چارسدہ/شبقدر: ٹی ایم اے آفس پر مبینہ دھاوا، توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان

( رپورٹ خالد خان ) چارسدہ/شبقدر: شبقدر میں ٹی ایم اے آفس پر مبینہ دھاوا، توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعے نے شہری حلقوں میں تشویش پیدا کر دی۔ ٹی ایم او شبقدر کی جانب سے تھانہ شبقدر میں 8 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دے دی گئی ہے۔
درخواست کے مطابق نامزد افراد میں ضلعی زکوٰۃ چیئرمین مزمل خان، عطاء اللہ خان، حامد احسان، حارث خان، فرہاد خان، مکمل شاہ، لیاقت خان اور محب اللہ شامل ہیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کا تعلق پی ٹی آئی کے ایم پی اے عارف احمدزئی سے ہے اور یہ افراد مبینہ طور پر انہی کی جانب سے ٹی ایم اے آفس بھیجے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران دفتر میں توڑ پھوڑ ہوئی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
نامزد افراد میں حامد احسان کو عارف احمدزئی کا پی اے بھی بتایا گیا ہے، جبکہ مزمل خان کو ضلعی زکوٰۃ چیئرمین بتایا گیا ہے۔ واقعے کے حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے، جس میں مبینہ طور پر ٹی ایم اے آفس میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے مناظر محفوظ ہیں۔
واقعے نے سرکاری اداروں کے تحفظ اور سرکاری املاک کی حفاظت کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ سرکاری دفتر عوامی خدمت کے لیے ہوتے ہیں، جہاں کسی بھی اختلاف یا شکایت کا اظہار قانونی اور پُرامن طریقے سے ہونا چاہیے۔
ٹی ایم او کی جانب سے دی گئی درخواست میں 8 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ذرائع کی جانب سے واقعے کو عارف احمدزئی سے جوڑنے کے دعوے نے معاملے کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
واپس کریں