دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اگر آپ کو معاشی ترقی چاہیے !!
 شرافت رانا ایڈووکیٹ
شرافت رانا ایڈووکیٹ
پاکستان کا مسئلہ آج معیشت کی کامل تباہی ہے ۔ تسلیم کیجیے کہ ایس آئی ایف سی اور گرین انیشیٹو تباہ و برباد ہو چکے ہیں ۔ سی پیک کو آپ نے جلا کر خاکستر کر دیا ۔ جی ایس پی پلس سٹیٹس کا فائدہ نہیں لے سکے ۔
وجہ پٹرول ، گیس ، بجلی پر ٹیکس لگا کر اسے بین الاقوامی قیمت سے زیادہ پر مارکیٹ میں فروخت کرنا ۔ جس سے انڈسٹری اور زراعت بین الاقوامی لاگت کا مقابلہ نہیں کر پا رہی ۔ زراعت میں آپ نے جعلی کھاد ۔ بیج ۔ اور زرعی ادویات بیچنے والے کارٹل کو 2014 سے گود میں لیا ہوا ہے ۔ جس کی وجہ سے پیداوار میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے اور جب فصل تیار ہوتی ہے تو آپ کسان کو اس کی مارکیٹ ویلیو لینے میں مزاحمت کرتے ہو ۔
حکومت مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کی بجائے ، پیسے کو بازار میں آنے سے روکنے کے اقدام کر رہی ہے ۔ جب تک آپ کے بازار میں پیسہ گردش نہیں کرے گا ۔ معیشت کس طرح بہتر ہوگی اور ٹیکس کے وصولی کو کس طرح بڑھایا جا سکتا ہے ۔
جب بھی آپ ٹیکس کی شرح میں اضافہ کرتے ہیں ۔ تو ٹیکس کی وصولی کم ہوتی ہے ۔ اسی طرح جب آپ نے ٹریفک کی جرمانے زیادہ کر دیے تو وصولی بالجبر تو ممکن ہے ۔ جیسا لاہور میں موٹر سائیکل والوں سے کی جا رہی ہے ۔ لیکن مہنگے جرمانہ پر اور مہنگے ٹول ٹیکس پر آپ کی موٹروے ویران اور برباد ہو گئی اور این ایچ اے خسارہ میں چلا گیا ۔
یہ سب باتیں صوبائی حکومت کے کسی پالیسی کی وجہ سے نہیں ہوئی ہیں ۔
ان سب ناکامیوں کے پیچھے وفاقی حکومت کا ایک ایسا نظام ہے ۔ جسے 2013 14 میں پیپلز پارٹی عوام اور جمہوریت کو قتل کر کے نافذ کیا گیا تھا اور جسے چلانے کی ذمہ داری اور کامل اختیار خاکی اور غیر خاکی بیوروکریٹ کے ہاتھ میں ہے ۔
آج 50 سال کے بعد بھی آپ سمجھیں کہ نواز شریف شہباز شریف مریم نواز عمران خان اسد عمر اور اسی قبیل اور
قماش کے لوگ راجنیتی اور گورننس کو سمجھتے ہیں ۔ معیشت کو سمجھتے ہیں ۔ یہ لوگ دو لاکھ روپے روزانہ سیلز والی کسی کریانہ کی دکان کو چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے ۔ جنہیں آپ سمجھتے ہیں کہ وہ دو ارب ڈالر روزانہ خرچ کرنے والے ریاست کو چلا لیں گے ۔
اس صورتحال کا جو نیا حل سوچا جا رہا ہے وہ ہے کہ بیوروکریسی کی تعداد کو ملٹی پلائی کر دیا جائے ۔
یعنی اگر 50 ہزار بیوروکریٹ پاکستان کو ناکام کر رہے ہیں تو صوبوں میں ان کی تعداد پانچ لاکھ کر دی جائے تاکہ وہ جی بھر کر اس خطہ کو تباہی اور بربادی کے ایک ایسے مقام پر پہنچائیں جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو ۔
لیکن کیا کیجیے مفاد تو مفاد ہوتا ہے ۔ عوامی مفاد کے مقابلہ میں سرکاری مفاد زیادہ اہمیت رکھتا ہے اور سرکاری افسر اگر آپ منتخب ہو گئے ہیں ۔ کسی بھی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے آپ کو وہاں پر بیٹھنے کا موقع دے دیا ہے تو پھر عقل فہم شعور اور فیصلہ کرنے کی اتھارٹی بھی آپ ہی کو استعمال کرنی ہے ۔ خواہ آپ فیلڈ مارشل ہو ڈی جی ائی ایس پی ار ہو یا ڈی جی انٹیلیجنس ایجنسی ہو جائیں ۔ آپ ہی عقل کل ہیں اور آپ ہی کو فیصلہ کرنا ہے کہ آپ نے ملکوں کو کہاں پہنچانا ہے ۔
اگر آپ کو معاشی ترقی چاہیے ۔ خوشحالی چاہیے اپنے بچوں کے لیے پاکستان میں رزق چاہیے تو یقین کیجیے آپ کو بیرکس جانا ہوگا ۔
اس کے علاوہ باقی سب ٹوٹکے دھوکہ ہیں جھوٹ ہیں فراڈ ہیں جتنی دیر آپ فراڈ اور خواب میں ملک چلانے کے لیے اچھل کود کرتے رہیں گے ۔ بربادی اور تباہی ملٹی پلائی ہوتی جائے گی ۔
اور اگر یہ بات آپ کو سمجھ نہیں آتی ہے ۔ تو سب سے بڑا پیٹ آپ کا ہے ۔ سب سے زیادہ وسائل آپ استعمال کرتے ہیں ۔ سب سے زیادہ چوٹ بھی آپ کو لگے گی ۔
مجھے یہ معلوم ہے کہ آپ کے بچے بیرون ملک ہیں ۔ ترقی یافتہ ممالک میں ہیں ۔ لیکن جب پاکستان کی معیشت خراب ہوگی ۔ تو یقین کیجئے نواز شریف کے بچوں کی طرح لندن میں بیٹھے آپ کے بچے بھی دیوالیہ ہو جائیں گے ۔ کیونکہ آپ میں اور ان میں کما کر کھانے کی صلاحیت نہیں ہے آپ چوہے ہیں ۔ ملک کو کتر کر کھا سکتے ہیں کما کر نہیں کھا سکتے ۔
واپس کریں