واک اینڈ فٹنس گروپ کے زیرِ اہتمام شاندار جشنِ آزادی۔ اللہ داد صدیقی

اسلام آباد: واک اینڈ فٹنس گروپ کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کے سلسلے میں ایک شاندار، جاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گروپ کے اراکین نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ملک طارق حسین، صدر واپڈا ٹاؤن تھے۔ اس موقع پر سبز ہلالی پرچموں، ملی نغموں اور وطن سے محبت کے جذبے نے ماحول کو حب الوطنی کے رنگ میں رنگ دیا۔ شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
تقریب کو مزید یادگار بنانے کے لیے سینئر صحافی نثار چوہدری کی سالگرہ اور گروپ کے خوش مزاج اور ہر دلعزیز رکن قمر علی کی صحت یابی کی خوشی بھی بھرپور والہانہ انداز میں منائی گئی۔ شرکاء نے نثار چوہدری کو سالگرہ کی مبارکباد جبکہ قمر علی کو صحت یابی پر خراجِ تحسین اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کی نقابت کے فرائض صحافی و شاعر اللہ داد صدیقی نے انجام دیے۔ انہوں نے اپنی خوبصورت نظامت سے تقریب کے مختلف حصوں کو باہم جوڑتے ہوئے محفل کو گرمایا اور جشنِ آزادی کے حوالے سے اپنا تازہ کلام بھی پیش کیا، جسے شرکاء نے بھرپور داد و تحسین سے نوازا۔
اس موقع پر ملک ایوب صاحب، سرپرستِ اعلیٰ ملک اعظم، گروپ کے چیئرمین جاوید بھٹی گروپ ایڈمن آفتاب عالم خان، انجینئر راجہ اعجاز، ملک اکبر دین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے پاکستان کی آزادی کی اہمیت، قومی یکجہتی، صحت مند معاشرے کے قیام اور نوجوان نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ واک اینڈ فٹنس گروپ محض ورزش اور صحت کا پلیٹ فارم نہیں بلکہ باہمی محبت، خلوص، مثبت سوچ، سماجی رابطے اور قومی جذبے کو فروغ دینے والی ایک خوبصورت سرگرمی بھی ہے۔ صحت مند جسم، مثبت سوچ اور وطن سے محبت ہی ایک مضبوط اور خوشحال قوم کی بنیاد ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور سربلندی کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔
پاکستان زندہ باد! 🇵🇰
واک اینڈ فٹنس گروپ پائندہ باد!
واپس کریں