دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام حریت رہنمائوں کو سزائوں کیخلاف مظاہرہ
No image لاہور( نمائندہ خصوصی ) کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام حریت رہنماؤں آسیہ اندابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو بھارتی عدالت کی جانب سے دی جانے والی سزاؤں کے خلاف  لاہورپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مختلف سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنماؤں، مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور ان سزاؤں کو غیر منصفانہ قرار دیا۔احتجاجی مظاہرہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما غلام عباس میر، مسلم لیگ ن ویمن ونگ کی جنرل سیکرٹری سابق پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر فرزانہ نذیر، انچارج کشمیر سبٹر انعام الحسن، رہنما محاذ رائے شماری آفتاب نازکی، معروف عالم دین علامہ فداءالرحمان حیدری اور ثاقب بٹ نے خطاب کیا۔
‎مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والے حریت رہنماؤں کو بھارتی عدالت کی جانب سے اس طرح سزائیں دینا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آسیہ اندابی اور دیگر حریت رہنماؤں کے خلاف فیصلوں پر نظرثانی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ کشمیریوں نے کبھی بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو تسلیم نہیں کیا۔ بھارت نے کشمیر پر غیرقانونی اور غیرآئینی قبضہ کررکھا ہے۔ چنانچہ بھارتی عدالتوں کو بھی کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ کشمیری شہریوں کے خلاف فیصلے صادر کریں۔ انھوں نے کہا کہ یاسین ملک کو بھی  نانہاد مقدمات کی آڑ میں سزائے موت دینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
یہ اقدام بھارت کے منہ پر مزید کالک ملنے کے مترادف ہوگا۔ یاسین ملک، آسیہ انداربی اور دیگر حریت رہنماؤں کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ اپنے وطن کی آزادی کے لیے آواز بلند کررہے ہیں۔ ان کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں۔ہم بھارت کے ان فیصلوں کو کسی صورت نہیں مانتے۔
مقررین نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انصاف، آزادی اور انسانی حقوق کے حق میں نعرے درج تھے۔

واپس کریں