو معیشت کو کھوکھلا کرے دیرپا نہیں ہو سکتی مگر یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ سبسڈی ختم کرنے کی ترتیب کیا ہے؟ اگر پہلے ختم ہونے والی رعایتیں ہمیشہ عام آدمی کی ہوں اور اشرافیہ کی مراعات آخر تک محفوظ رہیں تو اسے اصلاح نہیں، نا انصافی کہا جائے گا۔ معاشی اصلاحات کی ساکھ اسی وقت بنتی ہے جب بوجھ منصفانہ طور پر تقسیم ہوتا نظر آئے۔ بجلی کے شعبے ہی کو دیکھ لیجیے۔ اگر حکومت واقعی صارفین کو غیر یقینی سے بچانا چاہتی ہے تو اسے ان معاہدوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی جن کی وجہ سے صارفین ایسی بجلی کی قیمت بھی ادا کرتے ہیں جو کبھی استعمال ہی نہیں ہوتی۔ اسے ترسیلی نقصانات کم کرنے اور چوری روکنے کے لیے حقیقی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ ایماندار صارف کو دوسروں کے حصے کا بل نہ بھرنا پڑے۔ اسے یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ بجلی کے بل میں شامل کیے جانے والے ٹیکس اور سرچارج کتنے جائز ہیں اور ان کا بوجھ کس پر پڑ رہا ہے۔ اس کام کے لیے جس سیاسی عزم کی ضرورت ہے وہ فی الحال نظر نہیں آ رہا۔
شہری ٹیکس اس لیے دیتا ہے کہ اسے تعلیم، صحت، امن و امان اور بنیادی سہولتیں ملیں اور یہ احساس ہو کہ اس کا دیا ہوا ایک ایک روپیہ سوچ سمجھ کر خرچ کیا جا رہا ہے۔ جب اسے یہ نظر آئے کہ اس کے پیسے سے مراعات یافتہ طبقوں کو نوازا جا رہا ہے اور اس کے حصے میں چند پیسوں کے اعلانات آ رہے ہیں تو اس کا ردعمل فطری ہے۔ حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ 83 پیسے کی حد بندی کی خبر عوام کا غصہ ٹھنڈا نہیں کر سکتی کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ایک طرف سے جو دیا جاتا ہے وہ دوسری طرف سے کئی گنا واپس لے لیا جاتا ہے۔ حکومت کو اگر واقعی عوام کا احساس ہے تو اسے یہ احساس عمل میں بدلنا ہوگا اور عمل کا آغاز وہیں سے ہونا چاہیے جہاں سے سب سے زیادہ رقم بچائی جا سکتی ہے، یعنی ان رعایتوں سے جو برسوں سے طاقتور طبقوں کو دی جا رہی ہیں۔ جس دن حکومت نے عام صارف سے قربانی مانگنے کی بجائے اشرافیہ کی جیب ہلکی کرنے کا حوصلہ دکھایا اس دن ریلیف کا لفظ اپنے اصل معانی پا لے گا۔ بشکریہ نوائے وقت
واپس کریں