بھارت سرکار اپنے عوام کی آنکھوں میں مسلسل دھول جھونک رہی ہے۔ امتیاز نسیم

راولپنڈی۔نامہ نگار) عالمی برادری کو مودی سرکار کے ایجنڈے اور خطے کے امن پر اس کے مہلک اثرات کا ادراک کرنا ہوگا۔ 10 مئی کو آپریشن ’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘ کے ذریعے پاکستانی مسلح افواج نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ ۔ان خیالات کا اظہار وزیر برائے جموں و کشمیر لبریشن سیل امتیاز نسیم نے جموں و کشمیر لبریشن سیل (نیشنل کوارڈینیشن ونگ) کے زیر اہتمام ای۔ لائبریری راولپنڈی میں ایک خصوصی لیکچر سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں راولپنڈی اسلام آباد کی جامعات کی طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر معروف مصنف اور تجزیہ نگار میجر ریٹائرڈ مشتاق سدوزئی نے بحیثیت گیسٹ سپیکر شرکت کی، جبکہ میجر گل، ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان، سردار ساجد محمود، نجیب الغفور خان، محترمہ نورین بٹ ، انچارج ای۔ لائبریری حکومت پنجاب ملک طاہر اعوان، ملک آصف اعوان، قاری انوار الحق راجہ راشد رضا، سید ضمیر الحسن نقوی اور دیگر موجود تھے ۔ خصوصی لیکچر کی نظامت کے فرائض انچارج ڈیجیٹل میڈیا نجیب الغفور خان نے ادا کئے۔ محترمہ امتیاز نسیم نے کہا کہ مودی سرکار نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور اپنی ضد اور ہٹ دھرمی کو نہ چھوڑا تو یہ راستہ تباہی اور بربادی کا راستہ ہے ۔ کشمیریوں کی تیسری نسل اب جوان ہو چکی ہے وہ اپنے آبا ؤ اجداد کے راستے پر گامزن ہو کر آزادی کی منزل حاصل کرنے کے لئے بے تاب ہے ۔یہ بھی حقیقت ہے کہ بھارت سرکار اپنے عوام کی آنکھوں میں مسلسل دھول جھونک رہی ہے اور انہیں احمق بنا کر اپنا جنگی جنون پورا کر رہی ہے۔ نریندر مودی جیسا شخص دراصل عالمی دہشت گرد ہے جو لاکھوں کشمیریوں کا قاتل ہے اور کشمیر کے اندر ہونے والے مظالم کا ذمہ دار ہے۔ اہل کشمیر اس قاتل شخص کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔
میجر ریٹائرڈ مشتاق سدوزئی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورِ حکومت میں جس طرح ہندوتوا نظریے کو پروان چڑھایا جارہا ہے اس سے نہ صرف بھارتی معاشرہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے گا بلکہ بی جے پی حکومت کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو جائے گی۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ آج بھارت کے اندر سے ہی یہ آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ اگر بھارت نے نسل پرستی اور نفرت پر مبنی ہندوتوا نظریے کے تحت مسلمانوں اور اقلیتوں پر مظالم جاری رکھے تو وہ اندرونی خلفشار کا شکار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت اب ڈھکی چھپی نہیں کہ مودی حکومت نہ صرف مسلمانوں بلکہ دیگر اقلیتوں کو بھی حقوق دینے کو تیار نہیں۔ ہندوتوا کے حوالے سے نریندر مودی کے غیر ذمہ دارانہ بیانات ہمیشہ سے تشدد اور بے چینی کو ہوا دیتے رہے ہیں۔ پھر بھارت نے جس طرح مقبوضہ کشمیر کو اپنی جاگیر سمجھ کر وہاں قبضہ کیا ہوا ہے اور جس طرح مسلمانوں پرمظالم ڈھا رہا اور ان کی نسل کشی کر رہا ہے یہ ہندوتوا پالیسیوں کا عملی مظاہرہ ہے۔ مشتاق سدوزئی نے کہا بھارت مودی کی سربراہی میں مقبوضہ کشمیرمیں بھی ہندوتوا ذہنیت کو پھیلارہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر طلباء و طالبات کے سوالات کے جوابات بھی دئیے گئے جس کو طلباء نے سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی نشستیں ان کے علم میں اضافے کا سبب بنتی ہیں ۔ آخر میں راجہ خان افسر خان ڈائریکٹر نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لبریشن سیل وزیراعظم اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی ہدایت کی روشنی میں نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے شمس توحید عباسی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راولپنڈی اور محمد طاہر اعوان انچارج ای۔ لائبریری اینڈ یوتھ سنٹر لائبریری کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
واپس کریں