
ایک طرف مودی سرکار اور اس کا گودی میڈیا مسلسل جھوٹ بول کر خطے میں جنگی ماحول پیدا کررہا ہے۔ دوسری جانب اسی جنگی ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے حکمران طبقات نے آج ملٹری کورٹ کو جائز قرار دے دیا یے۔ یعنی ایک طرف عوام کو یکجہتی کی گولی دی جارہی ہے جبکہ دوسری جانب عوام کو کنٹرول کرنے کے لئے ان کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں۔
میں پہلے لکھ چکا ہوں کہ حالیہ لڑائی کی بنیاد ہندوستان کا خطے میں تبدیل ہوتا ہوا کردار ہے۔ اندرونی طور پر ظلم ہر ملک میں موجود ہے لیکن خارجی پالیسی کا انحصار عالمی اور علاقائی geopolitics پر ہوتا ہے۔ ہندوستان پچھلے 20 سالوں سے امریکہ کے ساتھ مل کر ایشیا کا چودھری بننے کی کوشش کررہا ہے۔ اس میں اسے امریکی مدد کے ساتھ ساتھ اسرائیلی حمایت بھی حاصل ہے جس کے زریعے وہ اپنا تسلط قائم کرنا چاہتا ہے۔ ماضی میں امریکہ کے لئے فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار پاکستان نے بھی نبھایا تھا (اور اب بھی ریاست کی کئی پرتوں میں اس کے لئے حمایت حاصل ہے) لیکن خطے اور پاکستان کے لئے اس کے نتائج بدترین ثابت ہوئے۔
ہندوستان کی بھی امریکی پشت پناہی کے ساتھ خطے کا اسرائیل بننے کے خواب علاقائی تباہی کے ساتھ اپنی عوام کے لئے بھی بوجھ بنے گا۔ امریکہ کے ساتھ حال ہی میں کی گئی 10 سالہ سٹریجیکٹ پارٹنرشپ خطے کے تمام ممالک، بشمول پاکستان، بنگلہ دیش اور چین، پر یہ دباؤ ڈالے گی کہ وہ بھی اپنی دفاعی صلاحیت بڑھائیں۔ افسوس کہ ایسے وقت میں جب ہمیں انسانیت کے سانجھے مسائل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے، ہمارا خطہ ایک بار پھر جنگی جنون کا شکار ہوجائے گا۔ اسی وجہ سے ہندوستان کے موجودہ کردار کو میں خطے می سب سے خطرناک رجحان سمجھتا ہوں جو علاقائی تضادات کو بڑھائے گا۔
لیکن یہ یاد رکھیں کہ بیرونی دشمن کی آڑ میں ان حکمرانوں کی اصلی جنگ اپنے ہی عوام کے ساتھ ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ اسی رجحان کی طرف اشارہ ہے۔ جنگ کے ذریعے ہی معدنیات سے کھیتوں تک اور پہاڑوں سے سمندروں تک قبضہ گری کی جائے گی جبکہ اس کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو غدار کہا جائے گا۔ اس لئے آج بیرونی جارحیت اور امریکی منصوبہ بندی کے خلاف مزاحمت کے ساتھ ساتھ اپنے حکمران طبقات کے خلاف منظم ہونا بھی نہایت اہم ہے۔ جنہوں نے بار بار ہماری سالمیت کو سامراجی قوتوں کے ہاتھوں بیچا اور وطن پرستوں کی آوازوں کو دبایا، ان کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ عوام کو حب الوطنی یا غداری کے سرٹیفکیٹ جاری کریں۔
واپس کریں