دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
فیلڈ مارشل کا کشمیر پر کوئی مفاہمت نہ کرنے کا اعلان
No image فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پانی پاکستان کی ریڈلائن ہے اور 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دینگے۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز مختلف جامعات کے وائس چانسلرز‘ پرنسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔ میں آج جو کچھ بھی ہوں‘ اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی وجہ سے ہوں۔ پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم ایک آہنی دیوار بن کر سامنے آجائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے گرا نہیں سکتی۔
فیلڈ مارشل نے دوٹوک الفاظ میں باور کرایا کہ کشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں۔ ہم کشمیر کو کبھی بھول نہیں سکتے۔ ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔ پاکستان ہندوستان کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کریگا۔ سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلہ کو دبانے کی کوشش کی ہے مگر وہ ناکام ہو چکا ہے۔ اب اس مسئلہ کو دبانا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے باور کرایا کہ دہشت گردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا ہوا ظلم اور تعصب پسندی ہے جبکہ کشمیر ایک عالمی سطح کا مسئلہ ہے۔ بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں‘ ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے قانون کے مطابق آئین کے تحت بغیر کسی سیاسی دبائو اور ذاتی فائدے کے‘ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں اور جو کوئی بھی ریاست کو کمزور کرنے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے‘ اسکی نفی کی جائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کے ساتھ اس نشست میں شرکاء نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ جو محفوظ دھرتی ہے‘ اسکے پیچھے وردی ہے۔ ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
واپس کریں