دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
ڈیجیٹل محاذ پر بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ اور نئی نسل کی مسئلہ کشمیر سے آگاہی اولین ترجیح ہے، سید شاہد محی الدین قادری
No image (راولپنڈی نامہ نگار) سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل سید شاہد محی الدین قادری نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے اور دشمن کے جھوٹے بیانیے کو شکست دینے کے لیے لبریشن سیل ایک نئی اور جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر سنٹر راولپنڈی کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان نے انہیں ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ انچارج ڈیجیٹل میڈیا نجیب الغفور خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجہ راشد رضا اور دیگر بھی موجود تھے۔
سید شاہد محی الدین قادری نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا ایک مؤثر ہتھیار ہے جس کے ذریعے بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ادارے کے سوشل میڈیا کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر 24 گھنٹے متحرک رہ کر 200 سے زائد طلباء، وکلاء، صحافیوں، حریت رہنماؤں اور وزراء کرام کے ویڈیو کلپس تیار کر کے عالمی سطح پر بھارت کو ایکسپوز کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سیکرٹری لبریشن سیل نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور حقِ خودارادیت سے روشناس کروانے کے لیے آزاد کشمیر کی تمام یونیورسٹیز، کالجز اور اسکولز میں سیمینارز، تقریری مقابلے اور ڈیجیٹل میڈیا ایورنیس ورکشاپس شروع کی جا رہی ہیں۔ ان ورکشاپس کے ذریعے نوجوانوں کو ای-لابنگ (E-Lobbying) کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ ڈیجیٹل محاذ پر تحریکِ آزادی جموں و کشمیر کا مقدمہ لڑ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کو محصور کر کے ان کی آواز دبانا چاہتا ہے، لیکن لبریشن سیل کے تمام شعبہ جات ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے عالمی برادری کو اس ظلم کا نوٹس لینے پر مجبور کریں گے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سوشل میڈیا پیجز کے ذریعے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی دستاویزی شہادتیں زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ کشمیریوں کی جدوجہد کو عالمی سطح پر مزید تقویت مل سکے
واپس کریں