دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
حمزہ یوسف کی لاش ورثا کے حوالے کروانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں
No image راولاکوٹ( رپورٹ۔ آصف اشرف) ایک اور کشمیری نوجوان کو در انداز قرار دے کر بھارتی فوج نے شہید کر کے نعش قبضہ میں لے لی۔ سول سوسائٹی اور ورثاء نے نوجوان کی نعش واپس کرنے اور قتل کی عالمی عدالت انصاف سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا محنت کش نوجوان کو بھارتی حکام نے عسکری گروہ کا لانچنگ آپریٹر جتلا دیا ریاست جموں کشمیر کو تقسیم کرنے والی خونی لکیر نے ایک اور نوجوان کی زندگی کا چراغ گل کر دیا۔ سیز فائر لائن پر واقع گاؤں مہلہ کھمباہ کے رہائشی محنت کش نوجوان حمزہ یوسف بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق حمزہ یوسف کوسٹر ڈرائیور چوہدری یوسف کا جوانسال بیٹا تھا جو اپنے والد کے ساتھ چوکی تا مہلہ روٹ پر چلنے والی کوسٹر گاڑی میں بطور کنڈیکٹر کام کرتا تھا۔ گزشتہ روز بھی وہ اپنے والد کے ہمراہ چوکی بازار آیا ہوا تھا۔
مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ روز سہ پہر تقریباً تین بجے کے قریب گھر واپسی کے بعد وہ اپنے گھر کے قریب، جو عین سیز فائر لائن پر واقع ہے، مال مویشیوں کی دیکھ بھال اور گھاس لانے کے لیے قریبی نالے کی طرف گیا۔ کچھ ہی دیر بعد علاقے میں مائن پھٹنے اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے مبینہ طور پر نوجوان کو نشانہ بنانے کے بعد اس کی لاش اپنی تحویل میں لے لی اور بعد ازاں مقبوضہ جنگھڑ نوشہرہ کے علاقے سے اس نوجوان پر دراندازی کی کوشش قرار دے کر اس کی نعش پر اسلحہ رکھ کر اسے میڈیا کے سامنے لشکر طیبہ سے بطور لانچنگ آپریٹر قرار دے دیا۔ بھارتی فوج کے وائٹ نائٹ کور کی جانب سے جاری بیان کو مقامی لوگوں نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ یوسف ایک غریب خاندان سے تعلق رکھنے والا بس کنڈیکٹر تھا اور اس کا کسی بھی ایسی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔بھارتی فوج کی کہانی من گھڑت ہے
سیز فائر لائن کے ملحقہ علاقوں کے باسیوں کے مطابق مال مویشی چرانا اور گھاس لانا ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہے، مگر سیز فائر لائن کے قریب معمولی سی لغزش بھی اکثر قیمتی جانوں کا خراج مانگ لیتی ہے اگر کوئی شخص غلطی سے چند قدم بھی سیز فائر لائن کے قریب یا اس پار چلا جائے تو اسے نشانہ بنایا جاتا ہے
اہلِ علاقہ نے اقوام متحدہ کے مبصر مشن اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس انسانیت سوز واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، بھارتی فوج کی مبینہ درندگی کی تحقیقات کی جائیں اور بے گناہ نوجوان حمزہ یوسف کی لاش ورثا کے حوالے کروانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں
واپس کریں