
لاہور(پریس ریلیز) 27 اکتوبر یومِ سیاہ کے موقع پر کشمیر سنٹر لاہور (جموں و کشمیر لبریشن سیل) کے زیرِ اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں دستخطی مہم چلائی گئی۔مظاہرے کا مقصد 27 اکتوبر 1947ء کو ریاست جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی آمد اور بھارتی کنٹرول کے خلاف کشمیری عوام کے مؤقف کو اجاگر کرنا، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانا اور نئی نسل میں مسئلہ کشمیر کے بارے میں شعور و آگہی پیدا کرنا تھا۔مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے سینئررہنما کل جماعتی حریت کانفرنس شیخ عبدالمتین، سینئررہنما مسلم لیگ ن سید نصیب اللہ گردیزی، سابق پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹرفرازنہ نذیر، سابق ایم پی اے فرزانہ بٹ، سیکرٹری اطلاعات حریت کانفرنس امتیازوانی،انچارج سنٹرانعام الحسن کاشمیری، حریت رہنما انجینئرمشتاق محمود، سینئررہنما پاکستان پیپلز پارٹی غلام عباس میر،سابق ایس ایس پی چوہدری عطاء، صدر مسلم لیگ ن لاہور آزادکشمیر راجہ شہزاد احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادکشمیر حلقہ پاکستان عبدالعزیز شگری، رہنما محاذ رائے شماری آفتاب نازکی، پروفیسر اسماء حسن، سیکرٹری جنرل مسلم لیگ فاروق جرال، چوہدری صدیق، عالمی سیاح مقصود چغتائی، علامہ مشتاق قادری، علامہ فداء الرحمان حیدری، نذربھنڈر، قاضی انوار، متین کاشمیری ، فیصل فابانی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ دستخطی مہم کے ذریعے عوامی سطح پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور حقِ خودارادیت کے مطالبے کو نمایاں کیا گیا۔مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، آزادی اور حقِ خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کے بارے میں آگہی پھیلانے اور کشمیری عوام کی آواز مؤثر انداز میں بلند کرنے کے لیے سیاسی، سفارتی، قانونی اور ابلاغی سطح پر کوششیں جاری رہنی چاہییں۔کشمیر سنٹر لاہور کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قومی شعور کی بیداری اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتِ حال کو اجاگر کرنے کے لیے آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
واپس کریں