دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ۔ خلیل احمد نینی تا ل والا
No image قارئین میں اس سے قبل بھی کالم لکھ چکا ہوں کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے مگر ایک طویل عرصے تک ہم ان وسائل کے بارے میں یہ تلخ حقیقت دہراتے رہے کہ زمین کے نیچے دولت موجود ہے اور اوپر غربت۔ بلوچستان سے لیکر گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا تک پھیلا ہوا معدنی خزانہ تانبے، سونے، کوئلے، سنگِ مرمر، نمک اور دیگر قیمتی معدنیات پر مشتمل ہے۔ اس دولت کو بروئے کار لانے کیلئے سرمائے، ٹیکنالوجی، مہارت اور سب سے بڑھ کر سیاسی و پالیسی استحکام کی ضرورت تھی۔ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں ان تمام عناصر پر ایک ساتھ بات ہونا اور ان کیلئے عملی یقین دہانیاں سامنے آنا اس بات کی علامت ہے کہ ریاست اب اس شعبے کو سنجیدگی سے ترجیح دے رہی ہے۔پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 محض ایک کانفرنس نہیں بلکہ اس بات کا واضح اشارہ تھا کہ دنیا پاکستان کو اب ایک نئی نظر سے دیکھ رہی ہے۔ 60 سے زائد ممالک کے10 ہزار سے زیادہ شرکا ء کی موجودگی، 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط اور بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کے اعلانات اس حقیقت کی گواہی دیتے ہیں کہ پاکستان کے معدنی شعبے میں عالمی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ برسوں تک معاشی مشکلات، غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے تحفظات کی خبریں سننے والی قوم کیلئے یہ ایک نہایت خوش آئند تبدیلی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اس تبدیلی کو دیرپا معاشی ترقی میں کیسے ڈھالا جائے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کا خطاب اس پورے منظرنامے کی سمت متعین کرتا ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان کو خام معدنیات بیرونِ ملک بھیجنے کی روایت ختم کرنا ہوگی اور ملک کی معدنی دولت کو اندرونِ ملک زیادہ سے زیادہ معاشی مواقع میں تبدیل ہونا چاہیے۔ یہ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک ایسی معاشی حکمت عملی ہے جس کی کامیابی کی مثالیں دنیا کے کئی ممالک میں موجود ہیں۔ خام مال اور تیار مصنوعات کی قیمت کا فرق کسی بھی معیشت کیلئے فیصلہ کن ہوتا ہے۔ جب تانبے کو خام دھات کی صورت میں برآمد کیا جاتا ہے تو اس کی قدر کا بڑا حصہ وہ ملک لے جاتا ہے جہاں اسے ریفائن کیا جاتا ہے اور اس سے کیبل، تاریں اور برقی آلات بنائے جاتے ہیں۔ وزیراعظم نے اسی نکتے کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک اور ٹیتھیان کاپر بیلٹ کے دیگر منصوبوں کو ریفائنریوں، سیمنٹ پلانٹس اور کیبلز و کنڈکٹرز بنانے والی صنعتوں کے قیام میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ اگر یہ وژن حقیقت بنتا ہے تو اس سے ایک ایسی صنعتی زنجیر وجود میں آئے گی جو کان کنی سے شروع ہو کر پراسیسنگ، مینوفیکچرنگ اور برآمدات تک پھیلی ہوگی اور اس زنجیر کے ہر مرحلے پر ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ سرمایہ کار کو ایک بڑی منڈی، وسائل تک رسائی اور ریاستی سہولت ملتی ہے جبکہ ملک کو ٹیکنالوجی، سرمایہ اور صنعتی بنیاد حاصل ہوتی ہے۔ سرمایہ کاری کیلئے سب سے بنیادی شرط تحفظ کا احساس ہوتا ہے۔وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ کانوں اور کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور ان سے وابستہ لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

دوسری جانب عالمی منظرنامے پر نظر ڈالیں تو پاکستان کیلئے مواقع مزید نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔ دنیا توانائی کے نئے دور میں داخل ہو رہی ہے جہاں برقی گاڑیوں، قابلِ تجدید توانائی، بجلی کی ترسیل اور جدید ٹیکنالوجی کیلئے تانبے اور دیگر معدنیات کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایسے میں وہ ممالک جو قابلِ اعتماد رسد فراہم کر سکتے ہیں عالمی سرمایہ کاروں کی نظر میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر لیتے ہیں۔ ٹیتھیان کاپر بیلٹ پر واقع پاکستان اس عالمی طلب سے فائدہ اٹھانے کی بہترین پوزیشن میںہے بشرطیکہ ہم پالیسیوں کے تسلسل، شفافیت اور معیاری انتظام کو یقینی بنائیں۔معاشی لحاظ سے اس پیش رفت کے اثرات کئی سطحوں پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ سب سے پہلے براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا جو زرِ مبادلہ کے ذخائر کو سہارا دے گی اور روپے پر دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ دوسرے، معدنی برآمدات اور بعد ازاں تیار مصنوعات کی برآمدات سے ملک کی تجارتی پوزیشن بہتر ہوگی۔ تیسرے، کان کنی، ٹرانسپورٹ، توانائی، تعمیرات اور خدمات کے شعبوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ چوتھے، حکومت کو محصولات کی صورت میں آمدن حاصل ہوگی جس سے تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے پر خرچ کرنے کی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔ یہ سب فوائد اسی وقت حاصل ہوں گے جب منصوبے شفاف طریقے سے اور مقررہ وقت پر آگے بڑھیں۔یہاں یہ حقیقت بھی پیشِ نظر رہنی چاہیے کہ محض اعلانات اور مفاہمتی یادداشتیں معیشت کو بہتر نہیں بنا سکتیں۔13 معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط ایک اچھی ابتدا ہے لیکن اصل امتحان ان کا عملی صورت اختیار کرنا ہے۔ اس کیلئے ضروری ہوگا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں باہمی ہم آہنگی سے کام کریں، قوانین اور ضوابط واضح اور مستحکم ہوں، ماحولیاتی تحفظ کے معیارات پر عمل کیا جائے اور مقامی آبادیوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ریفائنریاں، کیبل فیکٹریاں اور دیگر ڈائون اسٹریم صنعتیں ملک کے اندر قائم ہوں تو ہمیں انجینئروں، ماہرینِ ارضیات، تکنیکی کارکنوں اور منیجروں کی ایک نئی نسل تیار کرنا ہوگی ۔ یہ امر بھی پیش نظر رہنا چاہیے کہ پاکستان ایک معاشی مشکلات سے دو چار ملک ہے اور اس کے معدنی ذخائر پوری قوم کی امانت ہیں۔ لہٰذا ان منصوبوں سے حاصل ہونے والے فوائد چند کمپنیوں، سرمایہ کاروں یا مخصوص طبقوں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ان کا ثمر عام آدمی تک پہنچنا چاہیے۔ معدنی دولت اسی وقت حقیقی قومی سرمایہ ثابت ہو گی جب اس کا فائدہ پوری قوم، بالخصوص غریب اور محروم طبقات تک پہنچے گا۔
واپس کریں