آزادکشمیر کی عدلیہ کے ساتھ مذاق بند کیا جاے۔راجہ فاروق حیدر

(مظفرآباد ۔نامہ نگار)سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی عدلیہ کے ساتھ مذاق بند کیا جاے۔
مستقل بنیادوں پر چیف جسٹس ہائیکورٹ کی تقرری کی منظوری ہونے کے بعد قائمقام چیف جسٹس کے طور پر نوٹیفیکیشن عدلیہ کی تضحیک ہے۔
تمام بار ایسوسی ایشنز آزادجموں کشمیر بار کونسل کو اس معاملے پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے کشمیر کونسل اسلام آباد میں بیٹھے ہوے حضرات نا جانے ایسے کام کیوں کرتے ہیں کہ جس سے آزادکشمیر میں شکوک و شہبات پیدا ہوں ایسی ہی حرکات کی وجہ سے پہلے ہی نظریاتی طور پر بہت نقصان ہو چکا ہے۔ یہ خطہ اب ایسی کسی نظریاتی تخریب کاری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
اپنے ایک بیان میں راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیر کونسل کا یہ پرانا طریقہ کار رہا ہے کہ آزادکشمیر کے ججز پر تلوار لٹکائے رکھے اور ان معاملات کو التوا میں رکھے اس طرز کے معاملات سے اسلام آباد اور مظفرآباد کے رشتوں کو کمزور کیا جارہا ماضی میں بھی ایسی متعدد مثالیں ہیں جس کے تحت قائمقام رکھ کر اپنے مطلوبہ مقاصد کے حصول کی کوشش کی جاتی رہی۔ ایسے ہی ایک مرتبہ سات سال تک سپریم کورٹ کے اندر مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی نہیں کی گئی۔
واپس کریں