دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اُلٹی ہوگئیں مودی سرکار کی سب تدبیریں
محمد ریاض ایڈووکیٹ
محمد ریاض ایڈووکیٹ
امریکی نائب صدر کی بھارت یاترہ کے دوران پہلگام واقعہ کے چند لمحات گزرتے ساتھ مودی سرکار نے روائتی ڈرامہ بازیوں کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے فی الفور پاکستان پر الزامات تھوپ دیئے۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ جب بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے خود ساختہ سانحے بھرپا نہ کئے ہوں۔ بھارتی فالس فلیگ آپریشن کی تاریخ بہت پُرانی ہے۔ جنوری 1971 میں انڈین ایئرلائنز کا ایک طیارہ اغواء ہوا تو بھارت نے فوراً پاکستان پر الزام لگا کر اس کی مشرقی پاکستان کے لیے فضائی پروازوں پر پابندی عائد کر دی۔ ا مریکی صدر بل کلنٹن کے بھارتی دورے کے دوران مقبوضہ کشمیر میں سکھوں کا قتل عام ہوا، چند عرصے بعد یہ واقعہ بھارتی فورسز کی کارستانی ثابت ہوا، جس کا مقصد کلنٹن دورے کے دوران پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔ سال 2001بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ ہوا۔ اس واقعے کو بھارت نے سرحد پر فوجی نقل و حرکت اور جنگی ماحول پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا۔ سال 2007 سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکوں کے نتیجے میں پاکستانیوں کی اکثریت سمیت 60سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ اس کا الزام بھی پاکستان پر لگا یا گیالیکن بعد میں بھارتی ہندو شدت پسند تنظیموں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے۔ دسمبر 2015 میں مودی کے اچانک پاکستان دورے کے بعد جنوری 2016 میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملہ کیا گیا۔ جبکہ تحقیقات سے یہ واقعہ پاکستان اور بھارت کے سفارتی روابط کو سبوتاژ کرنے کی سازش ثابت ہوا۔ 2019 پلوامہ میں دھماکے میں 40 بھارتی اہلکار مارے گئے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پر پیش آیا جب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کے دورے پر آنے والے تھے بعد ازاں تحقیقات نے بھارت کے اس پروپیگنڈے کو بھی جھوٹا ثابت کیا۔
پہلگام فالس فلیگ واقعے پر بھارتی پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر نے مودی سرکار کا جھوٹ بے نقاب کردیا۔ پہلگام پولیس اسٹیشن، واقعے کی جگہ سے 6 کلومیٹر دور ہے، ایف آئی آر کے مطابق پہلگام حملہ دن ایک بج کر 50 منٹ سے 2 بج کر 20 منٹ تک جاری رہا۔ حیران کن طور پرصرف 10 منٹ بعد 2 بج کر 30 منٹ پر واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی، 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر درج ہونا پہلے سے طے منصوبے کا اشارہ دیتی ہے۔ ایف آئی آر میں طے شدہ منصوبے کے تحت نامعلوم سرحد پار دہشت گرد نامزد بھی ہو جاتے ہیں، ایف آئی آر کے مطابق مبینہ دہشتگردوں کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی جبکہ بھارتی حکومت اور میڈیا واقعے کے ٹارگٹڈ کلنگ ہونے کا جھوٹا راگ الاپتے رہے۔ دوسری جانب کشمیر کی عسکریت پسند تنظیم دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) نے بھارتی میڈیا پر پہلگام واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کردی۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ پہلگام واقعہ ٹی آر ایف سے منسلک کرنا بے بنیاد اور جلد بازی کا نتیجہ ہے، واقعے میں ٹی آر ایف کو ملوث کرنا کشمیریوں کی مزاحمتی تحریک کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم ہے۔
اندرون خانہ مودی سرکار کے اس ایڈوینچر کے برخلاف آوازیں اُٹھنی شروع ہوچکی ہیں۔ سکیورٹی اور انٹیلی جنس کی ناکامی پر کانگریس سمیت بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے مودی سرکار کو کٹہرے میں کھڑا کردیا اور اہم سوالات پوچھ لیے۔ کہ پہلگام حملہ کیسے ہوا؟ انٹیلی جنس کیسے ناکام ہوئی؟ دہشتگردوں نے اسلحہ کے ساتھ سرحد سے دو سو کلو میٹر دور پہلگام پہنچ کر حملہ کیا اور فرار ہوگئے، مگر یہ سب کچھ کیسے ہوگیا؟ 26 لوگوں کی موت کا ذمے دار کون ہے؟ کیا وزیر داخلہ استعفیٰ دیں گے؟ وزیر اعظم نریندر مودی حملے کی ذمہ داری قبول کریں گے؟ حملے کے وقت بھارتی سیکیورٹی فورسز اور اس سے پہلے انٹیلی جنس کہاں تھی؟ بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے کہا ہے کہ اگر بھارت پاکستان سے جنگ کرتا ہے تو بھارتی معیشت کا دس دن ہی میں بری طرح کچومر نکل جائے گا۔ جسٹس مرکنڈے کاٹجو نے کہا ہے کہ بھارتی جرنیل پاکستان کے ساتھ جنگ کے لیے بھارتی ٹی وی چینلز پر بکواس کر رہے ہیں، انہیں یہ بات سمجھنا ہو گی کہ دونوں ملک ایٹمی طاقتیں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع اگر پاکستان پر حملہ کرنا چاہتے ہیں تو یاد رکھیں پاکستان نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، پاکستان کے پاس بھی ایٹم بم ہے۔ بھارتی ریاست کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ سیکیورٹی کی ناکامی ہے، پاکستان کے ساتھ جنگ کے حق میں نہیں ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی اعلی ترین سفارتکاری کی بدولت بھارت کومنہ کی کھانی پڑی کیونکہ پلوامہ حملے کے بعد جاری بیان کی طرح اس بار سخت زبان استعمال کرنے کی بھارت کی خواہش پوری نہیں ہوسکی، اور بھارت ہاتھ ملتا رہ گیا۔ مودی کے یار ٹرمپ نے بھی اس واقعہ پر اپنے ہاتھ کھڑے کردیئے ہیں اور کہا کہ یہ دونوں ممالک اپنے مسئلے خود حل کرلیں گے۔ بظاہر مودی سرکار کی تدبیریں اُلٹی ہوتی دیکھائی دے رہی ہیں۔
پاکستان نے پہلگام واقعے کے حقائق سامنے لانے کیلیے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ دنیا کا کوئی بھی غیرجانب دار ادارہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کرے، پاکستان بھرپور تعاون کرے گا، پاکستان اس ڈرامے کو بے نقاب کرنا چاہتا ہے۔ بھارتی گیدڑ بھبکیوں کے برخلاف پاکستانی سرکار کی جانب سے بھرپور جواب نے بھارتی سرکار کی بولتی بند کردی ہے۔ بھارتی ریاست یہ بات بخوبی جانتی ہے کہ پاکستان کسی صورت آسان ترنوالہ نہیں ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان ایک تسلیم شدہ ایٹمی طاقت اور میزائل ٹیکنالوجی سے لیس ریاست ہے اور بھارتی ممکنہ حملے کا بھرپورجواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
واپس کریں