دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیراعلیٰ پنجاب کے بااعتماد ایڈمنسٹریٹر خالد جاوید گورائیہ نے وہاڑی کا چارج سنبھال لیا‎
ساجد الرحمن
ساجد الرحمن
ضلع وہاڑی میں ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی تعیناتی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس غیر متزلزل عزم کا حصہ ہے جس کے تحت صوبے میں باصلاحیت، ہمہ وقت متحرک اور عوام دوست انتظامی ٹیم تعینات کی جا رہی ہے۔ اپنی منظم انتظامی صلاحیتوں اور کمیونٹی فریینڈلی طرزِ حکمرانی کے باعث خالد جاوید گورائیہ نے نہ صرف صوبائی قیادت کا مکمل اعتماد حاصل کیا ہے بلکہ عوام میں بھی ان کی تعیناتی پر گہری توقعات پائی جاتی ہیں۔ میانوالی میں بطور ڈپٹی کمشنر ان کی کارکردگی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے ماڈل کی بہترین مثال تھی۔ صحت کے شعبے میں بہتری، دیہی مراکز میں ادویات کی دستیابی یقینی بنانا، رکے ہوئے منصوبوں کو دوبارہ فعال کرنا، سکولوں کی بہتری اور فلڈ ریلیف آپریشنز کی خود نگرانی یہ تمام اقدامات اس وژن کا حصہ تھے جس میں شفافیت، ہمدردی اور فوری عملدرآمد کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ان کی فیلڈ موجودگی اور تیز کارکردگی نے ایک ایسا معیار قائم کیا جسے آج بھی میانوالی کے شہری یاد کرتے ہیں۔ وہاڑی کا چارج سنبھالتے ہی خالد جاوید گورائیہ نے وزیراعلیٰ کے ایجنڈے کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیا۔ پہلے ہی دن انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ تفصیلی میٹنگز کیں اور واضح ہدایات دیں کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے جاری کردہ اصلاحاتی پروگراموں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں، بلدیاتی امور، صفائی کی صورتحال، صحت کی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رفتار کو تیز اور نگرانی کے نظام کو سخت بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے مسائل براہِ راست سننے کو خصوصی اہمیت دی۔ انہوں نے عوام سے ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل دریافت کیے اور یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق اب ضلعی انتظامیہ حقیقی معنوں میں عوام کے دروازے پر خدمات پہنچائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی، ویسٹ مینجمنٹ، سٹریٹ لائٹس اور شہر کی مجموعی خوبصورتی وزیراعلیٰ کے "ستھرا پنجاب" مشن کا اہم حصہ ہے اور وہاڑی میں اس پر فوری اور نمایاں بہتری لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت صحت کے شعبے کو اولین ترجیح دیتے ہوئے کلیدی ہسپتالوں کے ابتدائی دورے کیے گئے۔ ان کے معائنے نے اس عزم کو نمایاں کیا کہ شہریوں کو باوقار، معیاری اور مسلسل صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کا بنیادی مشن ہے۔ ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز کی حاضری، سٹاف ڈسپلن اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہاڑی، جو زرعی اعتبار سے پنجاب کا اہم ضلع ہے، اس وقت نئے مواقع اور امیدوں کے دوراہے پر کھڑا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن اور خالد جاوید گورائیہ کے تجربہ کار، فعال اور ثابت شدہ انتظامی انداز کے ساتھ ضلع میں ایک نئے ترقیاتی سفر کی شروعات ہو رہی ہے۔ ان کا پہلا دن اس بات کا اعلان تھا کہ اب گورننس نہ صرف نظر آئے گی بلکہ فوری، منظم اور عوامی توقعات کے مطابق ہوگی۔ عوام کی امید واضح ہے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف راستہ متعین کر رہی ہیں، اور خالد جاوید گورائیہ اس وژن پر زمینی سطح پر عملدرآمد کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ وہاڑی بلاشبہ ایک نئے، روشن اور ترقی یافتہ دور کی جانب بڑھ رہا ہے۔
واپس کریں